ہندوستان

نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ دہشت گردی کی بدترین مثال: مفتی محمد عفان منصور پوری

امروہہ: 15 مارچ (بی این ایس)آج جمعہ کی نماز کے وقت نیوزی لینڈ کے شھر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں سفید فام ، مسلح انسان نما درندے نے جس وحشانیت و بربریت اور دھشت گردی کا مظاھرہ کرتے ھوئے تقریبا پچاس نہتے نمازیوں کا خون بہایا ھے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ھے ۔

باری تعالی شھداء کو جنت کے اعلی مقامات عطاء فرمائے اور ان کے اھل خانہ ومتعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین اور جامع مسجد امروہہ کے امام و خطیب مفتی محمد عفان منصور پوری نے اپنے پریس بیان میں کیا. انہوں نے کہا کہ مسلمان اور دھشت گردی کو لازم و ملزوم جاننے والی عالمی میڈیا آنکھ کھو ل کر دیکھے کہ بے گناھوں کے خون سے مسجد کو رنگین کرنے والا کون ھے ؟ مسلمان ھے یا کوئی اور ؟اگر یہی حرکت کسی مسلمان نے کی ھوتی تو وھی میڈیا جس کو آج سانپ سونگھا ھوا ھے مسلمانوں کو دھشت گرد کہتے کہتے آسمان سر پر اٹھائے ھوتی ۔

مفتی منصور پوری نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ھے کہ اسلام دشمن یہودی نواز دنیا اس کو ایک حادثاتی واقعہ قرار دیتے ھوئے حملہ آور کے دماغی اعتبار سے معذور ھونے کا عذر لنگ پیش کرے گی اور مجرم و سفاک قاتل کی دھشت گردی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرے گی لیکن دنیا کے انصاف پسند طبقے کو اس بربرتا پر خاموش نہ بیٹھنا چاھئے اور متحد ھوکر نیوزی لینڈ حکومت سے مطالبہ کرنا چاھئے کہ وہ ظالم دھشت گردوں کو گرفتار کرکے جلد از جلد عبرتناک سزا دے اور اپنے ملک کے مسلم باشندوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرے۔

اس موقع پر مفتی منصورپوری نے مسلم دنیا کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ اس موقعہ پر دنیا کے مسلم ممالک کو بھی نیوزی لینڈ حکومت پر دباؤ بناکر دھشت گردوں کے خلاف مؤثر اور ٹھوس اقدامات پر آمادہ کرنا چاھئے ، اگر بر وقت حکومت کی طرف سے کارروائی نہ کی گئی تو سارے عالم کے امن کو خطرہ لاحق ھو سکتا ھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker