ہندوستان

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں یومِ جمہوریہ تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوگا، مشاعرۂ یوم جمہوریہ 25؍جنوری کو
علی گڑھ، 24؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں 71واںیومِ جمہوریہ تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوگا۔یومِ جمہوریہ کے موقع پر26؍ جنوری کو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور یونیورسٹی کی تاریخی عمارت اسٹریچی ہال پر صبح9.30بجے پرچم کشائی کریں گے اور مارچ پاسٹ کی سلامی لینے کے بعد جلسہ سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ بی اے کی طالبہ زینب فاطمہ اور نوشاد احمد بھی جلسہ سے خطاب کریں گے۔
وائس چانسلرپروفیسر طارق منصور ہاف میراتھن کے فاتحین کو انعامات سے سرفراز کریں گے۔26؍جنوری کو صبح7.00بجے ایس ٹی ایس اسکول کے طلبہ پر بھات پھیری نکالیں گے۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی کی دیرینہ روایات کے مطابق امسال بھی شعبۂ اردو کے زیر اہتمام یوم جمہوریہ کے موقع پر 25؍جنوری کی شام ساڑھے چھ (6:30) بجے اسمبلی ہال، یونیورسٹی پالی ٹیکنک میں مشاعرہ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں بیرونی شعراء جناب کرشن کمار طور،( ہماچل پردیش)، جناب فرحت احساس ( دہلی)، ڈاکٹر جمال اویسی(در بھنگہ)، محترمہ سلمیٰ شاہین( دہلی)، جناب شارق کیفی( بریلی) کے علاوہ مقامی شعراء بھی اپنا کلام پیش کریں گے۔
شعبۂ اردو کے صدر پروفیسر ظفر احمد نے بتایا کہ مشاعرہ کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کریں گے، جب کہ پرو وائس چانسلر پروفیسر اختر حسیب بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
٭٭٭٭٭٭
قومی وقف بورڈ ترقیاتی اسکیم سے متعلق سو سے زیادہ اسٹاف اراکین کی بابِ سید پرمظاہرہ میں شامل طلبہ سے اپیل
علی گڑھ، 24؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انٹر ڈسپلنری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلی کیشنس کے تحت جاری قومی وقف بورڈ ترقیاتی اسکیم سے متعلق سو سے زیادہ اسٹاف اراکین نے یونیورسٹی کے بابِ سید پر ہونے والے مظاہرہ میں شامل طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے امتحانات میں شامل ہوں اور افواہوں پر کسی قسم کی توجہ نہ دیں۔
مذکورہ اسکیم کے کو آرڈینیٹر پروفیسر شاداب خورشید کی جانب سے جاری اپیل میں کہا گیا ہے کہ قومی وقف بورڈ ترقیاتی اسکیم سے منسلک سبھی جی پی ایس سرویئرس اور غیر تدریسی اسٹاف اراکین طلبہ سے امتحانات میں شامل ہونے کی درخواست کے ساتھ ہی ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسی کسی سرگرمی میں شامل نہ ہوں جس سے یونیورسٹی کی شبیہہ مجروح ہوتی ہو۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ ہمارا ملک جمہوری اقدار کے لئے دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت کا حامل ہے اور یہاں کے آئین نے احتجاج کی آزادی کے ساتھ ہی تکثیریت اور غیر جانب داری کے حقوق کی ضمانت دی ہے۔ اپیل میں طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس تاریخی ادارہ کے امن پسند اور مہذب طالب علم ہونے کے ناطے افواہوں اور بے بنیاد اطلاعات پر توجہ نہ دیں اور یونیورسٹی میں امن و رواداری اور تعلیمی فضا کے فروغ میں اپنا بھر پور تعاون پیش کریں۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker