ہندوستان

جموں کشمیر میں سابقہ حالت بحال کی جائے، شاہی امام نے عوامی رہنماؤں کی گرفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کیا

 

نئی دہلی۔ ۲۲؍اگست: جامع مسجد دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ خصوصی دلچسپی لے کر جموں و کشمیر کے حالات فوراً بحال کریں تاکہ ہندوستان دشمن عناصر کی ریشہ دوانیاں کامیاب نہ ہونے پائیں۔ شاہی امام نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کے سلسلے میں قومی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے آنے والی خبریں تشویش کا باعث ہیں۔ انسانی حقوق کے بعض بین الاقوامی اداروں کی رپورٹوں نے صورت حال کی سنگینی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ایسے میں ”وزیر اعظم کو خصوصی دلچسپی لے کر کشمیر کے حالات کو فوری طور پر بحال کرنا چاہیے تاکہ ملک دشمن اندرونی و بیرونی طاقتیں ہماری جمہوریت اور انسانیت کی پالیسی کو داغدار نہ کر سکیں‘‘۔شاہی امام نے کشمیر میں مین اسٹریم کے سیاسی رہنماوں کی گرفتاری یا نظر بندی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”وہ سیاست داں جنھوں نے وادی میں ہمیشہ ہندوستانی آئین اور ترنگے کو بلند رکھا ہے، ہمیں نہیں معلوم کہ آج وہ کس حال میں ہیں۔“ انہوں نے مزید کہا ”اگر ملک کو آگے جانا ہے تو عدل و انصاف کے تقاضے کو پورا کرنا ہوگا اور سب کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھنا ہوگا۔ آج ہندوستانی مسلمانوں کے ذہنوں میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ ریاست اور ادارے کہاں ہیں۔ ہم اپنے تحفظ کے سلسلے میں کس سے فریاد کریں‘‘؟امام بخاری نے الزام لگایا کہ آج ملک کے طول و عرض میں ہجومی تشدد کے باعث خوف و ہراس کا جو ماحول پنپ رہا ہے اور اس سے مسلم اور دلت نوجوانوں کی بے چینی میں جو متواتر اضافہ ہو رہا ہے وہ ملک کے مستقبل کے لیے اچھا شگون نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و تشدد، سماجی ناہمواریاں، مذہبی منافرت، دہشت گردی اور بروقت انصاف نہ ملنا ملک کے لیے اچھی بات نہیں۔سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم کی گرفتاری کو غیر معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے شاہی امام نے کہا کہ یہ واقعہ اپنے اندر ایک سبق بھی رکھتا ہے۔ کانگریس کے دور حکومت میں ہزاروں مسلم کش فسادات ہوئے اور بے شمار مسلم نوجوان دہشت گردی کے الزام میں پکڑے گئے۔ انہوں نے کہا ”یہ ایک حقیقت ہے کہ جب بھی مسلمانوں نے حکومتوں سے انصاف مانگا تو انھیں مایوسی ہی ہاتھ لگی۔ لیکن یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ظلم کا سر ایک دن کچلا جاتا ہے اور ظالم کو انصاف کے کٹہرے تک لایا جاتا ہے۔ مظلوموں کی آہیں رائیگاں نہیں جاتیں۔ قدرت ہر ظلم کا حساب لیتی ہے اور ہر ظالم کو اس کے کیے کی سزا دیتی ہے۔ یہ قانون قدرت ہے اور قدرت اپنے قانون سے کبھی روگردانی نہیں کرتی‘‘۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker