آج کا پیغامجہان بصیرتمضامین ومقالات

اولاد کی تعلیم و تربیت کی فکر سب سے اہم ہے

آج کا پیغام - 28 اپریل، 22 شعبان المعظم

مولانا محمد قمرالزماں ندوی

مدرسہ نور الاسلام کنڈہ پرتاپگڑھ

 

حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہوا اور اپنے لڑکے کی نالائقی، سوء ادبی اور رنج و تکلیف دینے کی شکایت کی ، آپ نے لڑکے کو بلایا اور اس سے وجہ دریافت کی اور کہا کہ تو خدا سے نہیں ڈرتا باپ کا حق بہت بڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ :

امیر المومنین !

موافق حکم شریعت میرے ان پر خاص طور پر تین حق تھے : نام اچھا رکھنا۔ تعلیم دلانا ،اپنی شادی اچھی جگہ شریعت کے بتائے گئے طریقے کے مطابق کرنا ۔ کہ لڑکے کو کوئ طعنہ نہیں دے ۔ بحیثیت والد کے انہوں نے ان تینوں میں سے کوئ حق ادا نہیں کیا ۔ انہوں نے نہ ہی مجھے تعلیم و تربیت سکھلایا نہ میرا اچھا نام رکھا اور میرے لیے جو ماں کا انتخاب کیا وہ غلط انتخاب کیا وہ ایک حبشی، ناخواندہ اور غیر تربیت یافتہ عورت ہے ۔

امیر المومنین!

مجھے بتایا جائے قصور میرا ہے یا ان کا مجرم میں ہوں یا وہ ،غلطی پہلے ان کی ہے یا میری ؟ ۔

حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے لڑکے سے کوئ مطالبہ اور کسی طرح کا مواخذہ نہیں کیا ،اور اس شخص سے جو اپنے لڑکے کی شکایت لے کر آیا تھا فرمایا :

تم کہتے ہو میرا بیٹا ایذا اور تکلیف دیتا ہے ،حالانکہ تم نے اس کے ایذا و تکلیف پہنچانے سے پہلے اس کو تکلیف دے چکے ہو ۔ جاو میرے سامنے سے اٹھ جاو ۔

اللہ تعالٰی نے ہر مسلمان کو اولاد کے سلسلہ میں ایک ہمہ گیر و ہمہ جہت ذمہ داری دی ہے اور والدین کو مکلف بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی مکمل اسلامی تربیت اور نیک و صالح پروش کریں ۔جو مکارم اخلاق پر مبنی ہو ۔ اللہ تعالٰی کا ارشاد ہے :

اے لوگو ! جو ایمان لائے ہو بچاو اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیال کو اس آگ سے جس کا ایندھن آگ اور پتھر ہوں گے ۔

اللہ اور رسول کی اطاعت کے و تابعداری پر بچوں کی تربیت و پرورش کے سلسلہ میں والدین کی ذمہ داری کی اہمیت کا سب بڑا ثبوت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ قول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تمہاری اولاد جب ساتھ برس کی ہوجائے تو انہیں نماز کا حکم دو اور جب دس برس کی ہوجائے تو تنبیہ کرکے نماز پڑھاو ۔

گھر وہ پرورش گاہ ہے جہاں نوخیز نسلوں کے بال و پر نکلتے ہیں، وہ پہلا ماحول ہے جہاں ان کی پرورش و پرداخت ہوتی ہے ۔ وہ فضا ہے جس میں ان کے رجحانات و خیالات، مزاج و عادات اور شخصیت کی تکمیل ہوتی ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان سرسبز و شاداب کلیوں کی دیکھ ریکھ اور ان کی نگرانی کرنے ،یا انہیں نفع بخش غذا پہنچانے اور ان کی ہر طرح رہنمائی کرنے میں والدین کا کتنا عظیم کردار ہے ۔

سچائ یہی ہے کہ اگر والدین صحیح طریقے کو اختیار کریں اپنی اولاد کی کما حقہ دینی تربیت کریں اور ان کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں پہچانیں اور بحسن و خوبی انجام دیں تو لڑکے ان کے دشمن کیوں ہوں گے؟

لیکن افسوس کہ ہم میں سے زیادہ تر والدین اپنی اس ذمہ داری کا احساس کما حقہ نہیں کرتے ،ان کی تربیت سے جی چراتے ہیں اور غفلت برتتے ہیں ۔ جب بچے نیک صالح اور فرمانبردار نہیں بنتے تو پھر لوگوں سے شکوہ شکایت کرتے ہیں کہ بچے فرمانبردار نہیں نکلے ۔

آج ہم نے یہ پہاڑہ پڑھ لیا ہے کہ بچوں پر ان کے حقوق ہیں کیونکہ حدیث میں آیا ہے کہ تم اور تمہارا مال تمہارے باپ کے لئے ہے ۔ اس حدیث کو انہوں نے سند بنا لیا کہ بیٹے کی ساری کمائی والدین کی ہے ۔وہ ہمارا اپنا حق ہے ،جس کی ادائیگی بیٹے پر ضروری ہے لیکن شریعت نے خود والدین پر کیا کیا حقوق عائد کئے ہیں اس کا دھندلا سا تصور بھی نہیں آتا یا جان بوجھ کر اس سے پہلو تہی کی جاتی ہے۔

اس حقیقت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ ۰۰ روٹی دونوں ہاتھ سے بنتی ہے ۰۰ والدین پیدائش سے لے کر شعور کی عمر تک اولاد کے سارے حقوق ادا کریں اور بچہ منھ پر طماچہ مارے ؟ ایسا نہیں ہوسکتا،ضرور کہیں نہ کہیں خامی اور قصور ہے ۔تعلیم میں، تربیت میں، محبت میں، شفقت میں، بے جا اصرار یا یک طرفہ کوئی فیصلہ کرنے میں ۔ جس کی بنیاد پر اولاد کے دل و دماغ سے والدین کی محبت چھن گئی ہے اور محبت کے بجائے نفرت پیدا ہوگئی ہے ۔عموما اولاد کے نافرمان ہونے میں والدین کی کمی اور کوتاہی کا بہت دخل ہوتا ہے ۔ جس کی طرف ان کا ذھن نہیں جاتا ،ایسا اس لئے ہوتا ہے کہ ان کے ذھن میں یہ تصور ہوتا ہے کہ میرے ان پر حقوق ہیں اور اولاد کے حقوق بھول جاتے ہیں ۔

اوپر جس واقعہ کا ذکر ہوا اس میں ہم سب والدین گارجین اور سرپرستوں کے لئے سبق ہے کہ ہم سب اپنی اس اہم ذمہ داری کو سمجھیں اولاد کی تعلیم و تربیت کے سلسلہ میں بیدار اور چوکنا رہیں ۔ اللہ تعالٰی ہم سب کو ان باتوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker