Baseerat Online News Portal

ختم نبوت زندہ باد

علامہ انور شاہ کشمیری نے کہا تھا: ’’گلی کا کتا بھی ہم سے بہتر ہے اگر ہم تحفظ ختم نبوت نہ کرسکیں۔تحفظ ختم نبوت کتنا اہم ترین مسئلہ ہے، اس کا اندازہ آپ فخر المحدثین علامہ انور شاہ کشمیری قدس سرہٗ کے مذکورہ جملے سے کرسکتے ہیں۔
ختم نبوت اور قرآن
قرآن کریم نے مسئلہ ختم نبوت کو تقریباً سو مقامات پر ذکر کیا ہے، کہیں صراحتاً، کہیں کنایتہ، کہیں عبارت النص سے، کہیں اقتضاء النص سے، کہیں اشارۃ النص سے تو کہیں دلالت النص سے، جس کو پوری تفصیل کے ساتھ حضرت اقدس مفتی محمد شفیع صاحب قدس اللہ سرہٗ اپنی تصنیف ’’ختم النبوۃ فی القرآن‘‘ میں ذکر کیا ہے اور دوسری تصنیف لطیف ’’ختم النبوۃ فی الاحادیث‘‘ میں۲۱۰؍ احادیث جمع فرمائی اور ’’ختم النبوۃ فی الآثار‘‘ میں امت کا اجماع، سیکڑوں علمائے امت کے اقوال ختم نبوت کی تائید میں جمع فرمادیے۔ اللہ حضرت کو امت کی جانب سے بہترین بدلہ عطا فرمائے، آمین یا رب العالمین!
آں حضرتﷺ پر ہر قسم کی نبوت اور وحی کا اختتام اور آپﷺ کا آخری نبی ورسول ہونا اسلام کے ان بدیہی مسائل اور عقائد میں سے ہے، جن کو تمام عام و خاص، عالم وجاہل، شہری اور دیہاتی مسلمان ہی نہیں؛ بلکہ بہت سے غیرمسلم بھی جانتے ہیں، تقریباً چودہ سو برس سے کروڑہا مسلمان اس عقیدہ پر ہیں، لاکھوں علماء امت نے اس مسئلہ کو قرآن وحدیث کی تفسیر وتشریح کرتے ہوئے واضح فرمایا، کبھی یہ بحث پیدا نہیں ہوئی کہ نبوت کی کچھ اقسام ہیں، اور ان میں سے کوئی خاص قسم آں حضرتﷺ کے بعد باقی ہے، یا نبوت کی تشریعی غیر تشریعی یا ظلی وبروزی یا مجازی وغیرہ اقسام ہیں، قرآن وحدیث میں اس کا کوئی اشارہ تک نہیں، پوری امت اور علماء امت نے نبوت کی یہ قسم نہ دیکھی اور نہ سنی؛ بل کہ صحابہ و تابعین سے لے کر آج تک پوری امت محمدیہ علی صاحبہا الصلوٰۃ والسلام اس عقیدہ پر قائم رہی کہ آں حضرتﷺ پر ہر طرح کی نبوت ورسالت ختم ہے، آپﷺ کے بعد کوئی نبی یا رسول پیدا نہیں ہوگا۔ (حضرت عیسیٰ علیہ السلام جو آپ سے پہلے پیدا ہوکر منصب نبوت پر فائز ہوچکے ہیں، ان کا اخیرزمانہ میں آنا اس (ختم نبوت) کے قطعاً منافی نہیں)۔
ختم نبوت کے معنی یہ ہیں کہ نبوت اور پیغمبری حضور ﷺ کی ذات بابرکت پر ختم ہوگئی اور آپﷺ انبیاء کے خاتم (بالکسر) ہیں یعنی سلسلہ انبیاء کے ختم کرنے والے ہیں اور آپﷺ سلسلہ انبیاء کے خاتم (بالفتح) یعنی مہر ہیں۔ اب آپﷺ کے بعد کسی قسم کا کوئی نبی نہ ہوگا، مہر کسی چیز کا منہ بند کرنے کے لیے لگاتے ہیں، اسی طرح حضور پرنورﷺ سلسلہ انبیاء پر مہر ہیں، اب آپﷺ کے بعد کوئی اس سلسلہ میں داخل نہیں ہوسکے گا، اور قیامت تک کوئی شخص اب اس عہدہ پر فائز نہ ہوگا۔
فائدہ: ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم خدا کے آخری نبی ہیں، ان کے بعد کوئی بڑا سے بڑا متقی، ولی یا پیر بھی اگر اپنے آپ کو نبی کہے تو وہ جھوٹا، مکار بدترین کافر اور دوسروں کو گمراہ کرنے والا ہے جیسا کہ مرزا غلام احمد قادیانی اور حال ہی میں رونما ہونے والا شکیل بن حنیف ان دونوں کمینوں نے نبوت کا دعویٰ کیا اور ہزاروں ایمان والوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈالا، ان کے متبعین اور احمدی جماعت والے پیسے کی خاطر آج بھی لوگوں کو گمراہ کرنے میں لگے ہوئے ہیں؛ لہذا ہم سب کو چاہیے کہ اپنے ایمان کی حفاظت کریں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
از: مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی ترجمان جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج و صوبائی انچارج راشٹریہ علماء کونسل

Comments are closed.