Baseerat Online News Portal

تذکرہ علمائے مدھوبنی کا تیسرا یک روزہ سیمینار 5 نومبر کو، مولانا محمد سفیان قاسمی ہوں گے مہمان خصوصی

اس سال یہ سمینار جامعہ ام الہدی پرسونی کے اشتراک سے پرسونی گاؤں میں ہی منعقد ہوگا
مدھوبنی (اسٹاف رپورٹر) ضلع مدھوبنی کے اکابر علماء کی حیات و خدمات پر مشتمل سلسلہ وار سیمینار تذکرہ علمائے مدھوبنی آنے والے 5 نومبر اتوار کو جامعہ ام الہدی پرسونی کے احاطے میں منعقد ہوگا، دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم نبیرہ حکیم الاسلام ،جانشین خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت فرمائیں گے، یہ اطلاع تذکرہ علمائے مدھوبنی سیمینار کے کنوینر مولانا محمد نصراللہ قاسمی اور مولانا نوشاد احمد نثاری نے مشترکہ طور پر جاری پریس ریلیز میں دی، انہوں نے کہا کہ تذکرہ علمائے مدھوبنی سیمینار کا سلسلہ 2021 میں شروع کیا گیا تھا، الحمد للہ اب تک دو سیمینار کامیابی کے ساتھ منعقد ہوچکے ہیں، یہ تیسرا سیمینار ہے اور اس سال سیمینار کی میزبانی مدھوبنی ضلع کا معروف مدرسۃ البنات جامعہ ام الہدی پرسونی کررہا ہے، اس سیمینار کے موقع سے جامعہ ام الہدی پرسونی میں بخاری شریف کا افتتاح بھی ہوگا اور حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی بخاری شریف کی پہلی حدیث پڑھا کر بخاری شریف کا افتتاح فرمائیں گے، سیمینار کی تیاریاں جاری ہیں، سیمینار کی سرپرستی مولانا محمد قیصر قاسمی ناظم مدرسہ بشارت العلوم کھرایاں پتھرا، مولانا محمد صدرعالم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء گوونڈی اور مولانا رضوان احمد قاسمی سابق استاد دارالعلوم وقف دیوبند فرمارہے ہیں جب کہ نگرانی کے فرائض معروف صحافی اور بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر مولانا غفران ساجد قاسمی انجام دے رہے ہیں، علمائے مدھوبنی کی حیات و خدمات پر مشتمل مجلہ کی ترتیب مفتی امداد الحق بختیار قاسمی ،مفتی محمد اللہ قیصر قاسمی اور مفتی محمد انس عباد صدیقی قاسمی نے دی ہے، مولانا عبدالناصر سبیلی ،مولانا محمد شاہد قاسمی، مفتی محمد امداد اللہ قاسمی اور مفتی مسیح احمد قاسمی وغیرہ سیمینار کی تیاریوں میں مصروف ہیں، سیمینار کی نظامت مولانا مظفر رحمانی کریں گے. اس سال جن اکابر شخصیات پر سیمینار ہورہا ہے ان میں مدرسہ بشارت العلوم کھرایاں پتھرا کے بانی مولانا عبدالحفیظ چندرسین پوری، جامعہ اشرف العلوم کنہواں سیتامڑھی کے سابق سرپرست و صدرالمدرسین مولانا جمال احمد خستہ مکیاوی، جامعہ فاطمۃ الزہراء ململ کے سابق شیخ الحدیث مولانا عبدالباقی ململی، مدرسہ عربیہ جامع مسجد امروہہ کے سابق استاذ مولانا محب الحق پروہی،مدرسہ محمود العلوم دملہ کے سابق قاضی شریعت مولانا نسیم احمد قاسمی کٹھیلا، مولانا امیرالحق مفتاحی اجرا اور مدھوبنی باٹاچوک جامع مسجد کے سابق امام وخطیب مولانا صابر قاسمی شامل ہیں، اس سیمینار میں انشاء اللہ مدھوبنی اور ریاست بہار کے نمائندہ علمائے کرام شرکت فرمائیں گے.

Comments are closed.