ہندوستان

انڈیااسلامک کلچرل سینٹرمیں پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ورکشاپ کاافتتاح

نئی دہلی:11؍جون(پریس ریلیز)
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میںکالج کے طلبہ کے لئے منعقد ہونے والی 40روزہ پرسنالٹی ڈویلپمنٹ ورکشاپ کاآج افتتاح ہوگیا۔اس ورکشاپ کے لئے ایک ہزارسے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے پانچ سو امیدواروں کی درخواستیں منظور ہوئیں۔ان میں دوسو طالبات بھی شامل ہیں۔اس موقع پرانڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے نائب صدر ایس ایم خان اور دوسرے عہدیداروں نے مشہورپرسنالٹی ٹرینر محمد منورزماںکو پھول دے کر ان کا استقبال کیا۔انہوں نے اپنے تربیت یافتہ تین طلبہ سے اسٹیج پرکارکردگی کا مظاہرہ بھی کرایا۔ان میں ایک چار سالہ بچی انم سوہانہ بھی شامل ہے جس نے وقت کی اہمیت پر انگریزی میں شاندار تقریر کرکے سامعین کا دل جیت لیا۔انم سوہانہ خاص طورپراس پروگرام کے لئے اپنے والدین کے ساتھ حیدرآبادسے آئی ہے۔اس کے علاوہ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے مفتی عبدالحق نے بھی حضوراکرم ﷺ کی سیرت اور آپ کی صورت پاک کے تعلق سے ایک جامع تقریر کی۔واضح رہے کہ مفتی عبدالحق ندوی ہیں اور انہوں نے محض ایک مہینہ میں منور زماں کی کلاس لے کر یہ صلاحیت حاصل کی ہے۔
سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے سابق پریس سیکریٹری اور آئی آئی سی سی کے نائب صدر ایس ایم خان نے اس موقع پر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں جاری تعلیمی وتربیتی کاوشوں پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔انہوں نے ٹرینر منورزماں کے طریقہ تدریس کی ستائش کی۔انہوں نے طلبہ کو اے پی جے عبدالکلام کے بہت سے اقوال کی روشنی میں تفصیل کے ساتھ سمجھایا کہ ناکامی سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ مستقل عز م وہمت کے ساتھ کوشش جاری رکھنا چاہئے۔سیٹلمنٹ بورڈ کے چیرمین اور آئی آئی سی سی کے ٹرسٹی ابراراحمد(آئی آر ایس)نے کہا کہ سینٹر اب تک 15ہزار سے زائد نوجوانوں کی ہمہ جہت تربیت کرچکا ہے جو دنیا کے مختلف گوشوں میں کامیابی کی منزلیں طے کر رہے ہیں۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے چانسلر فیروز بخت احمد نے کہا کہ منورزماں حقیقی معنوں میں اپنے علم اور فن سے پوری دنیا کو روشن کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملت سازی میں اسلامک سینٹر کی یہ بہت بڑی خدمت ہے جسے تاریخ یاد رکھے گی۔ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن شاہانہ بیگم نے طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایک ہزار درخواست گزاروں میں سے ان کا انتخاب ہواہے اس لئے انہیں دلجمعی کے ساتھ اس کورس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔سیکریٹری بدرالدین خان نے تحریک شکریہ پیش کی اور منور زماں کے فن کو بے مثال قرار دیتے ہوئے طلبہ سے کہا کہ وہ اس موقع کا بھر پور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ کورس بہت مہنگا ہے اور اس پر سینٹر کا کافی صرفہ آتا ہے لیکن ہم کسی سے کوئی فیس نہیں لیتے۔واضح رہے کہ اس سال انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر نے کالج اسٹوڈینٹس اور علماء کے لئے الگ الگ سیشن کا اہتمام کیا ہے۔پروگرام کی نظامت صحافی اور اس پروگرام کے کوآرڈنیٹرایم ودودساجد نے کی۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker