ہندوستان

نئے پیٹرن پر ہوں گے سی بی ایس ای کے بورڈ امتحانات

 

بورڈ کی جانب سے جاری کیاگیا اعلان، طلبہ کو فراہم کئے گئے پرچہ ٔ سوالات کے نمونے

دیوبند۔۲۲؍ اگست(ایس۔چودھری)سی بی ایس ای بورڈ نے اعلان کیاہے کہ سال 2020ء میں ہونے والے بورڈ امتحانات یعنی ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے ایگزام تبدیل شدہ پیٹرن پر کرائے جائینگے ۔جدید ضابطوں کے تحت پرچۂ سوالات میں وضاحتی سوالات کی تعداد کم کئے جانے کے علاوہ تمام مضامین میں 20؍ نمبرات پر مشتمل پریکٹیکل اور انٹر نل نمبرات کو بھی شامل کیاجائے گا۔ نئے ضابطوں کے تحت ہر ایک سوال کے چار آپشن دیئے جائینگے، اعلان کے مطابق سی بی ایس ای بورڈ نے آئندہ بورڈ امتحانات میں دیئے جانے والے پرچۂ سوالات کے نمونے تیار کرناشروع کردیئے ہیں، بہت جلد پرچۂ سوالات کو حتمی شکل دیکر طلبہ و طالبات کو مہیا کرایا جائیگا، اعلان کے مطابق سی بی ایس ای بورڈ ہائی اسکول امتحانات کے پرچۂ سوالات کے ہندی،انگریزی،سائنس، ریاضی،ہوم سائنس اور سنسکرت مضامین میں وضاحتی سوالات کی تعداد کم کردی جائیگی، جبکہ انٹر میڈیٹ میں ریاضی فزکس،کیمسٹری،اکاؤنٹسی،بزنس اسٹڈی،اکونومکس،سائیکلوجی،سماجیات اور پولٹیکل سائنس مضامین کے پرچۂ سوالات میں وضاحتی سوالات کی تعداد میں بھی کمی کی جائے گی، نئے پیٹرن کے ساتھ ہی انٹر نل نمبرات کو زیادہ اہمیت دی جائے گی،انٹر نل کے مواقع ملنے پر نمبرات کی تقسیم زیادہ مناسب رہے گی،تبدیل شدہ پیٹرن میں آبجیکٹیو سوالات کی تعداد میں اضافہ کیاجائیگا۔ بورڈ کے ذرائع کاکہناہے کہ تبدیل شدہ پیٹرن میں طلبہ کی رٹ کر یاد کرنے کی عادت ختم ہوجائیگی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، اسی لئے بورڈ بہت جلد نئے پیٹرن پر تیار کئے گئے پرچۂ سوالات کے نمونے اپنے طلبہ کو مہیا کرائے گا تاکہ وہ تبدیل شدہ پیٹرن کے ضابطوں کی روشنی میں اپنے بورڈ امتحانات کی تیاری کرسکیں ۔ بورڈ ذرائع کا کہناہے کہ طلبہ وطالبات بورڈ کی ویب سائٹ سے پرچۂ سوالات ڈاؤن لوڈ کرکے اپنے اپنے مضامین کی تیاری کرسکیں گے، کیونکہ نمونہ کے پرچۂ سوالات سے طلبہ و طالبات کو امتحانات کی تیاری کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ بورڈ نے دعویٰ کیاہے کہ بورڈ امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ وطالبات نئے فارمیٹ کو سمجھ کر بہتر نمبرات لا نے میں کامیاب ہونگے، کیونکہ بورڈ امتحانات سے کافی پہلے نئے ماڈل پیپر مہیا ہوجانے سے طلبہ کو یہ اچھی طرح معلوم ہوجائے گا کہ تبدیل شدہ پیٹرن پر مبنی پرچۂ سوالات کس طرح کے ہوں گے اور ان کو کس طرح سے حل کیاجائیگا، نمونہ کے پرچہ سوالات کی مشق کرنے کے بعد بورڈ امتحانات میں ملنے والے پرچوں کو حل کرنے میں طلبہ کو کافی مدد ملے گی۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker