مسلم دنیا

کراچی : دارالعلوم کراچی کی 2گاڑیوں پرفائرنگ، تین افراد جاں بحق،مفتی تقی عثمانی محفوظ 

کراچی، 22 مارچ (بصیرت نیوز سروس / ایجنسیاں) آج پاکستان کے کراچی شہر میں فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے، تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سوئچ پھر آن ہوگیا، مملکتِ خداداد کے شہرِ قائد  میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے 2 واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ نیپا پل کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے دارالعلوم کراچی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے دارالعلوم کراچی کی ہی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں مفتی تقی عثمانی سوار تھے، فائرنگ کے نتیجے میں ان کا گارڈ جاں بحق ہوگیا؛ تاہم مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے۔
ترجمان دارالعلوم کراچی کا کہنا ہے کہ نرسری والی گاڑی میں مفتی تقی عثمانی سوار تھے؛ تاہم مفتی تقی عثمانی صاحب خیریت سے ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت عامر اور صنوبر خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جن گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی وہ گاڑیاں دارالعلوم کراچی کی ہیں ۔
واقعہ میں نائن ایم ایم پسٹل کا استعمال کیا گیا، جائے وقوع سے نائن ایم ایم پسٹل کے 9 خول برآمد ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں فائرنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو شہر کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مساجد کی سیکیورٹی بھی سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فائرنگ کے واقعات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایات کی ہے

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ مولانا تقی عثمانی گاڑی میں موجود تھے اور وہ خیریت سے ہیں، تاہم وہ زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ مولانا مفتی تقی عثمانی کا تعلق بھی جامعہ دارالعلوم کراچی سے ہے؛ جبکہ اس سے قبل نیپا کے علاقے میں فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی بھی جامعہ دارالعلوم کراچی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ چاروں اطراف سے ہوئی؛ لیکن اللہ نے مجھے محفوظ رکھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقہ کو گھیرے میں لے لیا گیا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker