عالمی سیاست کا بدلتامنظرنامہ-اسباب ومحرکات
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ ،پٹنہ
ہمارے دور میں عالمی سیاست کا منظرنامہ بہت تیزی سے بدل رہا ہے، جو ملک آپس میں کبھی ایک دوسرے کا حلیف تھا، آج حریف بنتے جارہے ہیں ، طاقت کا توازن بگڑ رہا ہے، بین الاقوامی اداروں کی ساکھ متأثر ہورہی ہے، معاشی مفادات، قومی سلامتی اور عوامی توقعات کے پیش نظر مختلف ممالک کے حکمراں سابقہ منظرنامے کو بدلنے میں لگے ہوئے ہیں ، ان معاملات کو بدلنے میں قوم پرستی، عوامی بے چینی، سیاسی جماعتوں کے درمیان حریفانہ نظریات اور بڑی طاقتوں کی ہوڑ میں شامل ہونے کی خواہش نے عالمی سیاست کے پرانے تصورات اور نظریات کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے، نیا منظرنامہ سامنے آرہا ہے، کل تک امریکہ یوکرین کے ساتھ تھا، آج روس کے قصیدے پڑھ رہا ہے، امریکہ اور چین کی کشیدگی کا مدار عالمی منڈی پر اپنا دبدبہ بنانے کی جنگ سے زیادہ سرمایہ دارانہ اور عوامی ملکیت کے بنیادی نظریات پر قائم تھا، لیکن اب یہ دونوں ایک دوسرے سے شیر وشکر ہورہے ہیں اور تائیوان کی ملکیت میں اختلاف کے باوجود ڈونالڈ ٹرمپ چین دورے پر جارہے ہیں اور مذاکرات کے دروازے اب بھی کھلے ہیں ۔
اس نئے سیاسی منظرنامے کی تشکیل میں امریکہ کی نفسیاتی برتری کا احساس، چین کا معاشی وتکنیکی عروج، عالمی سیاست میں بھارت کا بڑھتا ہوا کردار، دیگر ممالک کی خود مختار خارجہ پالیسی کا بڑا عمل دخل رہا ہے، ورلڈ اکنامک فورم کی Glob Al Risks-2026 کے مطابق سروے میں شامل 68% فی صد ماہرین نے اسے کثیرمحور سیاسی نظام سے تعبیر کیا ہے، اس کا مطلب ہے کہ اب امریکہ، روس، چین، برطانیہ وغیرہ کی داداگیری سے عالمی سیاسی منظرنامہ کی تشکیل نہیں ہوگی، بلکہ بہت سارے ممالک اپنی اپنی تنظیموں اور اثرات کے ذریعہ برتری کی کوشش کریں گے، اس کوشش کا مقصد مختلف ممالک کے ذریعہ اپنے اثر ورسوخ کو بڑھانا، فوجی اور تکنیکی برتری حاصل کرنا، تجارتی راستوں ، بازاروں اور قدرتی وسائل پر قبضہ جمانا ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے علاقائی طاقت اور حلیف ممالک میں تبدیلیاں بھی ہوں گی، بلکہ ہورہی ہیں ، صورت حال یہ ہے کہ جب کوئی ملک اپنی دفاعی قوت کو مضبوط کرنے کے لیے کوئی قدم اٹھاتا ہے تو دوسرا ملک اسے اپنے خلاف محاذ آرائی کا پیش خیمہ اور اپنی داخلی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے، پھر دونوں ملک کے درمیان سرد جنگ چھڑتی ہے اور پھر اس کااختتام گرم جنگ ہوتا ہے، گرم جنگ میں اسلحے، گولہ بارود، توپ وتفنگ اورڈرون کا سہارا لیا جاتا ہے، مختلف تاریخی، داخلی اور سیاسی عوامل کی وجہ سے اس کا دائرہ بڑھتا چلا جاتا ہے، ان جنگوں کی وجہ سے جان ومال کا ضیاع ہوتا ہے، تحفظ کی تلاش میں ملک کے باشندے بڑی تعداد میں نقل مکانی پر مجبور ہوتے ہیں ، پناہ گزینوں کا مسئلہ کھڑا ہوتا ہے، ملک کے وسائل میں یہ پناہ گزیں غذائی اجناس اور دیگر سہولتوں میں حصہ دار ہوجاتے ہیں ، اس کے نتیجے میں مقامی آبادی، پناہ گزینوں سے نفرت کرنے لگتی ہے، نئے مسائل پیدا ہوتے ہیں ، ان نئے مسائل کا مقابلہ ملکی اقتدار نہ کرسکے تو بیرونی مداخلت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور ملک نظریاتی تقسیم کی زد میں آجاتا ہے، ملک کے اندر ہی سیاسی مخالفین کو قومی حریف اور ملک کا باغی تصور کیا جاتا ہے، داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بیرونی خطرات کو مرکز توجہ بنادیا جاتا ہے، ایسے میں حقیقت پسندانہ مکالمے اور سیاسی مفاہمت کی گنجائش باقی نہیں رہتی، جیساکہ آج کل ہندوستان میں ہورہا ہے۔
ان حالات کو بدلنے میں کبھی مؤثر حصہ داری عالمی اداروں کی ہوا کرتی تھی، اقوام متحدہ کی تشکیل ہی اسی کام کے لیے ہوئی تھی، لیکن وہ مختلف ممالک کو دئیے گئے ویٹو پاور کی وجہ سے معذور ہوگیا ہے، ان دنوں اس کی تجاویز پر کوئی دھیان نہیں دیتا، اسرائیل، امریکہ وغیرہ مسلسل ان تجاویز کی ان دیکھی کرتے ہیں ، بڑی طاقتیں اپنے مفاد کے حصول کے لیے بہت ساری تجاویز کو ویٹو لگا کر پاس ہی نہیں ہونے دیتیں ، سوشل میڈیا، مصنوعی ذہانت اور اطلاعاتی جنگ اس پر مستزاد، جھوٹی خبریں ، گمراہ کن پروپیگنڈے اور مختلف امور پر کئے جانے والے” ٹرول“ کے ذریعہ رائے عامہ بدلنے کی مسلسل اور متواتر کوشش کی جارہی ہے، مقابلہ کا ایک میدان آبی راستے، توانائی معدنیات اور تجارتی روابط کو بنایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے قدیم روایات ٹوٹ رہی ہیں ، موسمیاتی تبدیلی، فضائی آلودگی اور وسائل کی قلت بھی کبھی اس منظرنامے کو تبدیل کرنے کی بڑی وجہ بن جاتی ہے، یہی سبب ہے کہ ان دنوں یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں جنگ وجدل کا بازار گرم ہے، علاقائی کشیدگی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
سیاست کے اس منظر نامہ کو تبدیل کرنے میں مقامی آبادی کا بھی بڑا عمل دخل ہوتا ہے، یہ مقامی آبادی کبھی مقامی حالات بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی اورلا قانونیت کی وجہ سے خود ہی حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور کبھی دوسرے ملک کی شہہ پر بغاوت ہو جاتی ہے، تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ سری لنکا اور نیپال میں جو عوامی بغاوت ہوئی اس کے لیے اندرون ملک کے حالات ذمہ دار تھے؛ جب کہ بنگلہ دیش کے حالات مبینہ طور پر کچھ اور تھے، اتنی بات ضرور ہے کہ ملک کے اندر محاذ آرائی اور حکمراں طاقت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے میں نئی نسل( جسے اصطلاحی طور پرجین- زی کا نام دیا گیا ہے) کا بڑا حصہ رہاہے ،یہ نسل کتابوں سے زیادہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ یونیورسٹی سے تیار ہوئی ہے، یہ اپنے حقوق کے سلسلے میں حساس اور نوجوانی کی وجہ سے جوش و جذبے سے سرشار ہے، حکومت کی طرف سے جاری عِقاب اور عِتاب کا اس پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے، ہندوستان میں کاکروچ جنتا پارٹی اس کی عمدہ مثال ہے ،اندرونی حالات بہتر ہو اور عوام حکومت کے ساتھ ہو تو بیرونی دخل اندازی ناکام ہو جاتی ہے، جیسا کہ امریکہ ایران جنگ میں دیکھا گیا ، تمام تر قوت کے استعمال اور ایرانی اعلیٰ قیادت کو ختم کرنے کے باوجود امریکہ و اسرائیل کے لیے یہ ممکن نہیں ہو سکا کہ وہ وہاں کے نظام حکومت کو بدلے،بدلتے ہوئے سیاسی منظر نامے میں یہ واقعہ انتہائی اہم اور لائق تحسین ہے۔
جن ممالک میں مختلف وجوہات سے لوگ کھڑے نہیں ہوپاتے ؛لیکن وہ حکمراں سے خفا ہوتے ہیں تو وہ انتخاب کے منتظر ہوتے ہیں ، غزہ اور فلسطینیوں پر ڈھائے گئے مظالم ،حماس کے ذریعے قید کیے گئے یرغمالوں کی رہائی میں تاخیر اور ان سب میں سے کئی کا فوت ہو جانا، امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ ،رائے عامہ کے خلاف اسے جاری رکھنا، یہ وہ امور تھے جنہوں نے اسرائیلی عوام کو نیتن یاہو کے خلاف کھڑا کر دیا، اور اسے منہ کی کھانی پڑی اور دوسری پارٹیوں نے اتنی سیٹیں حاصل کر لی کہ نیتن یاہو کے لیے اقتدار تک پہنچنا ناممکن سا لگ رہا ہے، توڑ جوڑ کا عمل جاری ہے، اونٹ کس کروٹ بیٹھے ابھی کہنا مشکل ہے، غالب گمان یہ ہے کہ نیتن یاہواس بار وزیراعظم نہیں بن سکیں گے،امریکہ کے انتخاب میں بھی ڈونالڈ ٹرمپ کو پریشانیوں کا سامنا رہا، ان کی مقبولیت کا گراف گرا،یہی وجہ ہے کہ ان کی پارٹی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا،جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہاں کی عوام امریکہ کے ایران پر جنگ کو جاری رکھنے کو ناپسند کرتی ہے ،ظاہر ہے اس انتخاب سے ڈونالڈ ٹرمپ کی صدارت پر کچھ اثر نہیں ہے؛ لیکن حکومت کی حمایت و مخالفت کا اسے ریفرنڈم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور اس کے نتائج پر ہی بہت ساری داخلی و خارجی پالیسی کا انحصار ہوگا ،اس طرح یہ انتخابات بھی عالمی سیاست کا رخ طے کریں گے ۔
اس صورت حال کو مثبت رُخ دینے کے لیے مؤثر سفارت کاری، بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات، معاشی انصاف، اطلاعاتی شفافیت، علاقائی تعاون اور اعتماد کی ضرورت ہے، جوا بھی عالمی سیاست کے اس بدلتے منظر نامے میں موجود نہیں ہے، یقینا زمانہ کی تبدیلی کے ساتھ احوال بھی بدلتے رہتے ہیں ، تغیر فطرت کا قانون ہے، عالمی سیاست میں ہونے والی یہ تبدیلی ایک متوازن عالمی نظام کی تشکیل میں معاون ہو تو یہ بڑی اچھی بات ہے، لیکن اگر یہ نئے تصادم اور ٹکراؤ کا پیش خیمہ بن جائے تو تباہی کا ذریعہ بنے گا۔
Comments are closed.