ہندوستان

محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت دنیا والوں کے لیے سب سے بڑا انعام ہے، آپ کی زندگی دنیا والوں کے لئے مشعل راہ ہے وہی شخص کامیاب ہوگا جو سنت کے مطابق اپنی زندگی گزارےگا:مشتاق احمد قاسمی

کانپور 6/اکتوبر 2019 ( محمد سیف الاسلام مدنی)
5/اکتوبر 2019ء بروز سنیچر بعد نماز عشاء مدرسہ عربیہ مدینتہ العلوم نور گنج پکھرایاں ضلع کانپور دیہات یوپی میں ایک روزہ عظیم الشان سیرت المصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے معروف و مشہور علماء کرام نے شرکت کی اور سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر روشنی ڈالی،
جلسے کی صدارت فرمارہے معروف عالم دین جناب مولانا مشتاق احمد قاسمی ناظم مدرسہ نے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العٰالمین نے سب سے بڑا اور قیمتی انعام جو دنیا کو دیا وہ انعام ہے جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت اور آپکو دنیا میں مبعوث فرمانا، اس سے بڑا کوئی اور انعام اللہ نے دنیا والوں کو عطاء نہیں کیا،
کائنات کا نظام جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات کے صدقے میں چل رہا ہے، اگر دنیا سوال کرےگی کہ زمین کس کے صدقے میں بنائی گئی تو جواب ہوگا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے میں، اگر آسمان سے سوال کیا جائے کہ تجھے کس کے صدقہ میں بلندی ملی تو جواب ہوگا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے میں،
جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جو دین لےکر آئے اسے اسلام کہتے ہیں،
اور اللہ تعٰالی نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا کہ دین اللہ کے نزدیک اسلام ہی ہے جو دین اسلام کے مطابق زندگی گزارےگا وہی کامیاب
ہوگا اسلام سچا مذہب ہے اور کوئی بھی باطل طاقت اسلام اور اسلام کے ماننے والوں کا کچھ نقصان نہیں کرسکتی! دنیا کی باطل طاقتیں اسلام کے چراغ کو گل کرنے کی کوششیں کررہی ہے، مگر دنیا نے دیکھا کہ اللہ تعٰالی نے ہمیشہ اسلام کو بلندی عطاء کی ہے اور باطل طاقتیں سرنگوں ہوگئی،ابو جہل نے ہزار کوشش کی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تحریک کو ختم کردیا جائے اور لوگوں کو محمد سے دور کردیا جائے وہ لوگوں کو منع کرتا تھا کہ محمد کی بات نہ سنو، انکے پاس مت جاؤ، مگر آپ کی بے مثال تعلیمات کے سامنے اسکی دشمنی دیر پا اثر انداز نہ ہوسکی اور مکہ کے اندر اسلام کا ایسا نور پھیلا،کہ پورا عالم اسکی کرنوں سے منور ہوا، اور ابوجہل ذلیل و خوار ہو ا آج بھی اہل حق کے ساتھ خدا کی نصرت ہوگی اور ظالم طاقتیں نیست نابود ہونگی!
آج ضرورت کے کہ اسلام کے پیغام صداقت کو عام کیا جائے اور توحید کی تعلیمات کو سمجھا جائے، دنیا کے کروڑوں لوگ معرفت الٰہی سے نابلد ہیں اور وہ اپنی حقیقت کو پہچاننے میں ناکام ہیں، انکو بتایا جائے کہ اللہ ہی وہ ذات ہے جو پوری کائنات کا نظام چلارہا ہے، دنیا کی ہر چیز کو اسی نے پیدا کیا، اور اسی پر ایمان لاکر اور اسکے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی دنیا والے کامیاب ہوسکتے ہیں!
