ہندوستان

آل انڈیایونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کا شہریت ترمیمی بل کےخلاف دہلی کےجنترمنترپراحتجاجی مظاہرہ، پارٹی کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بدر الدین اجمل کی قیادت میں کیے گئے اس مظاہرے میں ملک کے مختلف ریاستوں کے لوگوں نے شرکت کی

نئی دہلی، 9 دسمبر (بصیرت نیوز سروس /ایجنسی) شہریت ترمیمی بل کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پراحتجاجی مظاہرہ کیاگیاہے۔ آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بدر الدین اجمل کی قیادت میں کیے گئے اس مظاہرے میں ملک کے مختلف ریاستوں کے لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پرمولانا بدر الدین اجمل نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل مذہب کی بنیاد پر غیر ملکیوں کو شہریت دینے کی وکالت کرتا ہے جبکہ ہمارے ملک کا قانون مذہبی تعصب اور تفریق کی بالکل بھی اجازت نہیں دیتاہے؛ اسلئے اس بات کا ڈر ہے کہ اس بل سے مذہبی منافرت کو ہوا ملے گی۔

بدرالدین اجمل نے کہاکہ دوسری سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر یہ بل پاس ہو گیا تو اس ملک کی سلامتی و سیکورٹی کے لئے انتہائی خطرناک ہوگا؛ کیونکہ جب بغیر کسی ڈوکومنٹ کے بھی ان لوگوں کو شہریت دی جائے گی تو عین ممکن ہے کہ ان میں سے کوئی ملک مخالف عناصر کا ایجنٹ بن کر یہاں آئے اور ملک مخالف کام کو انجام دے اور یہ کہ وہ کسی اعلی عہدہ پر فائز ہو جائے اور ملک کے راز کو دشمن تک پہونچا دے جس کی قیمت اس ملک کو چکانی پڑے

مولانا اجمل نے کہاکہ ہم لوگ ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں کہ غیر قانونی طریقہ سے آیا ہوا کوئی بھی غیر ملکی ہو اسے باہر بھیجا جانا چاہئے خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو؛ مگر یہ بل ان میں بھی مذہب کی بنیاد پر تفریق کر رہا ہے کہ اگر غیر قانونی طریقہ سے آیا ہوا کوئی غیر ملکی اگر مسلمان ہے تو وہ درانداز ہے اور اگر وہ غیر مسلم ہے تواس کا استقبال کیا جائے گا یہ ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ ہے۔

مولانا اجمل کا کہناہے کہ سرکار ہمیشہ رونا روتی ہے کہ ملک کی آبادی بہت زیادہ ہو رہی ہے اور وسائل کی کمی ہے تو پھر دوسرے ممالک سے لوگوں کو لاکر کیوں بوجھ ڈالا جارہا ہے؟کیا اس سے وسائل کی کمی اور روزگار کی کمی میں اضافہ نہیں ہوگا؟ مولانا نے کہا کہ ان سب باتوں کے پیش نظر ہم تمام پارٹیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بل کو پارلیمنٹ میں پاس ہونے سے روکیں؛ ورنہ اس کا نتیجہ بہت خطرناک ہوگا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker