Baseerat Online News Portal

مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کو دیا یوپی کی بیسٹ این جی اوکا ایوارڈ

سوسائٹی سماج کے ہر طبقہ کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے کام کرتی ہے: سعد صدیقی
دیوبند، 19؍ اگست (سمیر چودھری؍بی این ایس)
سماجی تنظیموں (این جی اوز) کے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنے والی تنظیم ایسوسی ایشن مسلم پروفیشنل (اے ایم پی) کے ذریعہ مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کو 2022میں اترپردیش کی سب سے بہترین این جی او کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کو ریاست کی سب سے بہترین این جی او کا ایوارڈ دیئے جانے پر شہر کے سیاسی ،سماجی اور سرکردہ افراد نے سوسائٹی کے چیئرمین سعد صدیقی اور سکریٹری احمد صدیقی کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے سماجی کاموں کی تعریف کی۔ 76ویں یوم آزادی کے موقع پر اے ایم پی کی جانب سے منعقدہ آن لائن پروگرام میں دوسرے اے ایم پی نیشنل ایوارڈ اور سوشل ایکسی لینس 2022کا اعلان کیا گیا جس میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کو ان کی مذہبی اور سماجی خدمات کے لئے لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ پیش کیا گیا ، جب کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سابق ترجمان مولانا سجاد نعمانی کی تنظیم رحمن فائونڈیشن کو ہندوستان کا بیسٹ این جی او ایوارڈدیا گیا۔ جب کہ دیوبند کی مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کو اے ایم پی کی جانب سے اترپردیش کے بیسٹ سماجی تنظیم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اے ایم پی کی جانب سے ملک بھر کے سیکڑوں نامور تنظیموں میں سے 14قومی تنظیم اور 82ریاستی تنظیموں کو ان کی سماجی خدمات کے پیش نظر بیسٹ این جی او ایوارڈ دیا گیا ہے۔ جس میں خاص طو ر سے ہمدرد نیشنل فائونڈیشن ہیومن ویلفیئر فائونڈیشن ، اسلامک سینٹر آف انڈیا ، عیسیٰ فائونڈیشن، جمعیۃ اوپن اسکول، رحمن فائونڈیشن اور زکوٰۃ فائونڈیشن شامل ہیں۔ اے ایم پی کے چیئرمین عامر ادریسی نے بتایا کہ سماجی خدمات کے میدان میں بہترین خدمات پیش کرنے والوں کو ان کی تنظیم کی جانب سے ہمیشہ ان کو اعزاز سے نوازتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم پی مقابلہ نہیں بلکہ تعاون پر یقین رکھتا ہے ۔ انہوں نے مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے سماجی کاموں کی تعریف کی، خاص طو رپر سوسائٹی کی جانب سے تعلیم اور صحت کے میدان میں کی جارہی خدمات کی پرزور تعریف کی ۔ فاروق صدیقی پروجیکٹر ہیڈ این جی او کنیکٹ نے مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کی سماج کے لئے کی جانے والی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے اترپردیش کی بیسٹ سماجی تنظیم کے ایوارڈ سے نوازا۔ سوسائٹی کے چیئرمین سعد صدیقی اور سکریٹری احمد صدیقی نے اے ایم پی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے قیام کا مقصد غریب اور سماج کے دبے کچلے اور پسماندہ طبقات کو برابری کا حق دلانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوسائٹی خاص طو ر سے تعلیم ، صحت اور جنرل ویلفیئر کے میدان میں کام کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں پسماندہ اور مالی طو ر سے کمزور طلبہ وطالبات کو اسکالر شپ دے کر انہیں آگے بڑھانے کے مواقع مہیا کراتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی سماج کے ہر طبقے تک بہتر طبی سہولیات پہنچانے کے لئے ہمیشہ آگے رہتی ہے ۔ سعد صدیقی نے بتایا کہ ہماری سوسائٹی سماج کی دیگر ضروریات کے لئے بھی برابر کام کررہی ہے۔ مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کو مذکورہ ایوارڈ ملنے پر شہر کے سرکردہ افراد جن میں معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی، جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹرانور سعید ، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید ، یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹرعبید اقبال عاصم ،مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی وغیرہ نے سوسائٹی کے چیئرمین سعد صدیقی اور سکریٹری احمد صدیقی کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے سماجی کاموں کی تعریف کی۔

Comments are closed.