فاضل نوجوان مفتی محمد شاہد قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا، کہ اللہ نے بڑے اچھے انداز میں کائنات کو بنایا اور ہر وہ چیز اس دنیا میں پیدا کی جو بنی نوع انسانی کے لئے کسی بھی صورت کام آسکتی تھی، اور پھر اس دنیا کے اندر انسانیت کی ہدایت کے لئے لاکھوں انبیاء کو بھیجا، جنہوں نے اللہ اور بندوں کے درمیان ایک تعلق قائم کیا دنیا والوں کو توحید کا پیغام دیا اور ایک اللہ کی عبادت کرنے کی دعوت دی،
ہمارے اور آپکے آقا جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس دنیا کے اندر اسی توحید کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے آئے جو سلسلہ ابنیاء کی شکل میں چلا آرہا تھا،
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پوری دنیا کے لئے کامیابی اور فلاح کی ضمانت ہے آپکی سیرت ایک عظیم الشان عنوان ہے، کوئی ادیب کوئی مقرر، کوئی مورخ آپکی سیرت کا حق ادا نہیں کرسکتا،
آپ صلی اللہ علیہ وسلم جس پر خطر دور میں مکہ کے اندر تشریف لائے وہ دور نہایت جاہلیت کا تھا، خانہ کعبہ کے اندر بت رکھے ہوئےتھے، ایک دوسرے کا خون بہایا جارہا تھا آپ تشریف لائے اور لوگوں کو ظلم و کفر و شرک کی تاریکی سے نکال کر اسلام کا نور عطاء کیا،
آپکی سیرت بے مثال ہے آپکے اخلاق وکردار آپکی گفتار بے مثال ہے، آپ حسن اخلاق کے اعلیٰ مقام پر ہیں قرآن کریم آپکے اخلاق کی تعریف بیان کرتا ہے، اور آپنے امت کو بھی حسن اخلاق کی تعلیم دی، آپ سچ بولتے تھے اور سچ بولنے کی تعلیم دیتے ہیں ضرورت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کردار و اخلاق کو اپنی زندگی میں داخل کیا جائے،
آج ہم سچ بولنے سے ڈرتے ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں سچ بولنے کا معیار ہمارے درمیان سے ختم ہوگیا، آج سچ بولنا انتہائی مشکل کام ہے اور سچ سننا تو زہر کا گھونٹ پینے سے زیادہ مشکل ہوچکا ہے، ہمیں اس روش کو چھوڑ کر سنت رسول کو اپنانا ہے، آپ عظیم کردار واخلاق کے مالک ہیں اور جس نے بھی آپکی زندگی کا مطالعہ کیا وہ آپ سے متأثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا کیا اپنے اور کیا بیگانے، سبھی نے آپکی عظمت و رفعت کا اعتراف کیا ہے، ایک عیسائی مورخ مائیکل ہارٹ ہے جس نے انگریزی میں ایک کتاب لکھی، دی ہنڈریڈ، جسکا اردو ترجمہ سو عظیم آدمی کے نام سے شائع ہوچکا ہے اس کتاب میں مائیکل ہارٹ نے سو ان آدمیوں کا ذکر کیا ہے جنہوں نے دنیا کی تشکیل میں نمایاں کارنامہ انجام دیا ہے اور اس کتاب میں پہلے نمبر پر اسنے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر کیا یے اور لکھا ہے کہ میں محمد کو دنیا کا سب سے کامیاب ترین انسان سمجھتا ہوں اور آپ سید البشر کہے جانے کے لائق ہیں! آج ہم بھی نبی کی زندگی کو نمونہ بنائیں اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق اپنی زندگی گزاریں!
کانفرنس سے مولانا نعمت اللہ راجپوری نے بھی خطاب کیا، حافظ محمد نعیم صاحب، مولانا عبدالواجد قاسمی، مولانا خالد قاسمی، حافظ سیف الاسلام مدنی، حافظ احسان الحق صاحب خواص طور سے شریک رہے مولانا فضل رب قاسمی اور محمد ثانی نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا، نظامت کے فرائض مولانا عبد الماجد قاسمی نے انجام دئیے، کثیر تعداد میں شرکت کرکے لوگوں نے پروگرام کو کامیاب کیا!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker