Baseerat Online News Portal

روزہ عبادت کے ساتھ سیلف کنٹرول کی مشق: پروفیسر شکیل قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز) روزہ دار ہر لحاظ سے ماہ رمضان میں اپنی تربیت کرتا ہے۔ اپنی ایمانی، روحانی طاقت کو مضبوط کرتا ہے۔ وہ روزے کی حالت میں جائز چیزوں کو چھوڑ کر اعلان کرتا ہے کہ جب ہم نے اپنے خالق کی رضا کے لئے حلال کو چھوڑ دیا ہے تو پھر ہم حرام کے قریب کیسے جا سکتے ہیں۔جھوٹ، غیبت، چغلی، بہتان کی خرابیوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھتا ہے۔ اچھے اعمال کا اہتمام کرکے اپنی تربیت کرتا ہے اور سوچتا ہے کہ اگلے گیارہ مہینوں کو بہتر انداز میں گزارنے کے لئے ہم مثالی مشق کر رہے ہیں۔ روزہ اہم ترین عبادت کے ساتھ ضبط نفس کی مشق اور سیلف کنٹرول کی ٹریننگ کا نام ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ، چیرمین فاران فاؤنڈیشن انڈیا نے اپنے بیان میں کیا۔
جناب قاسمی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اہل ایمان اخلاقی و روحانی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں، رب کائنات کی قربت و خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں، ذوق و شوق سے عبادت کرتے ہیں، اپنے روزوں کو مثالی اور معیاری بناتے ہیں، روزوں کے اصل مقصد اور روح کو حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔رمضان کے خوشگوار اثرات سماج میں بھی دکھائی دیتے ہیں۔ہم سب لوگوں کے لئے مناسب ہوگا کہ رمضان کے فیوض و برکات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔

Comments are closed.