Baseerat Online News Portal

صفا اسکول نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی ،صفا ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے چار حفاظ طلبہ نے ایک دن میں مکمل قرآن حفظ سنایا،13سالہ یہ چاروں طلبہ درجہ ہشتم میں زیر تعلیم ہیں،کلام الٰہی کا سینوں میں محفوظ کرادینا رب العالمین کا خاص فضل وانعام ہے: علمائے کرام

ممبئی: 13؍فروری(بی این ایس)شہر ممبئی کے اسلامک انگلش اسکولوں میں صفا ہائی اسکول کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ یہاں عصری علوم کے ساتھ چنندہ طلبہ حفظ قرآن کی بھی سعادت حاصل کرلیتے ہیں۔ اب تک اس ادارے کے ۷۴طلبہ وحی الٰہی کو اپنے قلوب واذہان میں محفوظ کرکے قرآن حکیم کے حاملین کی فہرست میں اپنا نام درج کرواچکے ہیں۔ خالص دینی ماحول میں معیاری عصری تعلیم دینے والے اس اسکول کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہاں ایک دن میں مکمل حفظ قرآن سنانے والے طلبہ بھی ہیں چنانچہ اس سال بھی بروز بدھ 12فروری 2020ء چار طلبہ (۱)شیخ عمار بن ابوبرکت (۲)انصاری عبدالہادی بن ایاز (۳)خان تابش بن طالب (۴)شیخ محمد صالح بن علی احمد نے ایک دن میں مکمل قرآن حفظ سنایا ہے۔ صبح پونے آٹھ بجے انہوں نےقرآن سنانا شروع کیا اور عشاءتک مکمل کرلیا۔ اس دوران نماز، ناشتہ، کھانے وغیرہ کے لئے وقفہ بھی ہوتا رہا۔ اور لگ بھگ گیارہ گھنٹے صرف ہوئے۔ رات دس بجے اجتماعی دعا ہوئی۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ کے والدین/سرپرست حضرات وذمہ داران موجود تھے۔ ان کی تلاوت کی نگرانی مفتی محمد اشفاق قاضی صاحب (جامع مسجد ممبئی)، مفتی جسیم الدین قاسمی صاحب (مرکز المعارف)، قاری لطف الرحمن صاحب (دارالعلوم امدادیہ)، اور مولانا انظر صاحب (فائن ٹچ) نے فرمائی۔
اس سے قبل بھی یہاں کے پانچ طلبہ نے ایک دن مین مکمل قرآن حفظ سنایا ہے۔ یہاں حفظ کے لئے درجہ چہارم سے ایسے طلبہ کا انتخاب ہوتا ہے جو انتہائی ذہین، اکیڈمک وتجوید کی تعلیم میں ممتاز ہوں۔ ان کے لئے پانچ سال کا نصاب مخصوص ہے، درجہ ہفتم تک حفظ مکمل کرلینا ہوتا ہے اور درجہ ہشتم میں دور ہوتا ہے۔ ہر سال کا ٹارگٹ بھی متعین ہے۔ اس اہتمام کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس کے ذریعہ دیگر زیر تعلیم طلبہ کو اشتیاق اور انہیں ترغیب دلانا ہے کہ وہ بھی اسی طرح پختہ قرآن یاد کرنے کی کوشش کریں۔ اس ادارے کے بانی مرحوم شہاب الدینؒ شیخ کو یقینا اس صدقہ جاریہ کا فیض پہنچ رہا ہوگا۔ باری تعالی ان کو غریق رحمت فرمائے۔ اس وقت یہ ادارہ محترمہ عشرت شیخ، مولانا محمود دریابادی صاحب اور سلیم بھائی موٹر والا کی سرپرستی ونگرانی میں کامیابی کی راہیں طے کررہا ہے۔

You might also like