ہندوستان

کھاچرود: طلبہ و طالبات اور زندگی کے دیگر شعبے سے متعلق افراد کو اتحاد المسلمین ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام اعزاز سے نوازا گیا

 

کھاچرود، ایم پی 12 فروری( بصیرت نیوز سروس) اتحاد المسلمین اینڈ ویلفیئر سوسائٹی شہر کھاچرود کی جانب سے تعلیم کو بڑھاوا دینے کے لیے سال -2015 -16 ، -2016 -17 اور -2017 -18 میں دسویں، بارہویں، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور پروفیشنل ڈگری میں 70؍ فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کرکے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے والے ہونہار مسلم طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اعزازی تقریب منعقد کی گئی، جس میں دسویں اور بارہویں کے امتحانات میں نمایا کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو قاضی سید عبد الماجد ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔

پروگرام میں زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دینے والے عالم، حافظ، ٹیچر، ڈاکٹر، انجینئر، پولس، پٹورای، ریلوے ملازم اور دیگر میدانوں میں کام کرنے والے نوجوانوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
اور گذشتہ سال شہر میں لگائے گئے بِلڈ ڈونیشن (خون عطیہ) کیمپ میں اپنا بلڈ ڈونیڈ (خون عطیہ) کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوے ناگدہ اور کھاچرود کے قاضی، ڈاکٹر سید عروج احمد نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ: “اس ٹرسٹ کی جانب سے لگائے گئے بلڈ ڈونیڈ کیمپ میں مسلم قوم کے 313؍ افراد نے رجسٹریشن کراکے اپنا خون پیش کیا۔ جس کی مثال پورے صوبہ مدھیہ پردیش میں شاید نہ ملے۔ یہ بڑے فخر کی بات ہے اور اللہ نے آپ کے اندر یہ صلاحیت اور طاقت رکھی ہے کہ آپ لوگوں نے 264؍ یونٹ بلڈ ڈونیڈ کیا جو پورے علاقے میں کسی بھی سماج کی طرف سے کبھی نہیں کیا گیا۔ ہمیں انسانیت کو بچانے، اس کی مدد کرنے اور اپنے دیش کو بچانے کے لیے اسی طرح آگے آنا ہوگا؛ کیوں کہ ہم اس قوم کے لوگ ہیں جس کے ایک جوان ویر عبد الحمید نے سات پاکستانی ٹینکوں کو توڑ کر دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔ اور  ہمارے ایک سائنٹسٹ اے پی جے عبد الکلام نے میزائل بناکر دیش کی طاقت کو بڑھایا اور مسلم قوم کا نام روشن کیا ہے۔
قاضی صاحب نے امتحانات میں اچھے نمبرات سے کامیاب ہونے والے بچوں سے کہا کہ آپ کو اسی طرح کے کئی راستے پار کرنے ہوں گے ابھی منزل نہیں آئی ہے۔ اور آگے تک جاکر بتانا ہوگا کہ مسلم قوم کے پاس ہنر اور حوصلے کی کمی نہیں ہے۔

قاضی صاحب نے مسلم نوجوانوں کا یہ جوش و جذبہ دیکھ کر اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے ٹرسٹ کی جانب سے ایک بار پھر ان شاء اللہ بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا جائے گا۔

پروگرام کے مہمان خصوصی، مقامی ایم ایل اے، جناب دلیپ سنگھ نے اپنے افتتاحی کلمات میں سماج کے ہونہار بچوں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ آپ کو ملک اور قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے آگے آنا ہوگا اور اپنی محنت اور لگن سے ایجوکیشن کے میدان میں ترقی کرتے ہوے اعلی عہدوں تک پہنچ کر عوام کی خدمت کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔

پروگرام میں مہمان کے طور پر تشریف لانے والے مادھو یونیورسٹی اجین کے پروفیسر “برہم دیپ اَلو” نے تعلیمی میدان میں مسلم بچوں کے پیچھے رہ جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوے نوجوانوں کو تعلیم اور صحت کے متعلق بیدار کیا۔

دیگر مہمانوں میں سینیئر ماہر تعلیم شیام سندر بھٹ، ڈاکٹر نثار فاروقی (اجین)، کھاچرود نگرپالیکا کی چیئرمین محترمہ کملیش شرما، سانسد امیدوار انِل شرما، کمپنی کے سیکریٹری سنجے تیواری(ناگدہ) شامل ہیں۔

 شہر کھاچرود کے نوجوان تحصیلدار نارائن نندیڑا نے انعام پانے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوے ان کے مستقبل کی تعمیر کے لیے تعاون کا وعدہ کیا۔
پروگرام کی نظامت ایڈ صادق شاہ نے کی اور شکریہ کے کلمات سوسائٹی کے سیکریٹری حاجی سید فرمان نے کہے اور شہر کے دیگر معزز احباب ایڈ فرید خان پٹھان، ایڈ وزارت علی ہاشمی، سینیئر کانگریسی لیڈر عزیز پینٹر، وقف کمیٹی کے صدر سلیم پٹھان، لطیف کامریڈ، سلام خان، یوسف پہلوان، ناگدہ سے آئے ہوے چندر پرکاش چورڑیا اور بلاک گانکریس صدر گووند بھراوا نے بھی اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر کھاچرود اور قریبی شہر ناگدہ کے عوام کافی تعداد میں موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker