ہندوستان

امت مسلمہ کے گوناگوں کا مسائل کی بنیادی وجہ قرآن کریم کے ساتھ وابستگی کا ختم ہونا

مدرسہ دارالعلوم ملامحمودمنگلورکے سالانہ اجلاس عام میں مقررین کاخطاب
منگلور(اتراکھنڈ):22؍اپریل( بی این ایس)
ضلع ہری دوارکے قصبہ منگلورکی معروف ادارہ مدرسہ دارالعلوم ملامحمودکے سالانہ اجلاس عام میں خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے معروف عالم مولانامحمدسلمان نقوی ندوی نے کہاکہ قرآن کریم ساری انسانیت کی ہدایت کے لئے نازل کیا گیا ،اللہ تعالی نے اپنے اس بے مثال کلام میں عجیب و غریب برکا ت رکھی ہیں ،اس کی تلاوت ،اس کی سماعت ،اس میں غور وفکر کرنا،اس کے معانی و مطالب کو سمجھنے کی کوشش کرنا، اس کی تعلیمات سے زندگیوں کو روشن کرنا ،اور اس کے بتائے ہوئے طریقہ کے مطابق زندگی گذارنا ہر اعتبار سے انسانوں کے لئے اس میں خیر وبرکات ،انقلاب اور کامیابی اور کامرانی ہے۔انہوںنے کہاکہ قرآن مجید ہر اعتبار سے انسانوں کے فائدہ اور نفع کا ذریعہ ہے ،خیر اور بھلائی ،اور برکات کا یہ چشمہ صافی ہے کہ جس سے انسان سیراب ہوتا رہے گا اور دنیا و آخرت کے خیر سے فیض یا ب ہوتے رہے گا ،اس کی جانب منسوب ہر چیز میں اللہ تعالی نے خیر رکھی ہے ،اور برکات کا ظہور ہوتا ہے ،اس کی تلاوت بھی نزول برکت کا ذریعہ ہے ،اس کا سمجھنا اور اس پر عمل کرنا اور اس کی تعلیمات کو پھیلانا یہ تمام برکات کے اترنے کا سبب ہے۔
ماہنامہ ارمغان پھلت کے مدیرمولاناوصی سلیمان ندوی نے کہاکہ قرآن کریم تمام انسانوں کے لئے ایک مکمل دستور اور منشور بھی ،اس میں اللہ تعالی نے تمام چیزوں کو بیان کیا ،قوموں کے عروج وزوال کو،فرماں برداروں کے انعام و اکرام کو ،اور نافرمانوں کے انجامِ بھی ،جنت کی نعمتوں کو ،اور جہنم کی تکلیفوں کو،کامیابی کے راستوں اور ناکامی کے کاموں کو،غر ض کہ قرآن کریم ہر اعتبار سے ایک جامع اور مکمل کتاب ہے ۔انہوں نے کہاکہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا معجز کلام ہے جس کا ایک ایک لفظ فصاحت و بلاغت کا آئینہ دار ہے۔ قرآن کریم کا بے تکلف طرز تخاطب انسان کے عقل و شعور کو جھنجوڑتا اور اللہ تعالیٰ کی بندگی پر آمادہ کرتا ہے۔ اس وقت امت مسلمہ کے گوناگوں کا مسائل کی بنیادی وجہ قرآن کریم کے ساتھ وابستگی کا ختم ہونا ہے جو کبھی مسلمانوں کا خاصہ ہوا کرتا تھا۔ ہمارے گھروں میں قرآن مجید تو موجود ہیں لیکن ان کو کھولنے کی زحمت کرنا ایک مشکل امر بن چکا ہے۔مولانامحمدعرفان ندوی(دارالعلوم ندوۃ العلماء )نے کہاکہ قرآن کریم تمام انسانوں کو حقیقی راستے کی طرف رہنمائی کرنے کے لئے نازل کیا گیا۔قرآن مجیدعظیم ایک بے مثال کتاب ہے ، اس کی عظمتوں اور رفعتوں کی کوئی انتہا نہیں ،ہدایت اور اصلاح ،انقلاب اور تبدیلی، ظاہر و باطن کی درستگی اور دنیا و اخرت کی تما م تر بھلائیوں اور کامیابوں کو اللہ تعالی نے اس میں جمع کر رکھا ہے ،علوم ومعارف ،اسرار وحکم کی تمام باتیں بیان کی گئی۔اجلاس کو مفتی معصوم قاسمی،مولاناسیدعبدالقادرقاسمی،مفتی ناصرالدین مظاہری،جمعیۃ علماء ہندکے ضلع صدرمولاناشرافت علی نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میںحفاظ کرام کی دستاربندی بھی کی گئی،وہیںغریب نوازایجوکیشنل اینڈچیری ٹیبل ٹرسٹ ومدرسہ دارالعلوم ملامحمودکے سہ ماہی ترجمان’’فانوس‘‘ کااجرابھی عمل میںآیا۔ اجلاس عام میںمہمانان معززکے طورمولانامحمداظفارخان، مولاناغفران انجم،مولانامظاہرانور،قاری ابوبکر،قاری زاہدحسن جامعی،مولانا ابوصفی قاسمی،حاجی محمدعرفان انصاری،ڈاکٹرمحمدشفیع الزماں، مولوی جابرعلی،وصال احمد،حافظ شیرعلی،قاضی مونس کاظمی، حافظ ابرارالحق خادم منگلوری،قاری محمدنظام الدین، قاری وسیم احمد،محمدعبدالخالق، محمدعبدالقادر، حافظ ساجد انصاری سمیت شہرکے دیگر معززین نے شرکت فرمائی۔

Tags

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker