Baseerat Online News Portal

مودی کے الیکشن کو چیلنج کرنے والی درخواست مسترد

 

الہ آباد۔۶؍دسمبر: وارانسی نشست سے بی جے پی کے ٹکٹ پرمنتخب ہونے والے وزیر اعظم نریندر مودی کو آج الہ آباد ہائی کورٹ سے ایک بڑی راحت ملی ہے۔ ہائیکورٹ نے وزیر اعظم مودی کے انتخاب کو منسوخ کرنے کے لیے دائر انتخابی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔یہ انتخابی درخواست سابق فوجی تیج بہادر یادو کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ عدالت نے میرٹ پر سماعت کے بغیر ہی یہ انتخابی درخواست خارج کردی ہے۔ دراصل ، اس معاملے میں ، وزیر اعظم مودی کی جانب سے عدالت میں یہ دلیل پیش کی گئی تھی کہ تیج بہادر نہ تو انتخابات میں امیدوار تھے اور نہ ہی وہ وارانسی سیٹ سے ووٹر ہیں ، لہٰذاان کو انتخابی عرضی داخل کرنے کاکوئی حق نہیں ہے۔عدالت نے وزیر اعظم مودی کی درخواست منظور کی اور اسی بنیاد پر تیج بہادر کی درخواست مسترد کردی۔اس معاملے میں ، جسٹس منوج کمار گپتا کے سنگل بنچ نے سماعت مکمل ہونے کے بعد 23 اکتوبر کو اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔عدالت نے اپنے 58 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا کہ تیج بہادر کو درخواست داخل کرنے کا حق نہیں ہے ، لہٰذا انہیں میرٹ کی سماعت کے بغیر ہی میرٹ کی بنیاد پرمسترد کردیا گیا ہے۔ تیج بہادر کی درخواست مسترد ہونے کی وجہ سے وزیراعظم اور وارانسی کے رکن پارلیمنٹ نریندر مودی کو ایک بڑی راحت ملی ہے۔ 2014 کے انتخابات میں کانگریس کے اس وقت کے امیدوار اجے رائے کے ذریعہ دائر درخواست کو بھی ہائی کورٹ نے گزشتہ مدت کے دوران مسترد کردیا تھا۔

You might also like