ہندوستان

کل سے شروع ہوگا دیوبند کا تاریخی و روایتی میلہ

میونسپل بورڈ ہال میں منعقد میٹنگ میں معززین شہر سے لئے گئے مشورے، تمام تیاریاں مکمل

دیوبند۔۱۵؍ اپریل(ایس۔چودھری)شری تر پور ماں بالا سندری دیوی میلہ کے شاندار انعقاد کرانے کے سلسلہ میں میلہ کمیٹی اور شہر کی معزز شخصیات اور میونسپل بورڈ ممبران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے دوران میلہ کو شاندار طریقہ سے منعقد کرنے کے سلسلہ میں تجاویز اور مشورے لئے گئے۔ اس دوران میلہ کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ 17 اپریل کو میلہ کا شاندارانداز میں افتتاح کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دیوبند میونسپل بورڈ کے دفتر میں واقع میٹنگ ہال میں میلہ کمیٹی کی جانب سے ایک میٹنگ کاانعقاد کیا گیا، شری تر پور ماں بالا سندری دیوی میلہ کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں شہرکی معزز شخصیات کے علاوہ دیوبند کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ کی صدارت میونسپل بورڈ چیئرمین نے کی اس موقع پر انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ میٹنگ دیوی مندر میلہ کو پروقار انداز میں منعقد کرنے کے سلسلہ میں کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میلہ سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور طے شدہ تاریخ میں میلہ کو شاندار طریقہ سے منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ میلہ میں آنے والے عقیدت مندوں کے لئے مخصوص سہولیات مہیاکرانے کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضیاء الدین انصاری نے بتایا کہ میلہ پنڈال میں منعقد ہونے والے ثقافتی پروگراموں کو بھی پرکشش انداز میں منعقد کرائے جانے کے احکامات دئیے جا چکے ہیں۔ میلہ کمیٹی کے چیئرمین منوج سنگھل نے میلہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 17 اپریل کو میلہ کا افتتاح دسٹرکٹ مجسٹریٹ آلوک کمار پانڈے کے بدست عمل میں آئے گا۔ اس موقع پر دیوبنداسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے برجیش کمار سنگھ اور ایس ایس پی مہمان خصوصی ہوںگے۔ منوج سنگھل نے بتایا کہ اس مرتبہ میلہ کو باوقار بنانے کے لئے میلہ پنڈال کو واٹر پروف بنایاجارہا ہے اور گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں اس سال میلہ میں آنے والے لوگوں کو نئے انداز کے کھیل تماشے دیکھنے کو ملیں گے۔ ضلع پنچایت پریشد کے رکن ششی تیاگی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیوی مندر میں عقیدت مندخواتین کے لئے حفاظتی بند وبست نہایت چست درست انداز میں کئے گئے ہیں۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کے شہر صدر گجراج رانا اور شری ترپور ماں بالا سندری دیوی مندر کے صدردیوی شرن شرما نے بھی میلہ کو باوقار انداز میں منعقد کرانے کے لئے اپنی جانب سے متعدد صلاح ومشورے پیش کئے۔ مذکورہ میٹنگ میں میلہ کمیٹی کے رکن حاجی مستقیم،دھارا سنگھ، رابعہ امجد، محمد آصف، دیپک رانا، چودھری دلشاد، محمد اسلم، محمد عالم اور شاہنواز ملک وغیرہ موجود رہے۔
فوٹو: دیوبند کے تاریخی میلہ کے متعلق میونسپل بورڈ دفتر میں منعقد میٹنگ کامنظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker