Baseerat Online News Portal

ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ، اسمرتی ایرانی کی تصویر کے سہارے راہل گاندھی نے بی جے پی پر کسا طنز

نئی دہلی:13فروری (بی این ایس )
کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے رسوئی گیس کی قیمت میں بڑے اضافہ کو لے کر بی جے پی پر نشانہ لگایا ہے۔راہل نے یو پی اے حکومت کے وقت کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں اسمرتی ایرانی سلنڈر لے کر سڑک پر احتجاجی مظاہرہ کرتے دیکھاجاسکتاہے۔راہل نے لکھاکہ میں بی جے پی کے ان ارکان سے متفق ہوں جو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 150 روپے کے بڑی اضافہ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ #RollBackHikeکے ذریعے راہل نے بڑھی قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔غور طلب ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی پٹرولیم کمپنیوں نے بدھ کو ملک میں صارفین کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں بھاری اضافہ کیا ہے۔بغیر سبسڈی کے 14.2 کلو گرام والا سلنڈر ملک کے مختلف حصوں میں 149 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے۔ملک کی راجدھانی دہلی میں بغیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 144.50 روپے بڑھ گئی ہے۔اسمرتی ایرانی کی تصویر یکم جولائی 2010 کی ہے،تب وہ بی جے پی کی خاتون مورچہ صدر تھیں۔انہوں نے اس وقت کے مغربی بنگال بی جے پی چیف راہل سنہا کے ساتھ کولکاتہ میں دھرنا دیا تھا۔اسمرتی ایرانی نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف پارٹی کارکنوں کے ساتھ مل کر سڑک جام کیا تھا۔اس وقت مرکز میں کانگریس کی قیادت والی یو پی اے 2 حکومت اقتدار میں تھی۔

You might also like