Baseerat Online News Portal

المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کا بیسواں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد آج، معروف بزرگ عالم دین مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی کی شرکت

حیدرآباد (بصیرت آن لائن) ہندوستان میں تخصصات کے لیے عالمی شہرت یافتہ ادارہ المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کا بیسواں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد آج منعقد ہونے جارہا ہے جس کی صدارت فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ فرمائیں گے جب کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے بزرگ عالم دین اور مولانا پیرذوالفقار نقشبندی کے خلیفہ و مجاز مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی شرکت فرمائیں گے، اس موقع پر المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے زیر نگرانی چل رہے مدرسہ عبداللہ بن مسعود سے عالمیت کی تکمیل کرنے والے طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دے کر انہیں سند عالمیت سے بھی نوازا جائے گا، یہ اجلاس آج بعد نماز مغرب متصلا شروع ہوجائے گا اس موقع پر دیگر شریک ہونے والے اہم مہمانان میں مجلس علمیہ تلنگانہ کے نائب ناظم مولانا بانعیم مظاہری، ایفل یونیورسٹی کے صدر شعبہ عربی پروفیسر راشد نسیم، صفا بیت المال کے صدر مولانا غیاث احمد رشادی اور شاہین گروپ بیدر کے چئیرمین ڈاکٹر عبدالقدیر شامل ہیں.
واضح رہے کہ المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کا قیام سن 2000 میں عمل میں آیا تھا جس کا مقصد اسلامیات کے اہم شعبوں میں ماہرین کی تیاری تھی تاکہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں اختصاص کرکے امت مسلمہ کی بہترین رہنمائی کا فریضہ انجام دے سکیں، اس وقت المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد مختلف علوم و فنون میں اختصاص کی تعلیم دی جارہی ہے جس میں شعبہ افتا و قضا، علوم قرآنی، علوم حدیث، شعبہ دعوت و تبلیغ، شعبہ انگریزی، شعبہ تحقیق و تالیف، شعبہ مطالعہ مذاہب تقابل ادیان، شعبہ میڈیا اور اسلامی فائنانس وغیرہ اہم ہیں، معروف عالم دین، سینکڑوں کتابوں کے مصنف اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکریٹری و مختلف دینی وملی اداروں کے سرپرست فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب مدظلہ العالی کی نگرانی میں المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد روز بروز ترقی کے منازل طے کررہا ہے، آج منعقد ہونے والا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد اسی ترقی کی ایک نمایاں مثال ہے، المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے اپنے روزقیام سے اب تک علوم اسلامیہ کے سینکڑوں ماہرین پیدا کئے جو ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی نمایاں خدمات سے ادارہ کا نام روشن کررہے ہیں دین اسلام اور امت مسلمہ کی خدمات انجام دے رہے ہیں.

Comments are closed.