ہندوستان

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

وائس چانسلر نے شمشاد مارکیٹ میں اے ایم یو کے پبلیکیشنز ڈویژن کے آؤٹ لیٹ کا افتتاح کیا
علی گڑھ، 2؍دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اتوار کو اے ایم یو کیمپس سے متصل شمشاد مارکیٹ میں یونیورسٹی پبلیکیشنز ڈویژن کے نئے سیلس آؤٹ لیٹ کا افتتاح کیا۔
اس آؤٹ لیٹ سے پبلیکیشن ڈویژن، سرسید اکیڈمی اور خلیق احمد نظامی مرکز علوم القرآن سے شائع شدہ کتابیں خریدی جاسکتی ہیں۔ اس میں بانیٔ درسگاہ سرسید احمد خاں علیہ الرحمہ کی چنندہ تصانیف بھی شامل ہیں۔ کتابوں کے ساتھ ہی اے ایم یو کا کیلنڈر، سالانہ ڈائری اور کافی ٹیبل بک بھی یہاں دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سے متعلق مومنٹو جیسے کہ ٹائی ، کف لِنکس، مگ وغیرہ بھی یہاں سے خریدے جاسکتے ہیں۔
شمشاد مارکیٹ میں مذکورہ آؤٹ لیٹ کا افتتاح اے ایم یو کے بہی خواہان کے اصرار پر کیا گیا ہے تاکہ یونیورسٹی سے متعلق کتب اور دیگر اشیاء لوگوں کو آسانی سے دستیاب ہوسکیں۔
یہ آؤٹ لیٹ پیر سے سنیچر تک شام پانچ بجے سے نو بجے شب تک کھلے گا، جب کہ اتوار کو یہ صبح گیارہ بجے سے سہ پہر تین بجے تک کھلا رہے گا۔ جمعہ کو آؤٹ لیٹ بند رہے گا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علی گڑھ تحریک اور اس کی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کو آسانی ہوگی۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر پبلیکیشن ڈویژن کے ایک باتصویر کیٹلاگ کا بھی اجراء کیا۔
پبلیکیشن ڈویژن کے ڈائرکٹر پروفیسر علی محمد نقوی نے بتایا کہ ڈویژن میں دسیتاب نصابی کتابوں پر بیس فیصد کا ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے۔ کچھ نصابی کتابوں پر اے ایم یو کے طلبہ کو تیس فیصد ڈسکاؤنٹ بھی دیا جاتا ہے۔ دیگر کتابوں پر بیس فیصد کا ڈسکاؤنٹ سبھی خریداروں کو دیا جاتا ہے۔دس سے زائد کتابوں کی خرید پر زیادہ ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے۔ دس سے 24مختلف کتابوں کی خرید پر تیس فیصد، 25سے 49؍ مختلف کتابوں کی خرید پر 33 فیصد اور پچاس سے سو مختلف کتابوں کی خرید پر چالیس فیصد کا ڈسکاؤنٹ خریداروں کو دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سو سے زائد مختلف کتابوں کی خرید پر ڈسکاؤنٹ کے سلسلہ میں گفت و شنید کی جاسکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پبلیکیشنز ڈویژن کی کتابوں کی فہرست (کیٹلاگ) اے ایم یو کی ویب سائٹ پر پبلیکیشنز ڈویژن کے صفحہ پر دستیاب ہے۔
آؤٹ لیٹ کے افتتاح کے موقع پر پبلیکیشنز ڈویژن و سرسید اکیڈمی کے ڈائرکٹر پروفیسر علی محمد نقوی، ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شاہد، یوجی سی ایچ آرڈی سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر اے آر قدوائی، فائننس افسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر، پروفیسر آفتاب عالم، پروفیسر شکیل احمد صمدانی، پروفیسر معین الدین، پروفیسر ایم ریحان، پروفیسر زیڈ اے صدیقی اور دیگر معززین موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭
شعبۂ علاج بالتدبیر کے زیر اہتمام یونانی اطباء کے لئے سی ایم ای کا انعقاد
علی گڑھ، 2؍دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے اجمل خاں طبیہ کالج کے شعبۂ علاج بالتدبیر کی جانب سے یونانی طریقۂ علاج سے وابستہ ڈاکٹروں کے لئے علاج بالتدبیر کے استعمال پر ایک سی ایم ای کا انعقاد کیا گیا، جس میں حجامہ، لیچ اور اسٹیم تھیریپی وغیرہ کی جانکاری فراہم کی گئی۔
پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود نامور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق نے اپنے خطاب میں کہاکہ علاج بالتدبیر رفتہ رفتہ کافی مقبول ہورہا ہے اور اس سے کثیر تعداد میں لوگ فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اس سی ایم ای میں شامل یونانی اطباء ریاست کے مختلف علاقوں میں بھی اس طریقۂ علاج کو استعمال کرکے لوگوں کو فائدہ پہنچائیں۔
پروگرام کی آرگنائزنگ سکریٹری اور علاج بالتدبیر شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر آسیہ سلطانہ نے کہاکہ سی ایم ای کا مقصد حجامہ، لیچ اور بھاپ کی تھیریپی کی جانکاری یونانی اطباء کو فراہم کرنا ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اس سی ایم ای سے مقامی یونانی ڈاکٹروں اور طبیہ کالج کے ڈاکٹروں کے درمیان بہتر رابطے قائم ہوں گے۔
