ہندوستان

دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور میں ماہانہ امتحان کا انعقاد

سنتوشپور:3؍اگست(پریس ریلیز) دارالعلوم اسراریہ سنتوشپورمیں دوسو سے زائدطلباء کا امتحان لینے کے بعد مدرسہ تحفیظ القرآن سیدنابلالؓ نانی نرولی،گجرات کے ناظم تعلیمات مولاناقاری زکریا مہتہ صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہاں کاتعلیمی نظام دیکھ کر قلبی مسرت ہوئی۔انھوں نے کہاکہ اس مدرسے میں بچوں کو تجوید وقواعدکے مطابق قرآن کریم کی تعلیم دینے کے ساتھ چالیس احادیث،مسنون دعائیں،وضووغسل کے مسائل و فرائض وغیرہ بھی یادکرائے جاتے ہیں،مزیدیہ کہ طلبہ کو سنت نبوی کے تحت زندگی گزارنے کی عملی تربیت دی جاتی ہے،جویقینا قابل تحسین ہے۔انھوں نے کہا کہ امتحان کے دورا ن میں نے محسوس کیاکہ تقریباً سبھی بچے حروف کی صحیح ادائیگی کے ساتھ قرآن پڑھتے ہیں،خاص بات یہ ہے کہ تمام بچوں کا جتنے پارے ہوئے ہیں وہ ماشاء اللہ انھیں ٹھوس یادبھی ہے۔یہی وجہ ہے کہ یہاں کے طلباء کئی آل انڈیا مسابقوں میں امتیازی کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ اللہ تعالی اس مدرسہ کے بانی وسرپرست اول حضرت مولانا اسرارالحق قاسمیؒ کو جزائے خیر عطا فرمائے کہ انہوں نے شہر سے متصل غریب آبادی میں ایک بامقصد تعلیمی ادارہ کی بنیادرکھی، انہی کے اخلاص کی برکت ہے کہ مدرسہ روز بہ روز اپنے مشن کی طرف آگے بڑھ رہاہے، اوران کے خادم خاص مولانا نوشیر احمد شب روز تگ و دوکرکے اس ادارے کو تعلیمی و تربیتی اعتبار سے اعلیٰ سے اعلیٰ مقام تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔واضح رہے کہ مولانا قاری زکریا دارالعلوم فلاح دارین ترکیسر کے شیخ القراء اور دارالعلوم اسراریہ کے موجودہ سرپرست حضرت مولانا قاری و مقری صدیق صاحب سانسرودی کے معتمد خاص ہیں اور انھوں نے ہی قاری زکریا صاحب کواس مدرسے کے طلباء کا امتحان لینے کے لیے بھیجا تھا۔مولانا زکریانے کہاکہ حضرت قاری صدیق صاحب کا مشن ہے کہ دنیابھر میں قرآن کی تعلیم کو عام کیاجائے اور حروف کی صحیح ادائیگی اورمعنی کا لحاظ کرتے ہوئے اوقاف کی رعایت کیساتھ کمسن بچوں کوحفظ ِقرآن کی تعلیم دی جائے،ان کی تمناہے کہ مسلمان قرآن سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور اس کے لیے خصوصی محنت کریں۔ان ہی کی توجہ کی برکت ہے کہ یہاں کے بیشتر اساتذہ گجرات کے معیار ی اداروں کے فیض یافتہ ہیں اوردیانت داری و لگن کے ساتھ بچوں کے مستقبل کوسنوارنے کی فکرکررہے ہیں۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker