ہندوستان

اپنے کعبے کی حفاظت ہمیں خود کرنی ہے، ملی تشخص کی بقا کے لئے مالیگاؤں اردو کتاب میلے کا انعقاد

 

مالیگاؤں، ۱۴؍ نومبر ، (عبداللہ مبارک) شہر عزیز کی ۱۱۵؍ سالہ قدیم اُردو لائبریری کے بائنر تلےاسکول نمبر ایک کمپاؤنڈ،قدوائی روڈ میں ۲۹؍ نومبر سے شروع ہورہے ۵؍ روزہ اُردو کتاب میلے کی کامیابی کیلئے کل شب حج کمیٹی ہال میں محمد رمضان فیمس کی صدارت میں مشاورتی میٹنگ میں درج ذیل اہم فیصلے ہوئے ۔(۱) اُردو کتاب میلہ کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا ڈیسک تشکیل دیا گیا۔(۲) اُردو کتاب میلہ کی تائید و حمایت کیلئے مِلّی تنظیموں ، اداروں ، کلبوں کی جانب سے اور سیاسی لیڈران و کارپوریٹروں کی جانب سے ہر علاقے میں ڈیجیٹل بورڈ لگائے جائیں گے ۔(۳) رضاکار والینٹرس کو شناختی کارڈ دیئے جائیں گے ۔(۴) سوشل میڈیا پر کتاب میلے کی تشہیر کرنے والے ہر متحّرک گروپس کے ایڈمن کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔(۵) کتاب میلہ سے ایک ہفتہ قبل شہربھر میں سوشل میڈیا پر مشترکہ DP(پروفائل فوٹو)ٹرینڈ چلایا جائے گا ۔(۶) شہر کے اُردو سبجیکٹ ٹیچرس کی ترغیبی میٹنگ ۲۳؍ نومبر سنیچر کی صبح ۱۱؍ بجے حج کمیٹی ہال میں ہوگی ۔(۷) اُردو کتاب میلہ کے داخلی گیٹ کا افتتاح رُکن اسمبلی مفتی اسمعیل کریں گے اور افتتاحی جلسہ کی صدارت خالد عمر صدیقی فرمائیں گے ۔افتتاحی جلسہ میں چیف گیسٹ کی حیثیت سے اُردو اکیڈمی مہاراشٹر کے چیئرمن ڈاکٹر احمد رانا صدیقی کو مدعو کیا جائے گا۔ جبکہ اتوار یکم دسمبر کے تعلیمی جلسہ میں سابق ایم ایل اے آصف شیخ رشید ، ایڈوکیٹ یٰسین مومن (بھیونڈی) ، حاجی عبدالغفار ملک ( جلگائوں ) مدعو کئے جائیں گے۔ میٹنگ میں شرکائٗ سے مخاطبت کے دوران ڈاکٹر الیاس صدیقی نے کہا کہ یہ کتاب میلہ وقت کی ضرورت ہے آپ نے کہا کہ کسی زمانے میں مسلمان تاریخ ساز ہوا کرتے تھے ۔آج وہ منظر نامے سے بالکل غائب ہوچکے ہیں ۔صدارتی خطبہ میں رمضان فیمس نے کہا کہ نئی نسل میں ذوق مطالعہ کے فقدان کو دور کرنا بہت ضروری ہے ۔ اساتذہ اور والدین کو اس سلسلے میں بہت سرگرم اور متحرک ہونا پڑے گا۔ ہمیں مراٹھی داں طبقہ کے سبزی فروشوں ، جوتا ، چپل ، سلائی کرنے والوں اور برادران وطن دکانداروں ، تاجروں سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ جو مراٹھی کا ایک نہ ایک اخبار خرید کر پڑھتے ہیں اور ہم لوگ اخبار مانگ کر پڑھنے کو عیب نہیں سمجھتے ۔ رمضان فیمس نے یہ بھی کہا کہ اُردو زبان میں اچھی کتابوں کا بحران بھی ہے ہم لوگ صرف شاعری کی کتابیں چھاپ کر خوش ہیں ۔ ای ٹی وی اُردو کے ایک پروگرا م ہمارے مسائل کے حوالے سے آپ نے کہا کہ اُردو کی کتابیں پانچ سو سے زیادہ چھپتی نہیں دو سو سے زیادہ بکتی نہیں ۔ اُردو کے پی ایچ ڈی کرنے والے 80فیصد ریسرچ اسکالرس کا تحقیقی موضوع اُردو شاعری ہی ہوتا ہے ۔ کہا کہ دیگر مفید موضوعا ت پر تحقیق و تحریر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ میٹنگ کے آغاز میں عبدالحلیم صدیقی نے اغراض و مقاصد اور اب تک کی پیش رفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ شہر کے دس اداروں نے دس مقابلوں کی اسپانسر شپ قبول کرلی ہے جس کی وجہ سے یہ از خود ایک شہری و مِلّی پروگرام ہوگا۔ بتایا کہ کتاب میلہ کمیٹی نے سرکاری امداد کے حصول کی کوشش نہ کرتے ہوئے یہ نظریہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے کہ ہماری تہذیب ہماری ثقافت اور ہمارے مذہب پر حملہ ہورہا ہے ۔ ہمیں اپنی عبادت گاہوں سے محروم کیا جارہا ہے ۔ لہٰذا اپنے مِلّی تشخص کی بقائٗ کیلئے ہم سرکاری امداد پر انحصار و تکیہ نہیں کرسکتے ۔ اور یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ ’’ہمیں اپنے کعبہ کی حفاظت خود کرنی ہے ‘‘ اس میٹنگ میں اشفاق عمر سر ، محمد یٰسین سر ( انجم بکڈپو) ، مختار عدیل ، خلیل عباس ، ڈاکٹر احتشام دانش ، امتیاز سر ( ایم ایس کریٹیو) ، ضیائٗ الرحمن مسکان ، عمران راشد وغیرہ نے بھی اپنی تجاویز و مشورے دیئے ۔ اہم شرکائٗ میں مختار یوسفی ، خان سلیم پیلا پیٹھا ، حفظ الرحمن وفا ، ساجد نعیم ، عزیز الرحمن ، سلیم رحمانی ،مشیرانصاری ( مدیر اُردو آنگن ممبئی ) ، مصطفی برکتی ،زاہد امین ، قیصر جمیل (نیو ارائٗ ) ، وغیرہ کے علاوہ تقریباً بیس وہاٹس ایپ گروپس کے ایڈمن حاضر تھے ۔ سنیچر کے دن سے وفد اسکولوں کا دورہ کرے گا۔ آئندہ میٹنگ بدھ کی شب حج کمیٹی ہال میں منعقد ہوگی ۔

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker