کمانے سے بڑا فن ہے خرچ کرنا!
شمع فروزاں
فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف الله رحمانی دامت برکاتہم
صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
عام طور پر لوگ معاشی قوت کا راز اس بات کو سمجھتے ہیں کہ آمدنی کے ذرائع میں اضافہ ہو اوراسے دس ہزار کے پندرہ ہزار ملنے لگیں ؛ حالاںکہ حقیقت یہ ہے کہ معیشت کے استحکام کا تعلق آمدنی سے بھی ہے اورخرچ سے بھی؛ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ کمانے سے زیادہ مشکل اور اہم خرچ کرنے کا فن ہے ، اگر انسان اپنی زندگی کا ایک نظام بنائے اور خرچ میں اپنے آپ کو اس کا پابند رکھے ، تو نسبتاً کم آمدنی کے ساتھ بھی وہ اپنے سے زیادہ کمانے والوں کے مقابلہ خوشگوار اورخوش حال زندگی گذار سکتا ہے ، اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ جن اُمور میں پیسے خرچ کرتا ہے یا کرنا چاہتا ہے ، اس کے چار حصے کرے : بہت ضروری، ضروری، نہ ضروری اور نہ غیرضروری ، غیر ضروری ، غور کیا جائے تو انسان ان چاروں مدات سے گذرتا ہے ، ’’بہت ضروری مصارف‘‘ کو کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ، جیسے کھانے پینے کی اتنی مقدار جو آدمی کی بقا کے لئے ضروری ہے ، سادگی کے ساتھ علاج و معالجہ ، بچوں کی کفایت کے ساتھ تعلیم ، فضول خرچی سے بچتے ہوئے شادی بیاہ ، یہ انتہائی ضروری اخراجات ہیں ، ’’ضروری مصارف‘‘ میں مناسب اور طبیعت کے لئے موزوں کھانے پینے کا نظم ، بہ قدرِ ضرورت سواری ، سہولت بخش علاج، سماجی مزاج سے ہم آہنگ بہ قدرِ ضرورت کپڑے وغیرہ داخل ہیں ، ان کو فقہ اسلامی کی اصطلاح میں ’’حاجت‘‘ کہتے ہیں۔
تیسرا درجہ ایسی چیزوں کا ہے جو ضروری نہیں ؛ لیکن انسان مختلف شعبہ ہائے زندگی میں سہولت کے لئے ان کا طالب ہوتا ہے : جیسے آرام دہ سواری ، ایک حد تک راحت بخش علاج وغیرہ ، یہ ضرریات نہیں ہیں ؛ البتہ ’’جائز خواہشات‘‘ ہیں اور فقہ اسلامی کے ماہرین کی زبان میں ’’تحسینات ‘‘ ہیں ، چوتھا درجہ ایسی چیزوں کا ہے ، جو بالکل غیر ضروری اور فضول ہیں ، جیسے مکانات میں حد سے زیادہ تزئین و آرائش ، کپڑوں میں بہت قیمتی ملبوسات کا انبار ، کھانے پینے میں ایسی فضول خرچی کہ دس آدمی کے کھانے کی جگہ بیس آدمی کا کھانا پک جائے ، آدھا استعمال ہو اور آدھا ضائع ہو ، شادی بیاہ میں ہزاروں روپے کارڈ کی طباعت پر خرچ کر دینا ، شادی خانہ کی بہت زیادہ آرائش، دعوت میں کئی طرح کے میٹھے ، سواریوں میں ضرورت ایک گاڑی سے پوری ہو جاتی ہے ؛ لیکن کئی کئی گاڑیوں کا رکھنا اور جب کسی نئے ماڈل کی گاڑی آئے تو بلاضرورت جدید سے جدید ترکا شوق فرمانا ، یہ سب فضول خرچی اور اسراف کے دائرہ میں آتا ہے۔
جو چیزیں بہت ضروری ہیں ، ان میں کمی نہیں کی جاسکتی، جو چیزیں ضروری ہیں ، زندگی میں سادگی اپنا کر اور اپنے آپ کو سادہ زندگی کا عادی بنا کر اس میں بھی کسی قدر کمی کی جاسکتی ہے ، تیسرے درجہ میں جو چیزیں ہیں ، ان سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ، زیادہ تر حرص و ہوس اورخواہشات کا لامتناہی سلسلہ آدمی کو نت نئی آسانیوں کا قیدی بنا لیتا ہے اور یہ آسانیاں انسان کو اسراف اور فضول خرچی کی طرف لے جاتی ہیں ، رسول اللہ ﷺنے ہمیشہ اپنے لئے سادہ زندگی کو پسند فرمایا اور مسلمانوں کو اسی کی ترغیب بھی دی ، آپ ﷺکا مکان ، آپ ﷺ کا لباس ، کھانا پینا، بستر، رہن سہن، غرض پوری زندگی سادگی اور کفایت شعاری کا نمونہ تھی، خوب سے خوب تر کی خواہش بھی ایک بیماری ہے، بعض لوگوں کو دیکھا گیا ہے کہ قرض کے بوجھ سے دبے ہوئے ہیں ، قرض خواہوں سے چھپے پھرتے ہیں، صبح و شام قرض خواہ دروازہ پر دستک دیتا ہے ، تقاضہ کرتا ہے، صلواتیں سناتا ہے ، سر راہ بے آبرو کرتا ہے ؛ لیکن اس کے باوجود اگر کوئی نئی چیز بازار میں آگئی ، تو باوجود اس قرض کے وہ اس کے لئے بے قرار سا ہو جاتا ہے ، چاہے اس سے اس کے قرض میں کتنا بھی اضافہ ہوجائے ؟ گویا یہ ایک نشہ ہے ، جو اپنے مخمور کو ہوش کے ناخن نہیں لینے دیتا ۔
اسلام کا تصور یہ ہے کہ دنیا ضروریات پوری کرنے کی جگہ ہے اور آخرت خواہشات کی تکمیل کی جگہ ، آخرت اسی لئے بنائی گئی ہے ، کہ جنت میں جانے کے بعد جنتی جو چاہے ، وہ بھرپور طریقہ پر اور فوراً اسے مہیا کردی جائے: وَلَكُمْ فِيْهَا مَا تَشْتَهِيْٓ اَنْفُسُكُمْ(حم السجدہ: ۳۱) دنیا خواہشات کی تکمیل کی جگہ نہیںہے ؛ بلکہ ضروریات پر اکتفا کرنے کی جگہ ہے ، یہاں انسان کا اپنی خواہشات کا غلام بن جانا منزل کو بھول کر راستہ کو مقصد بنالینے کے مترادف ہے؛ لیکن افسوس کہ انسان اسی کیفیت میں مبتلا ہے؛ اسی لئے رسول اللہ ﷺنے خوب فرمایا کہ : قبر کی مٹی کے سوا کوئی چیز نہیں جو انسان کے پیٹ کو بھر سکے ، انسان کو چاہئے کہ اپنی زندگی کے ایک ایک گوشے کا جائزہ لے اور دیکھے کہ وہ کہاں ضروریات کی حد سے آگے بڑھ کر خواہشات کے دام میں گرفتار ہو چکا ہے اور اپنی زندگی میں سادگی لانے کی کوشش کرے، آپ سادہ زندگی گذار کر اپنے سماج میں زیادہ با عزت رہ سکتے ہیں اور اپنے آپ کو پُر سکون بھی رکھ سکتے ہیں ۔
ممکن ہے کہ آپ کے پاس عمدہ سواری نہ رہے، آپ کے گھر میں دیدہ زیب فرنیچر نہ ہو ؛ لیکن آپ کے دراوزہ پر کوئی قرض وصول کرنے والا دستک نہ دے رہا ہو اور نہ کوئی آپ کے نادہندہ ہونے کی شکایت کرنے والا ہو، تو آپ باعزت طریقہ پر سماج میں زندگی گذار سکیں گے اورآپ ذہنی تناؤ کی کیفیت سے محفوظ رہیں گے ، یہ اتنی بڑی نعمت ہے کہ اس سے بڑی کوئی نعمت نہیں۔
اخراجات کا وہ طریقہ جسے میں نے ’’غیر ضروری اور فضول‘‘ سے تعبیر کیا ہے ، اسلامی نقطۂ نظر سے گناہ اورناجائز ہے ، قرآن مجید نے ایک سے زیادہ مواقع پر فضول خرچی کی ممانعت کی ہے ، اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ اسراف نہ کرو کہ : اللہ تعالیٰ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتے: وَلَا تُسْرِفُوْا اِنَّهٗ لَا يُحِبُّ الْمُسْرِفِيْنَ (الانعام: ۱۴۱) ایک اورموقع پر فضول خرچی سے روکتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ : فضول خرچی کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں: اِنَّ الْمُبَذِّرِيْنَ كَانُوْٓا اِخْوَانَ الشَّيٰطِيْنِ (الاسراء: ۲۷) فضول خرچی دو طریقوں پر ہوتی ہے ، ایک یہ کہ بے جا مصرف میں پیسے خرچ کئے جائیں ، جیسے ضرورت سے زیادہ روشنی میں ، آتش بازی میں ، گانے بجانے میں، دکھاوے کے اظہار اورزیادہ تشہیر میں، حدیہ ہے کہ بعض لوگ حج کے لئے جانے اور آنے کے موقع سے بھی کثیر رقم خرچ کر کے اخبارات میں مصور اشتہار طبع کراتے ہیں ، یہ سب بے محل خرچ ہیں ، جو شرعاً جائز نہیں ، بے محل خرچ کرنے کو قرآن نے ’’تبذیر‘‘ سے تعبیر کیا ہے؛ چنانچہ حضرت عبد اللہ ابن مسعودؓسے منقول ہے کہ تبذیر ناحق اُمور میں خرچ کرنے کا نام ہے : الانفاق فی غیر حق (تفسیر ابن کثیر : ۳ ؍ ۳۶) فضول خرچی کی دوسری صورت یہ ہے کہ جن چیزوں میں خرچ کرنا چاہئے ، انھیں میں خرچ کیا جائے؛ لیکن ضرورت سے زیادہ ، جیسے : کھانا ایک ضروری چیز ہے ؛ لیکن اسی میں ضرورت سے زیادہ خرچ کرنا اسراف ہے ، لباس و پوشاک دین میں مطلوب ہیں ؛ لیکن اسی میں تفاخر آمیز کپڑے بنانا اور ایک جوڑے کی جگہ دس جوڑے کا اہتمام کرنا فضول خرچی ہے اور اسی کو قرآن نے ’’اسراف‘‘ کے لفظ سے تعبیر کیا ہے ۔
اسلام فضول خرچی کو نہایت ناپسندیدہ نظر سے دیکھتا ہے اوراس نے ہر باب میں فضول خرچی کو منع کیا ہے، حضرت سلمان فارسی ؓ سے مروی ہے کہ دنیا میں جو جتنا زیادہ آسودہ ہو کر کھاتا ہوگا ، قیامت کے دن وہ اسی قدر بھوکا ہو گا : ان اکثر الناس شبعاً فی الدنیا اطولھم جوعاً یوم القیامۃ (ابن ماجہ، حدیث نمبر: ۳۳۹۴) حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ جو کچھ طبیعت چاہے ، اسے کھا گذرنا اسراف ہی کی ایک صورت ہے : ان من السرف ان تاکل کل ما اشتھیت (ابن ماجہ ، حدیث نمبر: ۳۳۹۵)
آپ ﷺنے اسے بھی پسند نہیں فرمایا کہ کھاتے ہوئے اگر کوئی لقمہ ہاتھوں سے گرجائے ، تو اُسے یوں ہی چھوڑ دیا جائے ، معمولِ مبارک تھا کہ اگر کوئی ٹکڑا گر جاتا تو اسے اُٹھاتے، پونچھتے ، پھر اسے تناول فرماتے، (ابن ماجہ، حدیث نمبر: ۳۳۹۶) لباس و پوشاک میں بھی آپ ﷺ نے اعتدال اورمیانہ روی کی تلقین فرمائی، حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ سے مروی ہے کہ آپ ﷺنے فرمایا: جس نے شہرت اور دکھاوے کا لباس پہنا، اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن ذلت و رسوائی کا لباس پہنائیں گے ، (ابن ماجہ، حدیث نمبر: ۳۶۵۳) ایک روایت میں حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ سے مروی ہے کہ آپ ﷺنے فرمایا: کھاؤ ، پیو، صدقہ کرو اور پہنو ؛ البتہ فضول خرچی نہ ہو اور تکبر نہ ہو، (ابن ماجہ، حدیث نمبر: ۳۶۵۰) اسی لئے آپ ﷺ نے بسیار خوری کو بھی بہت ناپسند فرمایا ہے ۔
نہ صرف کھانا پینا اورپہننا اوڑھنا؛ بلکہ دینی اُمور میں بھی آپ ﷺنے فضول خرچی کو پسند نہیں فرمایا ، ثابت بن قیس صنامی ایک صحابی نے ایک دن پانچ سو کھجور کے درختوں کے پھل کاٹے اور اسی دن پورے تقسیم کر دیئے، اہل و عیال کے لئے کچھ نہیں رکھا، تو آپ ﷺنے اسے پسند نہیں فرمایا اور اسی موقع سے حکمِ ربانی نازل ہوا: ولا تسرفوا (الجامع لاحکام القرآن: ۷ ؍ ۱۱۰)یہاں تک کہ آپ وضو اور غسل میں بھی ضرورت سے زیادہ پانی استعمال نہیں فرماتے ، غسل ایک ’’صاع‘‘ پانی سے کرتے ، جو تین لیٹر سے کچھ زیادہ ہوتا ہے اور اس کے چوتھائی پانی سے وضو فرماتے، آپ ﷺ نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص نہر کے پاس ہو جب بھی وضو میں ضرورت سے زیادہ پانی کے استعمال سے گریز کرے اور ایسا بھی ہوا کہ آپ ﷺنے نہر کے پاس برتن میں پانی لے کر وضو فرمایا اور جو پانی بچ رہا اسے دوبارہ نہر میں ڈال دیا۔ (مجمع الزوائد:۱ ؍ ۲۱۹)
حقیقت یہ ہے کہ اسراف اور فضول خرچی نے ہمارے سماج کو ایک ایسی مصیبت میں مبتلا کر دیا ہے، جس کی سزا معاشرہ کا ہر شخص بھگت رہا ہے؛ کیوں کہ جب کسی معاشرہ میں فضول خرچی کا رجحان پیدا ہو جاتا ہے، تو لوگ خواہی نہ خواہی اس معیار کو پورا کرنا چاہتے ہیں، چاہے اس کے لئے کتنی بھی مشقت اٹھانی پڑے، فضول خرچی جہاں ایک شخصی مرض ہے، وہیں ایک قومی مرض بھی ہے، غور فرمائیے کہ اس وقت ہندوستان کے ذریعۂ آمدنی میں سب سے بڑا ذریعہ قرض ہے، ملک کی مجموعی آمدنی کا پچیس فیصد قرض سے حاصل ہوتا ہے اوراخراجات کی سب سے بڑی مَدبیرونی سود کی ادائیگی ہے، کہ کل بجٹ کا ستائیس فیصد صرف بیرونی سود کی ادائیگی پر خرچ کیا جاتا ہے، عالمی مالیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ہر ہندوستانی بچہ جو ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتا ہے، وہ دس ہزار روپے کا مقروض ہوتا ہے۔
اسی طرح الیکشن کا معاملہ ہے: گزشته لوک سبھا کے انتخاب میں الیکشن کمیشن کا اندازہ تھا کہ ایک ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے اورسیاسی پارٹیاں بھی اتنی ہی مقدار میں سفید سرمایہ (White Money) خرچ کریں گی؛ لیکن مبصرین کا اندازہ ہے کہ اُمیدواروں کی طرف سے جائز و ناجائز رقم ملا کر پچاس ہزار کروڑ سے زیاده خرچ هوئے، اس طرح اندازہ کیجئے کہ ہمارے ملک کی مقنّنہ کے بننے میں اور پھر مقننہ کی شاہ خرچی میں قوم کا کتنا کثیر سرمایہ ضائع ہو رہا ہے؟ یہ قومی فضول خرچی کا ایک کھلا ہوا اورسادہ سا حساب ہے، سرکار تو جو فضول خرچی کرتی ہے، وہ کرتی ہی ہے، نجی کئی کمپنیوں کا حال بھی اس سے کچھ کم بُرا نہیں، مثلاً ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء میں ملک کی مختلف کمپنیوں نے اس کرکٹ میچ کے اشتہار اور اس اشتہار کے پسِ پردہ اپنی تشہیر پر پندره سو سے دو هزار کروڑ روپے خرچ کئے ، اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ صرف شخصی اور انفرادی بلکہ قومی اور اجتماعی سطح پر بھی فضول خرچی کی بیماری کس قدر روز افزوں ہے؟ ایک ایسا ملک جو تعلیم اور صحت جیسی اہم ضروریات پر اپنے بجٹ کا دس فیصد بھی خرچ کرنے کے موقف میں نہ ہو اور ایک ایسا ملک جس میں کروڑوں انسان خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرتے ہوں ، ہزاروں افراد کے پاس سر چھپانے کے لئے جگہ نہ ہو ، ایک وقت کھانے کے بعد دوسرے وقت کھانے کا انتظام نہ ہو اور جو قوم اپنے ہزاروں کم عمر اور معصوم بچوں کو ہوٹلوں میں برتن دُھونے اور اس طرح اپنی روزی کمانے پر مجبور ہو، کیا اُسے یہ بات زیب دیتی ہے کہ وہ اپنی انفرادی اوراجتماعی زندگی میں پانی؛ بلکہ گندے اورآلودہ پانی کی طرح پیسے بہائے؟
Comments are closed.