ہندوستان

انسانی بھائی چارہ اور امن و شانتی کے لئے

قرآن کریم کے تئیں بیداری پیدا کرنے کی اشد ضرورت: محمد اظہر مدنی
نئی دہلی: ۱18/مارچ(بی این ایس)
جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ سوسائٹی کے زیر انتظام چلنے والے جنوبی دہلی کے معروف و مثالی ادارہ معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم جیت پور، نئی دہلی سے فارغ ہونے والے حفاظ کی تکریم اور ان کے مابین تقسیم اسناد نیز شعبہ عربی کے طلباء کے درمیان ہونے والے خطابت و صحافت کے سالانہ مسابقہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اور عربی درجات میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے درمیان تقسیم انعامات کے لئے سالانہ اجلاس برائے تکریم حفاظ و تقسیم انعامات و اسناد کا انعقاد بتاریخ ۱۸؍مارچ ۲۰۱۹ء بروز سموار صبح ساڑھے نو بجے ہونے جارہا ہے۔اس اجلاس کی صدارت معروف عالم دین حضرت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند فرمائیں گے۔ اس اجلاس میں دین و ملت کی فکر رکھنے والے اور ملک میں قومی یکجہتی اور بھائی چارہ کے فروغ میں اہم رول ادا رکرنے والی عظیم دینی، علمی اور سماجی شخصیاتشریک ہوں گی جن میں ہمالیہ ڈرگس کے صدر ڈاکٹر سید فاروق صاحب، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی،آل انڈیامسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب نوید حامد صاحب، صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی کے امیر مولانا عبدالستار سلفی صاحب، مولانا شکیل میرٹھی صاحب مشہور واعظ، حافظ یوسف چھمہ نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند وغیرہم خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
اس کے علاوہ دہلی کی معروف و مشہور دینی و عصری درس گاہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، جامعہ اسلامیہ سنابل، جامعہ سید نذیر حسین دہلوی، جامعہ ریاض العلوم ، اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول سے بھی علمائے کرام اور دینی و علمی شخصیات شریک ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کہ تین سال قبل حفظ قرآن و قراء ت و تجوید کی معیاری تعلیم سے نونہالان ملت کو آراستہ کرنے کے لئے جنوبی دہلی کے علاقہ جیت پور میں معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس وقت شعبۂ حفظ و شعبۂ عربی میں تقریبا دو سو طلباء زیر تعلیم ہیں جن کی عمدہ اور معیاری تعلیم و تربیت کے لئے تجربہ کار باصلاحیت و محنتی اساتذہ کرام کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ الحمد للہ گزشتہ سال بیس حفاظ نے حفظ قرآن کریم کی تکمیل کی تھی۔ سابقہ سالوں کی طرح اس سال بھی شعبۂ حفظ و قراء ت سے فارغ ہونے والے طلباء کو اجلاس عام میں مقتدر علمائے کرام کے ہاتھوں اسناد فراغت دی جانی ہے۔ علاوہ ازیں شعبہ عربی کے طلباء کے دوسرا تعلیمی سال کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پر نادی الطلباء کے تحت خطابت و صحافت کے سالانہ مقابلہ میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے مابین قیمتی انعامات کی تقسیم ہونی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق آج بتاریخ ۱۷؍مارچ ۲۰۱۹ء بروز اتوار بعد نماز عصر جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ اور اس کے ماتحت چلنے والے ادارے کی اہم میٹنگ المرکز الاسلامی الثقافی الہندی للترجمۃ والتالیف کے سیمینار ہال میں جامعہ ازہر ہندیہ دہلی کے رئیس اور اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی کے زیر صدارت منعقد ہوئی۔اس موقع پر صدر محترم نے کہا کہ ضررورت اس بات کی ہے کہ قرآن کریم کو ہم اپنی زندگی میں مکمل طور پر نافذ کریں،یہی وہ کتاب ہے جو قومی یکجہی، اخوت و بھائی چارگی کا پیغام دیتی ہے اور جن لوگوں نے اس عظیم کتاب کی تعلیمات کو اپنے گلے سے لگایاان کی زندگی بدل گئی ، وہ جہاں جہاں بھی گئے امن و آشتی کا پیغام لے کر گئے ،اس وقت انسانی بھائی چارہ اور امن و شانتی کے لئے قرآن کریم کے تئیں بیداری پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ موجودہ زمانے میں جس طرح سے تمام میدان میں مسابقے منعقد کئے جاتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ قرآن کریم کے مسابقے زیادہ سے زیادہ منعقد کئے جائیں اور شرکاء کی زیادہ سے زیادہ ہمت افزائی کی جائے تاکہ قرآن کریم کے تئیں بیداری پیدا ہو ۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker