مولانا ابوالکلام آزاد رحمۃ اللہ علیہ ، ایک شخص نہیں، ایک عہد کا نام!

 

 

از: محمد شاہد ناصری حنفی

مدیر ماہنامہ مکہ میگزین، ممبئی

نزیل، دارالعلوم زینت القرآن، بھوپال

 

کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جنہیں تاریخ کے صفحات میں محفوظ کر دینا ان کے مقام و مرتبے کے ساتھ ناانصافی ہے؛ وہ محض مطالعے کا موضوع نہیں بنتیں، بلکہ ہر دور کے لیے فکر و نظر کا پیمانہ بن جاتی ہیں۔ مولانا ابوالکلام آزاد رحمۃ اللہ علیہ کا شمار ایسی ہی چند غیر معمولی شخصیات میں ہوتا ہے۔

 

مولانا آزاد رحمۃ اللہ علیہ ان گنے چنے قائدین میں سے ہیں جنہیں ہم اپنا قائد تسلیم کرتے ہیں، جن سے ہمیں قلبی وابستگی ہے، جن کی تحریروں سے استفادہ کرتے ہیں، جن کی تقریروں اور خطبات کے اقتباسات ملت کے سامنے پیش کرتے ہیں اور جن کے افکار و خیالات میں آج کے حالات کے لیے بھی رہنمائی کے کئی گوشے تلاش کرتے ہیں۔ ان کی قیادت، فکری بصیرت اور ملی خدمات پر ہم پہلے بھی قلم اٹھا چکے ہیں؛ بالخصوص موجودہ قیادت کے بعض پہلوؤں کو ان کے آئینے میں دیکھنے اور دکھانے کی کوشش بھی کی ہے۔

 

11 نومبر سے اب تک، بلکہ اس تاریخ سے پہلے ہی، مولانا آزاد رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت، ان کی قیادت اور ان کے افکار پر اہلِ علم و قلم کے خیالات کا ایک سلسلہ جاری ہے۔ ہم نے بھی ان تحریروں کو دیکھا، پڑھا اور محسوس کیا کہ کیوں نہ ہم بھی اس عظیم شخصیت کی خدمت میں عقیدت کے چند پھول پیش کریں۔ تاہم یہ وضاحت ضروری سمجھتے ہیں کہ ہم نہ برسیوں کے اہتمام کے قائل ہیں، نہ کسی یومِ وفات یا یومِ ولادت کی رسمی پابندی کو ضروری سمجھتے ہیں۔ ہمارے نزدیک اہلِ علم و فضل کی یاد اور ان کی خدمات کا اعتراف کسی ایک تاریخ کا محتاج نہیں۔ آج 13 نومبر کو بھی ہم مولانا آزاد رحمۃ اللہ علیہ کے یومِ ولادت اور یومِ وفات کی نسبتوں سے آزاد ہو کر ان کے علمی، ادبی اور ملی کارناموں کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں، عقیدت کے پھول نچھاور کر رہے ہیں اور بارگاہِ الٰہی میں ان کے لیے مغفرت و رحمت کی دعا کر رہے ہیں۔

 

کچھ لوگ زمانے میں پیدا ہوتے ہیں، کچھ زمانے کو اپنی پیدائش کا احساس دلاتے ہیں؛ اور کچھ ایسے ہوتے ہیں جن کے گزر جانے کے بعد بھی ان کا عہد ختم نہیں ہوتا۔ مولانا ابوالکلام آزاد رحمۃ اللہ علیہ کا شمار اسی آخری طبقے میں ہوتا ہے۔ وہ محض ایک نام نہیں، برصغیر کی فکری، علمی، صحافتی اور سیاسی تاریخ کا ایک ایسا باب ہیں جسے وقت نے جتنا پیچھے چھوڑا ہے، تاریخ نے اتنا ہی نمایاں کر دیا ہے۔

 

ان کے قلم نے جب حرکت کی تو لفظ محض لفظ نہیں رہے، فکر کے ہتھیار بن گئے۔ صحافت کے میدان میں اترے تو ’’الہلال‘‘ اور ’’البلاغ‘‘ کے ذریعے غلامی کے ایوانوں میں زلزلہ برپا کر دیا۔ ان کی تحریر میں استدلال کی کاٹ بھی تھی، اسلوب کی دل آویزی بھی اور ایک ایسی بے باکی بھی جس کے سامنے مصلحتیں دم توڑ دیتی تھیں۔ انگریز حکومت نے پابندیاں لگائیں، قید و بند کے مراحل سے گزارا، لیکن جس ذہن کو آزادی کی وسعتوں سے آشنائی ہو، اسے زندان کی دیواریں کب محصور کر سکتی ہیں!

 

وہ قرآن کے قاری بھی تھے اور اس کے پیغام کے ترجمان بھی؛ ادب کے شناور بھی تھے اور سیاست کے نبض شناس بھی۔ ان کے ہاں علم محض معلومات کا انبار نہیں، ایک زندہ شعور تھا؛ مذہب محض روایت کا تسلسل نہیں، فکر و عمل کی قوت تھا؛ اور آزادی محض اقتدار کی منتقلی کا نام نہیں، انسان کی ذہنی و فکری غلامی سے نجات کا عنوان تھی۔ ’’ترجمان القرآن‘‘ ان کی قرآنی بصیرت کا آئینہ ہے، ’’غبارِ خاطر‘‘ ان کے ذوقِ ادب، وسعتِ مطالعہ اور فکر کی لطافت کا مظہر، اور ان کی سیاسی جدوجہد ایک ایسے عزم کی داستان ہے جس نے اپنی راہ میں آزمائشوں کو بھی قبول کیا اور تنہائیوں کو بھی۔

 

وہ ہندوستان کی جنگِ آزادی کے ان قائدین میں تھے جنہوں نے قومی زندگی کے نازک ترین موڑ پر مذہبی شناخت اور وطنی وابستگی کو ایک دوسرے کی ضد بننے سے بچانے کی کوشش کی۔ تقسیمِ ہند کے ہنگامہ خیز دور میں ان کی آواز میں جو درد، ان کے استدلال میں جو دور اندیشی اور ان کے موقف میں جو استقامت تھی، اس کی معنویت آج بھی تاریخ کے سنجیدہ مطالعے کا تقاضا کرتی ہے۔ ان کی سیاسی بصیرت سے اختلاف کی گنجائش اپنی جگہ، لیکن ان کے علمی مرتبے، فکری جلال اور قومی خدمات سے انکار تاریخ کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

 

مولانا آزاد رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کا سب سے بڑا امتیاز شاید یہی ہے کہ ان کے تعارف کے لیے کوئی ایک میدان کافی نہیں؛ انہیں صرف عالم کہیں تو ادیب کی شان رہ جاتی ہے، صرف ادیب کہیں تو مفسر کی عظمت اوجھل ہوتی ہے، صرف سیاست داں کہیں تو مجاہدِ آزادی کی قربانیاں نظروں سے چھپ جاتی ہیں۔ وہ ان سب حیثیتوں کا ایک غیر معمولی امتزاج تھے۔

 

ان کی شخصیت کا اعتراف محض ان کے نام کے ساتھ القاب کی قطار سجانے سے ادا نہیں ہوگا؛ اس کے لیے وہ علمی شغف، فکری جرأت، وسعتِ نظر اور بلند حوصلگی درکار ہے جس نے ابوالکلام کو آزاد بنایا تھا۔ شخصیات کا اصل احترام ان کے تذکرے سے نہیں، ان کے چھوڑے ہوئے فکری ورثے سے زندہ تعلق قائم رکھنے سے ہوتا ہے۔

 

آزاد رحمۃ اللہ علیہ چلے گئے، مگر اپنے پیچھے ایک ایسا سوال چھوڑ گئے کہ ہم نے ان کے عہد سے کیا سیکھا، اور ان کے علمی و فکری ورثے کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کے لیے کیا کیا؟

 

اللہ تعالیٰ مولانا ابوالکلام آزاد رحمۃ اللہ علیہ کی علمی و ملی خدمات کو شرفِ قبول عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے اور ان کی مغفرت فرما کر درجات بلند فرمائے۔ آمین۔

Comments are closed.