ہندوستان

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

طلبہ سے تبادلۂ خیال کے لئے اے ایم یو نے سات رکنی کمیٹی قائم کی
علی گڑھ، 18؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں گزشتہ 15؍دسمبر کو پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بعد طلبہ کے ساتھ تبادلۂ خیال کے لئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ایک سات رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس میں پروفیسر مجاہد بیگ (ڈی ایس ڈبلیو)، پروفیسر نجم خلیق (ممبر، ایکزیکیٹیو کونسل)، پروفیسر نجم الاسلام (سکریٹری، اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن)، پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری (شعبۂ سیاسیات)، پروفیسر محمد وسیم علی (شعبۂ قانون)، ڈاکٹر ایم کلیم اللہ (جوائنٹ سکریٹری، اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن) اور مسٹر سید محمد نعمان طارق (یونیورسٹی پالی ٹیکنک) شامل ہیں۔
یہ کمیٹی یونیورسٹی کے طلبہ کے خلاف درج ایف آئی آر کے معاملات، زخمی طلبہ کے لئے معاوضہ اور 15اور 16؍دسمبر کی درمیانی شب میں پیش آنے والے واقعہ سے متعلق طلبہ کی دیگر شکایات کا تصفیہ کرے گی۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر محمد عرفان کے انتقال پر شعبۂ طبیعیات میں تعزیتی جلسہ
علی گڑھ، 18؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ طبیعیات کے سابق سربراہ پروفیسر محمد عرفان کے انتقال پر شعبہ میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں اساتذہ نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کنبہ کو تعزیت پیش کی۔
صدر شعبہ ڈاکٹر بی پی سنگھ نے تعزیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ انھیں اس صدمہ کو برداشت کرنے کی طاقت و ہمت عطا کرے۔
پروفیسر عرفان اے ایم یو میں سن 2007سے 2009 تک کنٹرولر امتحانات رہے اور 2004تا 2007 صدر شعبۂ طبیعیات رہے۔ اس دوران شعبہ کی ترقی میں انھوں نے خاصا اہم کردار ادا کیا۔ سرن (CERN)پروجیکٹ کے کوآرڈنیٹر کی حیثیت سے انھوں نے ماہرین طبیعیات کی ٹیم کی قیادت کی۔ وہ اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے سکریٹری بھی رہے ۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹی اور دو بیٹے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
ہیلتھ آفس کی جانب سے حالی روڈ پر شجرکاری
علی گڑھ، 18؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ہیلتھ آفس کی جانب سے سوچھتا پکھواڑے کے تحت حالی روڈ کے کنارے پودے لگائے۔ شجرکاری مہم کے تحت فِسٹیل پام اور کچنار کے متعدد پودے لگائے گئے۔اس موقع پر پروفیسر ذکی انور صدیقی (ممبر انچارج، لینڈ اینڈ گارڈن)، پروفیسر حماد عثمانی (ڈائرکٹر، ایم اے ایس)، پروفیسر حشمت علی خاں (پرووسٹ، امبیڈکر ہال)، پروفیسر محمد وسیم علی (ممبر انچارج، شعبۂ املاک)، پروفیسر انور شہزاد، ڈاکٹر علی جعفر عابدی (یونیورسٹی ہیلتھ آفیسر)، مسٹر وائی پی سنگھ (ہیلتھ انسپکٹر) اور دیگر افراد موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭
شعبۂ طبقات الارض کے ریسرچ اسکالر محمد عدنان کا جیولوجسٹ کے طور پر انتخاب
علی گڑھ، 18؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کیشعبۂ طبقات الارض کے پی ایچ ڈی اسکالر محمد عدنان نے یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے جانب سے منعقدہ جیولوجسٹ کے مقابلہ جاتی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ جیولوجیکل سروے آف انڈیا میں بطور جیولوجسٹ کام کریں گے۔ اس کامیابی پر صدر شعبہ پروفیسر اے ایچ ایم احمد نے محمد عدنان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker