Baseerat Online News Portal

نواز گرلز پبلک اسکول کے سالانہ نتائج کااعلان

بڑی اور یادگار کامیابی کے لئے مسلسل محنت و جدوجہد ضروری: ڈاکٹر نواز دیوبندی
دیوبند،24؍ مارچ(سمیر چودھری؍بی این ایس)
معروف عصری تعلیمی ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول میں سالانہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے دوران درجہ نرسری سے درجہ 11تک کی طالبات کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح ادارہ کے سرپرست اور منیجر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کیا۔ اسکول کی پرنسپل فوزیہ عبدا للہ خان نے سالانہ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے طالبات کو مبارک باد دی اور کہا کہ طالبات تعلیم کے حصول کے لئے زیادہ سے زیادہ محنت ، جد وجہد اور تعلیم کے تئیں دلچسپی کا مظاہرہ کریں، تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اعلی تعلیم یافتہ بن سکیں۔ اس موقع پر اسکول کے سرپرست ڈاکٹر نواز دیوبند ی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پورے سال کی تعلیمی محنت کا نتیجہ رزلٹ کارڈ کی شکل میں آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ رزلٹ آپ کی محنت ، تعلیم کے لئے دلچسپی، لگن اور تعلیمی سنجیدگی کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رزلٹ کو سامنے رکھ کر ہر ایک طالبہ اپنا محاسبہ کر سکتی ہے، کیونکہ جن طالبات نے وقت کو برباد کئے بغیر اپنی تعلیمی تیاری کی ان کے چہروں پر آج خوشی چہروں سے عیاں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ یاد رکھنے کی بات ہے کہ وقتی طور پر ہم چھوٹی کامیابی تو حاصل کر سکتے ہیں لیکن بڑی اور یادگار کامیابی مسلسل جدوجہد اور محنت کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کامیاب طالبات اور ان کے والدین کو مبارک بادپیش کرتے ہوئے کہا کہ ان نتائج کے لئے ٹیچرز اور دیگر اسٹاف کا بھی نہایت اہم رول ہے۔اس سے قبل سالانہ نتائج کے اعلان کے ساتھ ساتھ رزلٹ کارڈ کے ساتھ دیگر زمروں سے متعلق طالبات کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ ادارہ کی پرنسپل فوزیہ عبد اللہ خان نے بتایا کہ نرسری کلاسز میں میمونہ، ہاجرہ، درجہ ایک سے دو میں ضحی عثمانی، درجہ سوم سے درجہ پنجم میں مبشرہ، جونیئر سیکشن میں سعدیہ عزیز اور درجہ نو اور درجہ گیارہ کی طالبات میں سے ولیہ رشید ٹاپر رہیں، جنہیں خصوصی انعامات دیئے گئے۔ان کے علاوہ اپنی اپنی کلاسز میں پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کرنے والی طالبات کو بھی خصوصی انعامات دیئے گئے۔

Comments are closed.