Baseerat Online News Portal

فتاویٰ امارت شرعیہ برائے روزہ،کورونااوراعتکاف

 

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسائل ذیل میں کہ
بحالت روزہ کورونا ٹیسٹ کرانے کا حکم
(۱) کورونا وائرس ٹسٹ کے لیے پلاسٹک کی اسٹک ناک اور حلق میں ڈالی جاتی ہے ،اس اسٹک پر خشک روئی لگی ہوتی ہے،جس کو ایک بار ڈال کر نکال لیا جاتاہے،پھر اس پر لگی رطوبت کو مشین کے ذریعہ ٹسٹ کیا جاتاہے ؛تو کیا روزہ کی حالت میں کورونا کا یہ ٹسٹ کرایاجاسکتاہے اور اس سے روزہ پر اثر پڑے گا یا نہیں؟
روزہ میں کورونا ویکسین لگانا
(۲) موجودہ حالات میں جبکہ کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہاہے اور اور اس سے حفاظت کے لیے کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے،تو روزہ کی حالت میں کورونا ویکسین لینے سے روزہ پر کوئی اثر پڑے گایا نہیں؟مدلل جواب تحریر فرمائیں۔
موجودہ حالات میں اعتکاف کا حکم
(۳) کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ملک میں حکومت کی طرف سے مذہبی مقامات پر بھیڑ بھاڑ اور اجتماع پر پابندی عائد ہے ، ایسی صورت حال میں رمضان کے اخیر عشرہ کا اعتکاف جو مسنون ہے ، اس کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے ؟اگر گوئی مرد گھر میں اعتکاف کرلے تو مسنون اعتکاف ادا ہو گا یا نہیں؟کتاب و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں ۔

الجواب وباللہ التوفیق
(۱) کورونا وائرس ٹسٹ کے لیے ناک او ر حلق میں جو پلاسٹک کی اسٹک ڈالی جاتی ہے اس اسٹک پر لگی ہوئی روئی خشک ہوتی ہے اس میں کسی قسم کی کوئی دوا نہیں ہوتی ہے ،او راس خشک روئی کے ذریعہ ناک و حلق کی رطوبت لی جاتی ہے ،وہ اسٹک ایک بار نکالنے کے بعد دوبارہ ناک و حلق میں نہیں ڈالی جاتی ہے تو ایسی صورت میں بحالت روزہ کورونا وائرس کامذکورہ ٹسٹ کرایا جاسکتاہے ،شرعاًجا ئز ہے اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا ،اس لیے کہ اس صورت میں روزہ ٹوٹنے اور نہ ٹوٹنے کا مدار اس پر ہے کہ داخل ہونے والی چیز اندر ٹہرگئی یا واپس آگئی ،اگر واپس آگئی تو روزہ نہیں ٹوٹا ورنہ روزہ ٹوٹ جائے گا ۔
وکذالوابتلع خشبۃ أو خیطاًولوفیہ لقمۃ مربوطۃًإلاأن ینفصل منھا شئی ومفادہ أن استقرار الداخل فی الجوف شرط للفساد(الدرالمختار)
قولہ:(وکذا الوبتلع خشبۃً)أی عودا من خشب إن غاب فی حلقہ أفطر وإلا لا قولہ (مفادہ)أی مفاد ماذکر متناًوشرحاًوھو أن مادخل فی الجوف إن غاب فیہ فسد وھوالمراد باالاستقرار وان لم یغب بل بقی طرف منہ فی الخارج أو کان متصلاًبشیئی خارج لایفسد لعدم الاستقرار (رد المحتارکتاب الصوم باب مایفسد الصوم و ما
لایفسدہ:ج۳ص ۳۶۹)

(۲) کورونا ویکسین بھی عام انجکشن کی طرح ہے ،جس طرح عام انجکشن لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے اسی طرح بحالت روزہ کورونا ویکسین کا انجکشن لینے سے بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا اس لیے کہ جب کوئی چیز منفذاصلی (منھ،ناک ،کان ،دبروقبل)کے ذریعہ معدہ یا دماغ تک پہونچے تو اس سے روزہ ٹوٹتاہے اور منفذاصلی کے علاوہ دوسرے راستہ مثلاًرگ،مسام وغیرہ کے ذریعہ معدہ یا دماغ تک پہونچے تو روزہ نہیں ٹوٹتاہے اور انجکشن کے ذریعہ دوا معدہ تک رگوں کے واسطے سے پہونچتی ہے ،جو مفسد صوم نہیں ۔
ماوصل إلی الجوف أوالدماغ من المخارق الأصلیۃ کالأنف أوالأذن أو الدبر بأن استعط أو احتقن أو أقطر فی أذنہ فوصل إلی الجوف أو إلی الدماغ فسد صومہ (بدائع الصنائع کتاب الصوم فصل الصوم:ج۲ص۲۴۳)
والداخل من المسام لاینافی کما لواغتسل بالماء البارد (ھدایۃ: باب مایوجب القضاء و الکفارۃ:ج۱ص:۲۱۷)
(۳) اعتکاف کے لیے مسجد شرط ہے ،’’وأنتم عٰکفون فی المسٰجدِ‘‘(البقرۃ:۱۸۷)
’’عن ابن عمر رضی اللہ عنھما أن النبی صلی اللہ علیہ وسلم کان یعتکف العشر الأواخر من رمضان قال نافع ققد أرانی عبداللہ المکان کان ’’یعتکف فیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم من المسجد‘‘(السنن لأبی داؤد ـ:باب این یکون الإعتکاف:ج:۱؍ص:۳۳۴)
واما الذی یرجع إلی المعتکف فیہ فالمسجد وأنہ شرط فی نوعی الإعتکاف ھو المسجد یستوی فیہ الإعتکاف الواجب والتطوع لأن النص مطلق ثم ذکر الکرخی أنہ لایصح الاعتکاف إلا فی مساجد الجماعات وقال الطحاوی أنہ یصح فی کل مسجد ‘‘(بدائع الصنائع :ج :۲؍ص:۲۸۰)
رمضان المبارک کے اخیر عشرہ کا اعتکاف سنت مؤکدہ علی الکفایہ ہے ،بستی والوں میں سے ایک آدمی بھی مسجد میں اعتکاف کرلیتاہے تو تمام لوگوں کے ذمہ سے یہ سنت ساقط ہو جائے گی ۔’’وسنۃ مؤکدۃ فی العشر الأخیر من رمضان أی سنۃ کفایۃ‘‘(الدرالمختار)قولہ:(أی سنۃ کفایۃ)نظیرھا إقامۃ التراویح بالجماعۃ فإذا قام بھا البعض سقط الطلب عن الباقین‘‘(رد المحتار:ج:۳ص:۴۳۰)لہٰذا موجودہ حالات میں چند افراد جو مسجد میں نماز اداکررہے ہیں ان میں سے کم ازکم ایک آدمی بھی اعتکاف کر لے اور اگرا ن میں سے کوئی بھی اعتکاف کے لیے تیا ر نہ ہوتو بستی والوں میں سے ایک آدمی بھی مسجد میں اعتکاف کرلیتا ہے تو تمام لوگوں کے ذمہ سے یہ سنت ساقط ہوجائے گی،مرد کے لیے گھر میں اعتکاف درست نہیں ہے ،گھر میں اعتکاف کرنے سے مسنون اعتکاف ادا نہیں ہوگا۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم

محمد شمشاد رحمانی قاسمی
نائب امیر شریعت
بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ
۱۶؍رمضان المبارک ۱۴۴۲ھ؁

سہیل احمد قاسمی
صدرمفتی امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ وجھارکھنڈ
پھلواری شریف پٹنہ
۱۶؍رمضان المبارک ۱۴۴۲ھ

محمد سعید الرحمٰن قاسمی
مفتی امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ
پھلواری شریف پٹنہ
۱۶؍رمضان المبارک ۱۴۴۲ھ؁

Comments are closed.