اس موقع پر یونانی میڈیسن فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ایم ایم ایچ صدیقی، اجمل خاں طبیہ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سعود علی خاں، پروفیسر انور صدیقی، ڈاکٹر نوال الرحمٰن خاں، ڈاکٹر سمیر قاضی اور ڈاکٹر سرفراز وغیرہ موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد انس نے کی۔ بی یو ایم ایس ڈاکٹرس ایسوسی ایشن علی گڑھ یونٹ کے ڈاکٹروں سمیت طبیہ کالج کے ڈاکٹروں نے بھی سی ایم ای میں نظری و عملی تربیت حاصل کی۔
٭٭٭٭٭٭
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، اے ایم یو کے جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم خاں کو فلوریڈا کے شہر پنساکولا کی اعزازی شہریت عطا کی گئی
علی گڑھ، 2؍دسمبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر سلیم محمد خاں کو امریکی ریاست فلوریڈا کے پنساکولا شہر کی اعزازی شہریت عطا کی گئی ہے۔ وہ اس وقت امریکی محکمہ ٔ داخلہ کے انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام کے تحت امریکہ میں ہیں۔
ڈاکٹر سلیم محمد خاںکئی سماجی تنظیموں سے وابستہ ہیں۔ وہ ایک این جی او بھی چلاتے ہیں جو سماج کے کمزور طبقات کے لئے کام کرتی ہے۔ وہ اے ایم یو طلبہ یونین کی کیبنٹ کے منتخب رکن رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے چیئرمین پروفیسر انیس احمد، ڈاکٹر سلیم کے ایم ڈی تھیسِس کے سپروائزر ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
جواں دیہی صحت تربیتی مرکز پر پستان کینسر بیداری پروگرام کا اہتمام
علی گڑھ، 2؍دسمبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کی جانب سے دیہی صحت تربیتی مرکز (آر ایچ ٹی سی، جواں) میں صدر شعبہ پروفیسر انیس احمد کی رہنمائی میں پستان کینسر بیداری ماہ کے تحت بیداری مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا، پوسٹر لگائے گئے اور خود سے ہی پستان کینسر کی ابتدائی جانچ کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی گئی۔
پروفیسر انیس احمد نے کہاکہ ہندوستانی خواتین میں پستان کا کینسر بہت عام ہے اور ہر دن تقریباً دو ہزار خواتین میں اس بیماری کا پتہ چلتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ خود سے پستان کینسر کی جانچ کی جاسکتی ہے اور اس بارے میں خواتین میں بیداری پیدا کرنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر کارتیکا اور ڈاکٹر ساکشی نے مذاکرے میں پستان کینسر کے اسباب اور اس کی علامات کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ابتدا میں ہی بیماری کا پتہ چل جائے تو علاج بہت آسان ہوجاتا ہے۔ انھوں نے آئی ای سی چارٹ کے ذریعہ پستان کینسر کی ابتدائی جانچ کے بارے میں بتایا۔ ڈاکٹر تبسم اور ڈاکٹر رِتو نے بھی خواتین کو اس بارے میں جانکاری دی۔ آر ایچ ٹی سی میں اس بارے میں پوسٹر بھی چسپاں کئے گئے ، جنھیں ڈاکٹر رتو گپتا، ڈاکٹر ساکشی، ڈاکٹر سالک ، ڈاکٹر صائمہ اور ڈاکٹر رتو سنگھ نے تیار کیا تھا۔
چھوٹا جواں گاؤں کے آنگن باڑی مرکز پر بھی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا اور خود سے پستان کینسر کی جانچ کیسے کی جائے اس کے بارے میں خواتین کو تفصیل سے معلومات فراہم کی گئی۔
٭٭٭٭٭٭
انٹر ڈسپلنری برین ریسرچ سنٹر کی ریسرچ اسکالر مس شیریں فرحین نے انٹرنیشنل نیورو سائنس ورکشاپ میں شرکت کی
علی گڑھ، 2؍دسمبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کی فیکلٹی آف میڈیسن کے انٹر ڈسپلنری برین ریسرچ سنٹر کی ریسرچ اسکالر مس شیریں فرحین نے انٹرنیشنل برین ریسرچ آرگنائزیشن (آئی بی آر او) ایشیا پیسیفک کمیٹی (اے پی آر سی) کی جانب سے منعقدہ انٹرنیشنل نیورو سائنس ورکشاپ میں شرکت کی۔’’ دماغ میں دورانِ خون کی رکاوٹ: بنیادی علم الاعضاء سے دماغی بیماریوں تک‘‘کے موضوع پر یہ پروگرام چنڈی گڑھ میں 4تا 9؍نومبر 2019منعقد ہوا، جس میں نامور ماہرین نے شرکاء کو نیوروسائنس ریسرچ کی جدید تکنیکوں کی عملی تربیت فراہم کی۔
ڈاکٹر اجیت کوشک (امریکہ)، ڈاکٹر رجنیش کمار (سوئیڈن)، پروفیسر شلپا بُک (امریکہ) اور پروفیسر پرکاش بابو (حیدرآباد) جیسے ممتاز سائنسدانوں نے شرکاء کو جدید مولیکیولر تکنیکوں اور دیگر متعلقہ موضوعات کی تربیت دی۔ پروگرام کے شرکاء کو پی جی آئی ایم ای آر چنڈی گڑھ کے نیوکلیائی میڈیسن شعبہ کا دورہ بھی کرایا گیا۔
اس پروگرام کے دوران مس شیریں فرحین نے برین ٹیومر کی جلد شناخت کے لئے ہومیوڈومین ٹرانسکرپشن فیکٹرس Pax6 ، اور Nkx2.2 کے ممکنہ کردار پر اپنی تحقیق پیش کی جسے پروگرام کے سووینئر میںبھی شائع کیا گیا۔
مس شیریں فرحین، ڈاکٹر مہدی حیات شاہی کی نگرانی میں تحقیق کررہی ہیں۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker