ہندوستان

یوم سر سید یادگاری تقریب میں ڈاکٹر فرینک اسلام بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے

 

علی گڑھ، 10؍اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے بانی سرسید احمد خاں علیہ الرحمہ کے 202ویں یومِ ولادت کے موقع پر 17؍اکتوبر کو یونیورسٹی ایتھلیٹکس گراؤنڈ پر ایک یادگاری جلسہ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اے ایم یو کے سابق طالب علم، نامور سرمایہ کار و تاجر، سماجی خدمتگار، مصنف اور ایف آئی انوسٹمنٹ گروپ کے سربراہ، امریکہ نشیں ڈاکٹر فرینک اسلام شرکت کریں گے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور خطبۂ استقبالیہ پیش کریں گے۔ اس موقع پر سرسید انٹرنیشنل ایوارڈ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ممتاز سابق طالب علم اور آکسفورڈ سنٹر فار اسلامک اسٹڈیز، لندن کے ڈائرکٹر ڈاکٹر فرحان نظامی کو ان کے ادارے کی شاندار عالمی خدمات کے لئے پیش کیا جائے گا جب کہ قومی سطح کا سرسید نیشنل ایوارڈ دارالمصنفین شبلی اکادمی کے ڈائرکٹر پروفیسر اشتیاق احمد ظلی کو ان کے ادارے کی اعلیٰ علمی خدمات پر پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر اے ایم یو کے اساتذہ کو انّوویشن کونسل کے ایوارڈ تفویض کئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی نوجوان محققین کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ یوم سرسید پر منعقدہ کل ہند مضمون نویسی مقابلہ کے اوّل، دوئم اور سوئم انعامات بھی فاتحین کو پیش کئے جائیں گے۔ تقریب میں شعبۂ کامرس کی پروفیسر شیبا حامد اور شعبۂ اردو کے پروفیسر سراج اجملی، سرسید احمد خاں کے فلسفہ، مشن اور خدمات پر بالترتیب انگریزی اور اردو میں خطاب کریں گے۔ اے ایم یو کے دو طلبہ بھی تقریر کریں گے۔ یومِ سرسید تقریبات کا آغاز 17؍اکتوبر کو یونیورسٹی جامع مسجد میں فجر کی نماز کے بعد قرآن خوانی سے ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور ، یونیورسٹی کے حکام اور اساتذہ سرسید کے مزارپر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ سرسید ہاؤس میں سرسید کی تصاویر، تصانیف اور سرسید پر لکھی گئی مختلف زبانوں کی کتابوں کی ایک نمائش کا افتتاح وائس چانسلر صبح نو بجے کریں گے۔ یہ نمائش مولانا آزاد لائبریری اور سرسید اکادمی کی جانب سے مشترکہ طور سے منعقد کی جائے گی۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker