ہندوستان

مولانا سید ارشد مدنی سے کئی اکابر علماء کی ملاقات، مدنی منزل میں ہوئی اس ملاقات کو لیکر چہ مہ گوئیوں کا دور شروع

دیوبند۔۱۶ستمبر(ایس۔چودھری)جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشدمدنی کے ذریعہ آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت سے خیر سگالی ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر ابھی تک بحث و مباحثہ کا دور جاری ہے، اسی درمیان آج مولانا سید ارشد مدنی سے ان کی رہائش گاہ پر کئی بڑے علماء کرام نے ملاقات کی، حالانکہ یہ ملاقات آئندہ ربیع الثانی میں دارالعلوم وقف دیوبند میں ہونے والے فقہ اکیڈمی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے ہونا بتائی گئی ہے، مگر اس ملاقات کے سلسلہ میں جمعیۃ علماء ہند یا دارالعلوم وقف دیوبند کی جانب سے کوئی اطلاع جاری نہیں کی گئی ہے جبکہ ذرائع کا کہناکہ ملک میں امن شانتی، بابری مسجد کے متعلق سپریم کورٹ میں جاری سماعت، این آرسی اوردیگر اہم موضوعات پر بھی اس ملاقات کے دوران گفتگو ہوئی ہے۔ آج مسلم پرسنل لاء بورڈ کے قومی ترجمان اور ممتاز عالم دین مولانا خالد سیف اللہ رحمانی،دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانامحمد سفیان قاسمی اور جامعہ مظاہرعلوم سہارنپور کے امین عام و معروف عالم دین مولانا محمد شاہد الحسنی نے یہاں مدنی منزل میں پہنچ کر مولانا سید ارشدمدنی سے ملاقات کی ۔ بڑے اور نامور علماء کرام کی اس ملاقات کو لیکر چہ مہ گوئیوں کا دور جاری ہے۔ حالانکہ یہ ملاقات آئندہ ربیع الثانی کے مہینہ میں دارالعلوم وقف دیوبند میں ہونے والے فقہ اکیڈمی کے پروگرام میں شرکت کے لئے مولانا سید ارشدمدنی کو دعوت دینے کے لئے تھی۔مگر ذرائع کا کہناہے کہ مولانا مدنی کی صحت وعافیت دریافت کرنے کے بعد دوران ملاقات مولانا سید ارشدمدنی کی آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت سے حالیہ خیر سگالی ملاقات،بابری مسجد اور رام مندر سے متعلق سپریم کورٹ میں جاری ڈے ٹو ڈے سماعت،این آرسی اور ملک کے موجودہ حالات سے متعلق بھی گفتگو ہوئی ہے ۔جمعیۃ علماء ہند کے میڈیا ترجمان مولانا فضل الرحمن نے بتایاکہ مذکورہ علماء حضرات مولانا مدنی کو فقہ اکیڈمی کے پروگرام میں مدعوکرنے آئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker