Baseerat Online News Portal

سارہ علی خان کیا کرتی؟

اتواریہ: شکیل رشید 

حیرت بھی ہوئی او رکچھ غصہ بھی آیا لیکن جب غور کیا تو احساس ہوا کہ فلمی دنیا کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سارہ علی خان نے کچھ ایسا غلط نہیں کیا کہ اس پر طنزونشتر کے اتنے سارے تیر چھوڑ دئیے جائیں۔ بات صرف اتنی ہے کہ سارہ علی خان نے ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ کو ’ٹوئٹر‘ کے ذریعے ان کے جنم دن پر مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس پر کئی طرف سے انگلیاں اُٹھیں، کسی نے کہاکہ یہ دیکھو نواب منصور علی خان پٹودی کی پوتی ہوکر امیت شاہ کے سامنے سر جھکا رہی ہے۔ کسی نے دا دی یعنی شرمیلا ٹیگور کی طرف انگلی اُٹھائی کہ یہ اس ٹیگور گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جو کبھی کسی آمر کے سامنے نہیں جھکا۔ رابندر ناتھ ٹیگور نے ہر حالت میں ، ڈر کے سامنے نہ جھکنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور لوگوں سے بار بار کہا ہے کہ وہ اپنے سر کو خوف کے سامنے جھکنے نہ دیں۔ مذاق اڑایاگیا کہ شرمیلا ٹیگور کی پوتی او ر ٹیگور گھرانے کی پڑپوتی نے امیت شاہ کے سامنے سرجھکادیا۔ حیرت ہونی تھی ، ہوئی، غصہ آنا تھا، آیا لیکن سوال یہ ہے کہ ایسے ماحول میں جب کوئی کسی کی مدد کےلیے آگے نہیں بڑھتا ہے سارہ علی خان کیا کرتی؟سارہ علی خان نے سنا ہوگا کہ اس کے دادا یعنی نواب منصور علی خان پٹودی کو بھی نہیں بخشا گیا تھا۔ہم سب جانتے ہیں کہ کالے ہرن کے شکار کے ایک معاملے میں پولس نے انہیںبری طرح سےہراساں کیا تھا۔ سیف علی خان ،سارہ کے والد بھی ہرن کے شکار معاملے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ گویا یہ خاندان ہی نشانے پر ہے۔ ابھی زیادہ وقت نہیں بیتا ہے کہ ریا چکرورتی کے منشیات معاملے میں سارہ علی خان کو بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے دفتر کے چکر کاٹنے پڑے تھے۔ اور اب آرین خان کی گرفتاری اور اننیا پانڈے کی طلبی کے بعد یقیناً اسے خوف ہوگا کہ کہیں پھر اسے این سی بی کے دفتر کے چکر نہ کاٹنے پڑیں اور اس کا کیرئیر دائو پر لگ جائے۔ فلمی دنیا کی خود غرضی اس نے دیکھ لی ہے۔ کوئی نہ اس کےلیے سامنے آیا تھا اور نہ ہی آرین اور شاہ رخ خان کے لیے سامنے آرہا ہے۔ سب ہی نے برسراقتدار ٹولے کے آگے سرجھکا دیئے ہیں۔ کیا کسی نے امیتابھ بچن کو بولتے ہوئے سنا؟ کیا اکشے کمار بولے! کیا انوپم کھیر نے جو شاہ رخ خان کی فلموں میں نظر آتے ہیں، ناانصافی پر زبان کھولی؟ چند ہی لوگ ہیں جیسے سورا بھاسکر، اور سونو سود وغیرہ جو بول رہے ہیں۔ باقی ساری فلمی دنیا ،کیا ادکار، اداکارائیں، اور فلم ساز وہدایت کار سب کی زبانوں پر تالے پڑگئے ہیں۔ شاہ رخ خان نے کتنوں کو اپنی فلموں کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے، لیکن مصیبت کی اس گھڑی میں کوئی بھی سامنے نہیں آرہا ہے۔ بڑے بڑے اسٹار تو بالکل نہیں۔ سیف علی خان سے لے کر عامر خان تک سب ہی نشانے پر ہیں۔ سب کی جان پر بنی ہوئی ہے، اور سب ہی کو ڈر ہے کہ کہیں ایجنسیاں ان کے گھروں اور دفتروں پر چھاپہ مارنا نہ شروع کردیں، کہیں ان کے بچوں کو نہ دھر دبوچیں۔ سارہ علی خان کو بھی گرفتاری یا ہراساں کیے جانے کا خوف ہے ، لہذا اس نے امیت شاہ کی چاپلوسی میں ٹوئٹ کردیا ہے۔۔۔شاید اب یہی ہوگا، شاید پوری فلمی دنیا کو جھکنا پڑے گا، ٹوئٹ کرنا پڑے گا۔ فلمی دنیا کی چکاچوند کے پیچھے جو اندھیرا ہے وہ ظاہر ہوگیا ہے۔ سب بے ریڑھ کی ہڈی والے ہیں۔

Comments are closed.