ہندوستان

ہمارے نوجوان سیرت اسلام سے نابلد ہوتے جارہے ہیں : مولانا اسامہ قاسمی

 

کانپور۔۲۰؍اگست: تیسرے خلیفہ داماد رسول ؐ حضرت عثمان غنی ؓذو النورین کے یوم شہادت 18؍ذی الحجہ کے موقع پر جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جامع مسجد اشرف آباد جاجمئو کانپور میں جلسہ کا انعقادہوا۔ جس میں خطیب الہند جمعیۃ علماء اتر پردیش کے صدر حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی قاضی شہر کانپور نے حضرت عثمان غنی ؓ کی سیرت پر روشنی ڈالی ۔مولانا اسامہ قاسمی نے حضرت عثمان غنی ؓ کی شہادت کو بیان کرتے ہوئے فرمایاکہ جس وقت آپ کو شہید کیا گیا اس وقت آپ تلاوت فرما رہے تھے۔ بلوائیوں نے گھر کے پچھلے حصہ سے کود کر آپ کو شہید کیا۔ اس وقت نواسہ رسول حضرات حسنین ؓ دروازے پر پہرہ دے رہے تھے۔ مولانا نے کہا کہ سبائیوں اور خوارج نے اسلام کو بہت نقصان پہنچایا ۔ بہت سے فتنوں کی جڑ یہی لوگ ہیں۔ مولانا نے کہا کہ آج ہمارے نوجوان سیرت اسلام سے نابلد ہوتے جا رہے ہیں ۔کم از کم ہمیں رسول اکرم ﷺ کے بیٹے، بیٹیوں ،نواسے نواسیوں، خلفاء راشدین ،عشرہ مبشرہ وغیرہ کے بارے میں جاننا چاہئے۔ اسلام لانے والوں میں حضرت عثمان غنی ؓ کا شمار اولین مسلمانوں میں ہوتاہے بعض روایات میں ہے کہ آپ سے پہلے صرف تین لوگ ایمان لائے تھے۔ آپ ؓ کی فضیلت میں متعدد احادیث آئی ہیں۔ حضور اکرم ﷺ نے اپنی دو بیٹیاں یکے بعد دیگرے آپ ؓ کے نکاح میں دیں دوسری کے انتقال کے موقع پرفرمایا کہ اگر میری دس بیٹیاں ہوتی اور یکے بعد دیگرے انتقال کرتی تو ہر ایک کو حضرت عثمان غنیؓ کی زوجیت میں دے دیتا۔ حضور اکرم ﷺ نے اپنی بیٹی سے کہا کہ میں تمہارا نکاح ایسے شخص سے کرنے جا رہا ہوں جو حضرت ابراہیم ؑ اور تمہارے والد (محمد ؐ) کے مشابہ ہے ۔ ایک موقعہ پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ میں اس سے حیا کیوں نہ کروں جس سے فرشتے حیا کرتے ہیں جس سے مراد حضرت عثمان غنی ؓ تھے ۔مدرسہ کے استاذ مولانا نور الدین احمد قاسمی نے فرمایا کہ خلفاء اربعہ میں سب سے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکر صدیقؓ ہیں، دوسرے حضرت عمرؓ ان دونوں کے بعد کائنات میں میں غیر انبیاء میں سب سے افضل خلیفہ ثالث حضرت عثمان غنیؓ ہیں۔مولانا محمد اکرم جامعی نے فرمایا کہ صحابہ کرامؓ میں سب سے افضل خلفاء اربعہ ہیں اور ان چاروں میں سب سے افضل حضرت ابوبکر پھر حضرت عمرؓ پھر حضرت عثمان اور پھر حضرت علیؓ ہیں۔ یہی ترتیب خلافت بھی اور یہی ترتیب فضیلت بھی ہے۔ یہی اہل سنت والجماعت کا متفقہ عقیدہ ہے۔ سبھی لوگوں نے 11-11مرتبہ سورہ اخلاص کا ورد کرکے صحابہ کرام ؓ کو ایصال ثواب کیا۔اس موقعہ پر مفتی اسعدالدین قاسمی،مولانا نور الدین احمد قاسمی، مولانا محمداکرم جامعی، مولانا فرید الدین قاسمی ، مفتی سید محمد عثمان قاسمی ،مفتی اظہار مکرم قاسمی ، مفتی عامر قاسمی، قاری عبد الحئی ، قاری عبد القدوس ، مولانا محمد ثمین ،حافظ محمد یوسف سمیت مدرسہ کے طلباء و اساتذہ نے شرکت کی۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker