Baseerat Online News Portal

سوانح حیات خاتم النبیین حضرت محمدﷺ

 

انعم شہزادی (راولپنڈی )

اس کائنات میں حضور سرور کائنات خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺکی حیثیت بے مثال آفتاب درخشاں کی ہے جو غار حرا سے طلوع ہوا اور ساری کائنات پر چھا گیا۔ آپ ﷺ کائنات کی عظیم ترین شخصیت ہیں جس کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں ۔آپﷺ بے مثل نیر اعظم ہیں۔ جس طرح سورج نکلتا ہے تو موجودات عالم کے ہر چیز کو روشن کر دیتا ہے اس طرح آسمان روحانیت کانیراعظم ﷺ انسانوں کے قلب و نظر کو منور کر رہا ہے۔ اس نیر درخشاں نے کفر ضلالت کی تاریکی کونور سعادت میں تبدیل کر دیا اور دھندلکوں کو ختم کر دیا جو انسانی ذہن وقلب کا احاطہ کیے ہوئے تھے ۔

آپ ﷺ کا نام محمد بن عبداللہ تھا۔ آپ ﷺکی ولادت بارہ ربیع الاول عام الفیل کو مکہ شہر میں ہوئی۔ آپﷺ کے والد کا نام عبداللہ اور والدہ کا نام آمنہ تھا۔ آپﷺُ کی گیارہ شادیاں ہوئیں جن میں سے حضرت عائشہ کے علاوہ تمام بیوہ تھیں ۔ان میں سے صرف حضرت خدیجہ اور حضرت ماریہ قطبیہ سے اولاد ہوئی ۔آپ ﷺوہ عظیم انسان ہیں جن سے زیادہ کسی کی تعریف نہیں کی گئی۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ کسی نے آپﷺ سے زیادہ اپنے خالق کی تعریف ہی نہیں کی ‘ جس عظیم انسان کی تعریف خود خالق کائنات کرے اور جسکی تعریف خود رب الکریم کرے اور اس پر درود سلام بھیجے اس سے بڑھ کر کون سی شخصیت ہو سکتی ہے ۔آپ ﷺکی ذات گرامی موجودات عالم کی محسن ہے’ رحمت اللعالمین ہے وہ خدا تعالی کی رحمت کا سرچشمہ ہے اس پر خداوند کریم اپنی رحمت کے خزانے لٹاتے ہے۔ جہاں سے رحمت مخلوقات میں تقسیم ہوتی ہے۔ ہم رسول پاکﷺ پر درود بھیجتے ہیں۔ اس کا مقصد یہ نہیں کہ رسول ﷺہماری دعا کے محتاج ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ رسول پاکﷺ پر زیادہ سے زیادہ خدا تعالی کی رحمت نازل ہوتی کہ آپﷺ کے خزانہ رحمت سے زیادہ سے زیادہ رحمت مخلوقات میں تقسیم ہو ۔

نبی خدا تعالی کا خلیفہ ہوتا ہے۔ اس لئے سوائے صفت معبودیت کے تمام صفات خداوندی کا عکس اس میں موجود ہوتا ہے۔ خدا رحیم ہے۔اس کا نبی بھی رحیم ہوتا ہے۔ہمارے آقاﷺ رحمت مجسم ہیں۔ آپ ﷺکی تمام تر تعلیم رحمت کی تعلیم ہے ۔آپﷺ نے دنیا کو ظلمت سے نکال کر نور عطا کیا آپ ﷺنے خدا اور اس کے بندوں کے درمیان رشتہ قائم کیا۔ ان تمام لوگوں کو جنہوں نے آپﷺ پر یا آپﷺ کے غلاموں پر ظلم کیے تھے اپنی رحمت سے معاف کر دیا۔ آپﷺ دوستوں ہی کے لیے نہیں ‘دشمنوں کے لیے بھی سراپا رحمت تھے اور صرف اسی عالم کے لئے نہیں بلکہ تمام عالموں کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ اس لیے تو آپ رحمت اللعالمین کا لقب عطا ہوا ۔

جہاں جہاں تک اللہ تعالی کی بادشاہت ہے وہاں وہاں تک آپ ﷺ کی رسالت ﷺکا سکہ چلتا ہے۔ ہوا، پانی ،بحروبر ،جن وبشر، زمین و آسماں،حیوانات،نباتات ، جمادات غرضیکہ کائنات کے ذرّےزرّے پر اللہ تعالی کی حاکمیت ہے۔ ان سب پر حضور ﷺ کی رسالت کی حاکمیت بھی ہے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جاری رہے گی’ کیونکہ خدا تعالی کی حاکمیت بھی ہمیشہ کے لئے جاری ہے۔ گویا نہ اس کا ادھرکنارہ ہےاور نہ ادھر کنارہ ہے۔ شان رسالتﷺ کی بھی کوئی حد نہیں۔ آپ ﷺہمیشہ ہمیشہ کے لیے سارے جہانوں کیلئے رحمت اللعالمینﷺ ہیں۔

Comments are closed.