ہندوستان

جامعہ عائشہ حمیرا نئی دہلی میں ختم بخاری کے موقع پر مفتی راشد اعظمی اور مولانا انوار خان قاسمی بستوی ایوارڈ سے سرفراز

مصطفی آباد، دہلی میں ختم بخاری کے موقع پر مفتی راشد اعظمی کو ‘خطیب العصر ایوارڈ’ اور مفتی محمد انوار خان قاسمی کو ‘وحید الزماں ایوارڈ’ سے سرفراز کیا گیا۔

نئی دہلی: 9مئی(پپریس ریلیز) گذشتہ اتوار ۵ مئی کو جامعہ عائشہ حمیرا، واقع مصطفی آباد، دہلی، نے اپنا سالانہ اختتامی اجلاس منعقد کیا۔ اس بابرکت اجلاس کے موقع پر ختم بخاری بھی عمل میں آئی۔ اس پروگرام میں شہر دہلی اور بطور خاص مصطفی آباد کے اعیان شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ دیوبند سے خطیب العصر، قامع بدعت، حامی سنت، ترجمان مسلک دیوبند، حضرت مولانا، مفتی راشد صاحب اعظمی دامت برکاتھم کو مدعو کیا گیا، اور حضرت نے اپنے کلیدی خطاب سے سامعین کو محظوظ فرمایا۔ دوران خطاب حضرت نے فرمایا کہ تعلیم نسواں اس وقت کی اہم ضرورت ہے، اور خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنا در اصل پورے سماج کو تعلیم سے آراستہ کرنا ہے کیوں کہ گھر کی اخلاقی تعمیر عورت ہی کی عمدہ ومعیاری تربیت پر منحصر ہے۔

اسی طرح سے اس پروگرام میں سر زمین دیوبند سے حضرت مولانا مفتی محمد انوار خان قاسمی بستوی، صدر اسلامک ریسرچ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ، ومینیجنگ ڈائریکٹر انڈوعرب ملٹی لنگول پرائیویٹ لمٹیڈ کو مدعو کیا گیا۔ موصوف نے اپنا خطاب علم کی اہمیت پر فرمایا اور اس مشہور حدیث کی تشریح کی جس میں حضرت عبد اللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعاليٰ علم کو اس طرح نہیں اٹھائے گا کہ اسے بندوں (کے سینوں) سے کھینچ لے بلکہ علماء کو اٹھا لینے سے علم کو اٹھا لے گا۔ اس کے بعد موصوف نے علم کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی۔

 

اس بابرکت موقع پر جامعہ کے مہتمم وبانی حضرت مولانا مفتی مقصود احمد قاسمی مکی صاحب نے حضرت مولانا مفتی راشد صاحب اعظمی دمت برکاتھم کو ‘خطیب العصر ایوارڈ’ سے نوازا جو کہ موصوف کی دینی ودعوتی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے شہنشاہِ خطابت، رئیس المتکلمین، امیرِ شریعت حضرت مولانا عطاء اللہ شاہ بخاری کی یادگار میں پیش کیا گیا۔ اسی طرح سے حضرت مولانا مفتی محمد انوار خان قاسمی بستوی کو اس موقع پر ‘وحید الزماں ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔ موصوف کو یہ ایوارڈ متعدد عربی اور انگریزی کتابوں کے ترجمہ کے لیے نیز ان کی گرانمایہ علمی اور ادبی خدمات کے لیے پیش کیا گیا۔ مفتی انوار کو یہ ایوارڈ وحید العصر، ادیب دوراں، امامِ لغت حضرت مولانا وحید الزماں قاسمی کیرانوی، سابق نائب مہتمم دار العلوم، دیوبند کی یاد گار میں بدست مفتی راشد صاحب اعظمی پیش کیا گیا۔

 

پروگرام نہایت تزک واحتشام کے ساتھ کئی گھنٹوں تک چلتا رہا۔ اور اخیرمیں اجلاس کی معزز ترین شخصیت حضرت مولانا مفتی راشد صاحب کے دعائیہ کلمات پر اختتام پذیر ہوا جس میں حضرت والا نے امت کے لیے فلاح وبہبود، اور پوری قوم کے لیے امن وآشتی نیز ہندوستان میں بھائی چارہ اور آپسی محبت کے لیے دعاء کی۔

 

اس اجلاس میں نظامت کے فرائض جناب حضرت مولانا جمیل اختر قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ضلع شمالی مشرقی دہلی نے انجام دئے۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker