ہندوستان

جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام اورنگ آباد میں جلسہ حالات حاضرہ و دینی تعلیمی بیداری مہم

ملک کے جمہوری نظام کو بچانے کے لئے سیکولر جماعتوں کا ساتھ دیں : مولاناندیم صدیقی

اورنگ آباد۔۱۵؍ اپریل ( پریس ریلیز) اس وقت ملک انتہائی نازک ترین دور سے گذر رہا ہے فرقہ پرست طاقتیں ملک کی صدیوں پرانی تاریخ اور گنگا جمنی تہذیب کوتباہ و بر باد کے در پے ہیں ،اور برسوں سے ساتھ رہ رہے عوام ہندو مسلم کے در میان نفرت کی بیج بو رہے ہیں جس کی وجہ سے آپسی بھائی چارگی سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہو نچ رہا ہے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے انسانیت کی بھلائی اور آئین ہند کی حفاظت کے لئے ہر ممکن کو شش کی جائے ،اور اس انتخاب میں مسلمان ملک کے جمہوری نظام کو بچانے کے لئے سیکولر جماعتوں کا ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہار کل گذشتہ جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صاحب نے جمعیۃ علماء ضلع اورنگ آباد کے زیر اہتمام علامہ اقبال بی ایڈ کالج اورنگ آباد میں منعقدہ اجلاس سے کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سترویں لوک سبھا کا یہ انتخاب بڑی اہمیت کا حامل ہے اس انتخاب میں اپنے ایک ایک ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہمارا مذہبی فریضہ ہے ۔اس وقت ہندوستان میں مسلمانوں کی جان و مال ،عزت و آبرو کے تحفظ اور اسلامی اقدار و شناخت مذہبی تشخص کی بقاء کے لئے واحد راستہ انتخابات میں ہمارا حق رائے دہی کا صحیح اور متحدہ استعمال ہے ۔اور سیاسی شعور اور بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسانیت نواز ہمدردقوم و ملت ،مسلمانوں کے حق میں خیر خواہی کے جذبات رکھنے والوں کو کا میاب بنائیں ۔ سیکولر پارٹیوں سے الگ رہ کر انتخاب لڑنے والے اور ووٹوں کو منتشر کرنے والوں سے ہو شیار رہیں ،اورفراست ایمانی سے کام لیتے ہوئے ملک کے آئین و دستور کے مطابق جمہوری نظام کے قیام میں اپنا کر دار ادا کریں۔
مہمان خصوصی مولانا عبد الشکور صاحب ناظم دعوۃ الحق اورنگ آباد نے دینی تعلیم کی اہمیت و ضرورت پر مفصل خطاب کرتے ہوئے فر مایا کہ آ ج اسلام مخالف طاقتیں نت نئے حربوں اور اسکیموں کے ذریعہ دین کی بنیادی باتوں سے ناواقف اور سیدھے سادھے مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جس کے روک تھام اور سد باب کے لئے کوشش کرنا ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے ۔مولانا حبیب الرحمن قاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء مراٹھوارہ ،قاری شمس الحق قاسمی صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑ ہ، مولانا عبد الجلیل تابش ملی صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ نے مشترکہ طور اپنے خطاب میں کہا کہ دین کی بقا کے لئے آنے والی نسلوں کو دین سے وابستہ رکھنا اِنتہائی ضروری ہے، اگر بچوں اور بچیوں کو بقدر ضرورت دینی تعلیم نہیں دی جائے گی تو اُن کا مستقبل دینی اعتبار سے روشن نہیں ہوسکتااس لئے ہمیں مکمل ذمہ داری کے ساتھ اس مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔
اجلاس کا آغاز قر آن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا،مولانا نظام الدین ملی صاحب نے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے تعارفی کلمات پیش کیا ،جمعیۃ لیگل سیل سکریٹری پٹھان تہور خان صاحب نے ملک کے مو جودہ حالات اور جمعیۃ کی جا نب سے ملک مختلف عدالتوں میں سیکڑوں بے گناہوں کے مقدمات کی پیروی اور اسکی موجودہ نو عیت پر روشنی ڈالی ۔مولانا معز الدین ندوی فاروقی صدر جمعیۃ علماء ضلع اورنگ آباد نے اجلاس کی کاروائی چلاتے ہوئے مہمان کرام اور شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا ء کیا ۔اس موقع پر جمعیۃ علماء ضلع اورنگ کے عہدیداران و اراکین با الخصوص جناب عبد الروف انجینر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع اورنگ آباد ،الحاج خلیل خان شہر صدر جمعیۃ علماء اور نگ آباد ،محبوب خان صاحب چیرمین بی ایڈ کالج اورنگ آباد ،نور الحمید قریشی ،ایم ڈی حافظ زبیر ،مولانا عبد الستار ملی ،شفیق بھائی و دیگر شریک تھے ،صدر اجلاس مولانا ندیم صدیقی صاحب کے دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker