ہندوستان

مانو ریجنل سینٹر کولکاتا میں مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی کے ہاتھوں ”اذکارِ ادب“ کا اجراء

کولکاتا:۱۲/فروری (فضا امام) ریجنل سینٹر، مانو، کولکاتاواقع ۱-اے/۱، چھاتو بابو لین، محسن ہال، کولکاتا-۴۱ میں آج بعد نماز جمعہ معروف شاعر اور ادیب جناب ایم.نصر اللہ نصر کی تازہ ترین کتاب ”اذکارِ ادب“ کی رونمائی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ و مدیر ہفت روزہ ’نقیب‘ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی کے دست مبارک سے انجام پائی۔ انہوں نے کتاب کی رونمائی کرتے ہوئے کہا کہ جناب نصراللہ نصر کی کتاب ’اذکارِ ادب‘ اردو ادب کے عالمی منظر نامہ کے حوالے سے متنوع ادبی تنقید میں قابل قدر اضافہ ہے۔ ان کے مطالعے میں گہرائی، گیرائی اور اصناف کے اعتبار سے بڑا تنوع ہے نیز اس کتاب میں شاعری، افسانہ نگاری،ناول نگاری اور تحقیق و تنقید کا گراں قدر مطالعے کا خلاصہ پیش کیا ہے۔ ۰۸۴/ صفحات پر مشتمل یہ کتاب مختلف اصنافِ ادب پر اہم لوگوں کے مطالعے کا خلاصہ اور نچوڑ ہے۔ اس کتاب کے اجراء پر مصنف کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ ان کا ادبی سفر آئندہ بھی جاری و ساری رہے تاکہ اردو ادب کے قارئین کو قابل قدر مطالعہ اور استفادہ کا موقع ملے۔اس اجرائی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر امام اعظم (ریجنل ڈائریکٹر، مانو کولکاتا) نے کہا کہ نصر اللہ نصر کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ ان کا قلم رواں دواں ہے۔ وہ نصف درجن کتابوں کے خالق ہیں۔ وہ شاعر بھی ہیں اور تنقید و تحقیق سے بھی خاصا شغف رکھتے ہیں۔ دسمبر ۶۱۰۲ء میں ہوڑہ ہائی اسکول سے بحیثیت استاد سبکدوش ہوکر لکھنے پڑھنے میں مصروف ہیں۔ اس کتاب میں شامل مضامین میں تنوع ہے نیز بنگال اور بیرونِ بنگال کے شعراء و ادباء پر بھی انہوں نے خامہ فرسائی کی ہے۔ معروف ناقد پروفیسر کرامت علی کرامت کی اس کتاب کی پشت پر رائے ہے، جس میں وہ کہتے ہیں: ”…… نصر اللہ نصر کی خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے درمیانی بلکہ متوازن رویہ اختیار کیا ہے اور ان کا زیادہ تر جھکاؤ تخلیقی تنقید کی جانب ہے……۔“ اس موقع سے قاضی محمد فلاح الدین(دارالقضاء امارت شرعیہ، توپسیا، کولکاتا) اور مولانا محمد اکبر حسین (دارالقضاء امارت شرعیہ، توپسیا، کولکاتا) نے بھی اس کتاب پر روشنی ڈالی اور مصنف کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر محمد مظہر قادری(اے آر ڈی، مانو،کولکاتا) نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور ’اذکارِ ادب‘ کے مصنف نصر اللہ نصر کو مبارکباد دی اور کہا کہ کتاب نہایت جامع اور مضامین مبسوط ہیں۔صاحبِ کتاب نصر اللہ نصر نے مہمان خصوصی مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی اور ڈاکٹر امام اعظم کا شکریہ ادا کیاکہ اس مختصر سے وقت میں اس کتاب کی رونمائی ہوئی۔ واضح ہو کہ مفتی موصوف پٹنہ سے گذشتہ شب ایک تقریب مناکحت میں شرکت کی غرض سے تشریف لائے تھے اور بعد نماز جمعہ ریجنل سینٹر کولکاتا آئے۔ اس رونمائی تقریب میں شاہد اقبال، رحیل شاداب و دیگر عملے بھی موجود تھے۔اس موقع پر حاضرین نے ایک دوسرے کو بین الاقوامی یومِ مادری زبان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی مادری زبان اردو کے تئیں مخلص رہنے اور اس کی ترویج و اشاعت میں پیش پیش رہنے کا عہد بھی کیا۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker