Baseerat Online News Portal

خادمینِ قرآن کا انسائیکلوپیڈیا ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

خادمینِ قرآن کا انسائیکلوپیڈیا

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

پروفیسر عبد الرحیم قدوائی ڈائریکٹر پروفیسر خلیق احمد نظامی مرکزِ علومِ قرآن ، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی علی گڑھ کی جانب سے ‘برِّ صغیر کے فضلاء کی قرآنی خدمات’ کے پروجکٹ کے تحت تیار کردہ پورا سیٹ تحفۃً موصول ہوا تو اتنی خوشی ہوئی کہ اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں _ قدوائی صاحب راقم سے بہت محبت کرتے ہیں اور اس کی تحریروں پر قدر و ستائش کے کلمات کا اظہار کرتے رہتے ہیں _
ڈاکٹر عبد الرحیم قدوائی انگریزی تراجمِ قرآن پر اتھارٹی ہیں _ وہ انگریزی مجلہ مسلم ورلڈ بک ریویو (UK) کے مستقل قلم کار ہیں _ انگریزی تفاسیر اور علوم قرآنی کی بہت سی کتابوں پر انھوں نے اس میں ناقدانہ تبصرہ کیا ہے _ اس موضوع پر ان کی کئی کتابیں ہیں _ انھوں نے مولانا سید ابو الاعلی مودودی کی تفسیر تفہیم القرآن کا انگریزی ترجمہ کرنے میں ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری کی مدد کی ہے _ خود بھی آسان انگریزی میں قرآن مجید کا ترجمہ کیا ہے _ وہ اگرچہ مسلم یونی ورسٹی کے شعبۂ انگریزی میں پروفیسر ہیں ، لیکن عرصے سے یونی ورسٹی کے اکیڈمک اسٹاف کالج ، UGC- HRD سینٹر کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں _ چند برس سے مذکورہ مرکز علوم القرآن کے ڈائریکٹر کی اضافی ذمے داری بھی ان پر ہے _ جب سے انھوں نے اس مرکز کا چارج لیا ہے ، اس کی علمی و اشاعتی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے _

2017 میں مرکز کے تحت ڈاکٹر ابو سفیان اصلاحی کی کتاب ‘ادارۂ سرسید مسلم یونی ورسٹی علی گڑھ کے مشاہیرِ قرآنیات’
(صفحات 232 ، قیمت :300 روپے) منظرِ عام پر آئی تھی _ اس میں 41 مشاہیر کا تذکرہ تھا _ اس کے بعد ‘برِّ صغیر کے فضلاء کی قرآنی خدمات’ کے نام سے ایک پروجکٹ شروع کیا گیا _ اس کے تحت اب تک 8 کتابیں شائع ہو چکی ہیں :
(1) مدرسۃ اصلاح کے فضلاء کی قرآنی خدمات _ ڈاکٹر ابو سفيان اصلاحی (صفحات:312 ،قیمت :400 روپے) اس میں 10 شخصیات کا تذکرہ ہے _
(2)ندوی فضلاء کی قرآنی خدمات _ ڈاکٹر محمد طارق ایوبی ندوی (صفحات : 168 ،قیمت 300 روپے) اس میں 31 شخصیات کا تذکرہ ہے _
(3) شیعہ فضلاء کی قرآنی خدمات _ ڈاکٹر رضا عباس (صفحات :104 ، قیمت : 200 روپے) اس میں 33 شخصیات کا تذکرہ ہے _
(4) جماعت اسلامی کے فضلاء کی قرآنی خدمات _ ڈاکٹر ضیاء الدین فلاحی (صفحات : 208 ،قیمت 350 روپے) اس میں 10 شخصیات کا تذکرہ ہے _
(5) اہلِ حدیث فضلاء کی قرآنی خدمات _ مولانا رفیق احمد رئیس سلفی (صفحات : 216 ،قیمت 400 روپے) اس میں 8 شخصیات کا تذکرہ ہے _
(6) بریلوی فضلاء کی قرآنی خدمات _ ڈاکٹر محمد ایوب اکرم (صفحات : 264 ،قیمت 500روپے) اس میں 52 شخصیات کا تذکرہ ہے _
(7) ہند و پاک کے مشاہیر کی قرآنی خدمات _ ڈاکٹر ضیاء الدین فلاحی (صفحات : 240 ،قیمت 500 روپے)اس میں 6 شخصیات کا تذکرہ ہے _
(8) فضلائے دیوبند کی قرآنی خدمات _ ڈاکٹر مفتی محمد مشتاق تجاروی (صفحات : 400 ، قیمت :600 روپے) اس میں 95 شخصیات کا تذکرہ ہے _
اوّل الذکر 5 کتابیں 2019 میں طبع ہوئی تھیں ، باقی 2020 میں منظر عام پر آئی ہیں _ ابھی یہ سلسلہ جاری ہے _ امید ہے ، اس سیریز کی اور بھی کتابیں شائع ہوں گی _

ڈاکٹر عبد الرحیم قدوائی اور مرکز علوم القرآن میں ان کے معاونین مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان کی کوششوں سے ایک اہم اور قابلِ قدر کام انجام پایا ہے _ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے اور ان کی کوششوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے _
یہ کتابیں براؤن پبلیکیشنز نئی دہلی سے شائع ہوئی ہیں _ اس کی علی گڑھ برانچ سے حاصل کی جاسکتی ہیں :
Brown Books
Shamshad Market, Aligarh _202001
Mob:+91_9818897975
Email:[email protected]

Comments are closed.