ہندوستان

شادی کا جھانسہ دے کر ٹھگی کرنے والے بین الاقوامی ریکٹ کا پردہ فاش

 

پولیس نےدو نائجرین سمیت ایک ہندوستانی لڑکی کو گرفتار کیا

دیوبند، ۱۰ اکتوبر (رضوان سلمانی) شادی کا جھانسہ دے کر ٹھگی کرنے والے بین الاقوامی ریکٹ کے تین ارکان کو پولیس نے گرفتار کرکے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میںدو نائجیریا ملک کے رہنے والے ہیں جب کہ ایک ہندوستانی خاتون شامل ہے۔ نائجیریا کے دونوں نوجوان فرضی آئی ڈی تیار کرکے سہارنپور کی رہنے والی ایک ٹیچر کو شادی کا جھانسہ دیا اور اس کے بعد اس سے تقریباً 9لاکھ روپے ٹھگ لئے۔ اس گینگ میں گرفتار کی گئی لڑکی بنارس کی رہنے والی ہے اور یہ تینوں ہی میٹری مونیل سائٹ پر فرضی آئی ڈی بناکرانہوں نے ٹیچر کو پھنسایا تھا ۔ نائجیریا کے گرفتار کئے گئے نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے لئے ہندوستان آئے تھے ، ملزمان کے ذریعہ استعمال کئے جارہے براڈ بینڈ وائی فائی کنکشن کی بنیاد پر پولیس ان تک پہنچی اور گزشتہ کل نوئیڈا سے نائجیریا کے دونوں باشندے پال ہیرس اور جیروز کو گرفتار کیا اور یہ دونوں غازی آباد میں رہ رہے تھے ، گرفتار کی گئی لڑکی سریجا سنگھ فی الوقت نوئیڈا میں رہ رہی تھی، ایس پی سٹی ونت بھٹناگر نے تھانہ منڈی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ جولائی ماہ میں سہارنپور کی رہنے والی ایک ٹیچر نے آن لائن ٹھگی کا مقدمہ قائم کرایاتھا، ٹیچر کا الزام تھاکہ ایک شخص نے اپنے آپ کو این آر آئی بتاکر اس سے ٹھگی کی تھی ۔ سائبر سیل کی ٹیم نے نوئیڈا سے دو مشتبہ نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا ، دونوں نوجوان ہیرس اور جارج نائجیریا کے رہنے والے ہیں ، پال ہیرس نے شادی ڈوٹ کام میٹری مونیل سائٹ پر کرشن کمار کے نام سے فرضی آئی ڈی تیار کررکھی ہے ، اپنے آپ کو این آرآئی بتاتے ہوئے اس نے سوشل سائٹ پر سہارنپور کی طلاق شدہ ٹیچر سے گفتگو کی اور دونوں کے درمیان شادی کی بات طے ہوگئی ، اس نے دو بچوں کے ساتھ ہندوستان آنے کی بات کہی اور اتنا ہی نہیں ٹیچر کو سونا لانے کا بھی جھانسہ دیا ، گزشتہ 13مئی کو فون کرکے اس نے اس ٹیچر کو ممبئی کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر گرفتار کئے جانے کی بات کہی ۔ گینگ میں شامل لڑکی سریجا نے اپنے آپ کو کسٹم آفیسر بتاتے ہوئے رقم کا مطالبہ کیا ، اس کے بعد اس نے کئی مرتبہ الگ الگ اکائونٹ میں 9لاکھ روپے ٹرانسفر کردیئے ۔ ایس پی سٹی ونٹ بھٹناگر نے بتایا کہ تینوں مل کر اپنے لیپ ٹاپ پر فرضی فیس بک آئی ڈی ، ای میل آئی ڈی بناکر لوگوں کے ساتھ دوستی کرکے دھوکہ دھڑی کرتے تھے ۔ ملزمان شادی کی ویب سائٹ پر ایسی خواتین سے رابطہ کرتے تھے جن سے پیسے ملنے کی امید رہتی تھی ، جس میں تاجر ،نوکری پیشہ والی خواتین ، طلاق شدہ خواتین کو ہی اپنے جال میں پھنساتے تھے ۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ پہلے تو ٹھگی کا علم ہی نہیں ہوپارہا تھا کیوںکہ ملزمان وائی فائی کا استعمال کررہے تھے جس میں آئی پی ایڈریس نہیں مل پارہا تھا ، لیکن ایک مرتبہ غلطی کی اور سائبرسیل کے ہاتھ ایڈریس ہاتھ لگ گیا جس کے بعد اس پر کام کیا گیا جس سے ملزمان گرفت میں آسکے۔ ایس پی سٹی نے بتایاکہ گرفتار کئے گئے نائجیریا کے نوجوان غیرقانونی طریقے پر ہندوستان میں رہ رہے تھے۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ پال ہیرس تقریباً چار سال قبل تجارتی ویزے پر ہندوستان آیا تھا جس کی میعاد مارچ میں ختم ہوچکی ہے ۔ جب کہ جارج کے پاس کوئی ویزا اور پاسپورٹ نہیں ملا ہے ۔ وہیں سریجا بھی بنارس سے چار سال قبل ایک یونیورسٹی میں داخلہ کے لئے نوئیڈا آئی تھی۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے نوجوانوں کے پاس سے لیپ ٹاپ ،فرضی آئی ڈی ،موبائل اور دیگر کاغذات برآمد ہوئے ہیں ، پولیس نے تینوں کو جیل بھیج دیا۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker