ہندوستان

مسلمان اپنے کردار کے ذریعہ شریعت کو محفوظ کریں ! مولانا محمد ولی رحمانی

بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے اجلا س سے علماء کرام کی مخاطبت
پھلت،مظفرنگر: 17؍اکتوبر(پریس ریلیز)تحفظ شریعت اور اصلاح معاشرہ کا مطلب صرف اور صرف یہ ہے کہ مسلمان اپنے عمل اورکردار کے ذریعے اﷲ کے دین ، اس کی شریعت کو محفوظ کریں اور اپنے معاشرے کوصاف شفا ف ،گناہوں سے پاک اور بہترین اخلاقی قدروں کا حامل معاشرہ بنائیں۔آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی یہ کوشش ہے کہ مسلمانان ہند کے درمیان پھیلی ہوئی سماجی خرابیوںاور خامیوں کو دور کیاجائے اورانہیں بہترین اسلامی صفات اور اچھے اخلاق سے آراستہ کیا جائے۔یہ حوصلہ بخش پیغام آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکے جنرل سکریٹری امیر شریعت حضرت مولانا سید محمدولی صاحب رحمانی دامت برکاتہم نے حضرت شاہ ولی اللہ محد ث دہلوی ؒ سے منسوب تاریخی بستی پھلت ضلع مظفر نگر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے منعقدہ عظیم الشان اجلاس عام میں کیا،مورخہ ۱۶؍اکتوبر ۲۰۱۹ء؁ کی شام چھ بجے سے رات ساڑھے نوبجے تک جاری رہنے والے اس عظیم الشان اجلاس عام کی صدارت مشہور عالم اورداعی مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب (سرپرست جامعۃالامام شاہ ولی اللہ الاسلامیہ)نے فرمائی، صدارتی خطاب میں مولانامحمدکلیم صدیقی صاحب نے فرمایا کہ ہندوستان میں مشکل حالات کے باوجود شریعت پر عمل کی آزادی ہمیں حاصل ہے ، فرقہ پرست عناصر ہمیں مسجدوں میں نماز پڑھنے سے نہیں روکتے، شادی بیاہ کی تقریبات کواسلامی منہج کے مطابق انجام دینے سے حکومتی سطح پر ہمیںمنع نہیںکیا جاتا، ابھی شریعت اسلامی پر عمل کاپورا موقع ہمیں حاصل ہے ، مسلمانان ہند کو چاہئے کہ اس موقع کو غنیمت جانیں اور ا ﷲ تعالیٰ کی شریعت کواپنے اوپر نافذ کریں،مسلمان جب اﷲ کے احکامات پر عمل کریں گے اور اﷲ اور اس کے پاک رسول ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلیںگے تورحمت الٰہی متوجہ ہو گی، قبل ازیں آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکے سکریٹری حضرت مولانامحمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے کہا کہ آج کے نازک اور مشکل حالات سے خوفزدہ اور مایو س ہونے کی ضرورت نہیں ہے،ایثار، توکل ،زہد و قناعت ،سچائی ،امانت اور دیانت یہ ہمارا ایمانی او راسلامی ورثہ ہے، جب ہم اس میراث کو اختیار کریںگے تو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے حالات کی تبدیلی کے فیصلے نازل ہوں گے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں یہ بھی کہاکہ حالات کے دباؤ میں سپرانداز ہوجانا یا ہتھیار ڈال دینا یہ کم ہمت انسانوں اور منافقت کی راہ پرچلنے والوں کا طریقہ ہے۔مسلمانوں کو تو ایسا جواں مرد اور باہمت ہوناچاہئے کہ وہ حالات سے پنجہ آزمائی کریںاور مشکلات کوشکست دینے کاحوصلہ پیدا کریں، انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کاموںپر اور اس کے طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی اور پھلت میں جاری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر نظم دارالقضا ء کے قاضی شریعت مفتی محمد عاشق صدیقی کی اصلاحی کوششوں کی تحسین کی اور اس پورے خطے میں منعقدکیے جانے والے اصلاحی جلسوں کی مبارکباد پیش کی، اس کامیاب اور مؤثر اجلاس عام میں جہاں ایک طرف پورے علاقے کے علماء ،ذمہ داران مدارس، سرکردہ افراد اورمؤثر شخصیا ت نے شرکت کی وہیںاطرا ف و اکناف سے عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے پیغام کوسنا ،مولانا محمد عاشق صدیقی پھلتی نے اجلاس عام میں شرکت فرمانے والے اکابر علماء کرام اور بورڈ کے ذمہ داران کااستقبال کیا اور اصلاح معاشرہ کے سلسلے میں کیے جانے والے کاموں کی تفصیل بیان کی،جلسے کی ابتداء میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا محمد شمشاد قاسمی رحمانی صاحب نے اس اجلاس عام کو پورے علاقے کے لیے نیک فال قراردیا،اس جلسہ عام کی نظامت جامعۃالامام شاہ ولی اللہ الاسلامیہ کے مشہور استاذ اور ماہنامہ ارمغان کے ایڈیٹر مولانا وصی سلیمان ندوی صاحب نے کی،اس اجلاس عا م میں جن معزز اور محترم شخصیات نے شرکت فرمائی،ان میں سے مولانا محمد جاوید ندوی (مہتم جامعہ دارالسلام ، انبالہ)،مولانا محمدارشد ندوی ( مہتمم جامعہ اشاعت الاسلام، ،سونی پت)، مولاناسید حسین ندوی (ناظم مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ،کھتولی)،سید مجتبی یزدانی (مہتمم جامعہ سید ابوالحسن علی ندوی، مالیر کوٹلہ، پنجاب) ، مولانا جمیل احمد (سابق ایم ایل اے)مولاناسراج احمد قاسمی (میرٹھ)قاضی تبریز عالم صاحب (آرگنائزر تفہیم شریعت کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ )قاری حفظ الرحمن انصاری، ڈاکٹر منصورالحق کھتولی،ڈاکٹرمحمد امیراعظم قریشی،مولانا محمد علی جوہر ، مولانا محمد فاخر صبا رحمانی ،حافظ احتشام رحمانی بطور خاص لائق ذکر ہیں، اس اجلاس عام کااختتام آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکے رکن مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب کی دعاپرہوا۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker