Baseerat Online News Portal

میرے ہمدرد میری خبر تو لو!

 

نور اللہ نور

 

ہم گذشتہ ایک مہینے سے خوار ہو رہے ہیں ، ہماری شناخت پر لوگ انگشت نمائی کر رہے ہیں، ہمارا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے ، ہمیں تعلیم سے روکا جا رہا ہے ، ہم سے ہمارا پردہ چھینا جا رہا ہے، ہم لاچار و بے بس ان بھگواداری متعصب لوگوں سے اپنی وجود کی لڑائی لڑ رہے ہیں ہمارا کوئی غم خوار نہیں ہے.

میرے امت کے ہمدردوں! میرے ناموس کے محافظوں! میرے امت کے اماموں! تم کہاں ہو؟ ملت کے نگہبانوں! تم کیوں خاموش ہو؟ ترس نہیں آتا تمہیں اپنی بہنوں کی اس بے کسی پر ، عار نہیں آ رہا ہے تمہیں اپنی بہنوں کی بے بسی پر ؟ تمہارا خون نہیں کھولتا میری بے عزتی پر ؟ میری شناخت کا میرے احترام کا تمہیں خیال نہیں؟ تمہیں رحم نہیں آتا ہماری اس لاچاری و بے بسی پر؟ میرے ملت کے نوجوانوں تمہاری غیرت کہاں دفن ہوگئی ہے ؟ تم موبائل کی اسکرین کے باہر اپنی بہنوں کی بے کسی پر کب توجہ دوگے ؟

آخر تم کب آؤ گے ہماری مدد کو ؟ تمہارا مراقبہ کب ختم ہوگا ؟ تمہاری تسبیح کب مکمل ہوگی ؟ مصلحت کی چادر کب چاک کروگے؟ تمہارے صلاحیت کب کام آئے گی ؟ تم اپنی زبان کو کب جنبش دوگے ؟ تم اپنے حجرے سے کب نکلوگے؟ ہمیں اس جنجال سے کب نکالوگے ؟ تمہاری یہ خاموشی کب ختم ہوگی؟؟

بھگوا طاقتیں اپنے شباب پر ہے مگر آپ کی مصلحت ختم نہیں ہوئی ، وہ منظم تدبیر کے ساتھ ہمارے خلاف محاذ کھولے ہوئے ہیں مگر آپ اب بھی محو خواب ہو ، ہماری مدد کے بجائے ہم پر ہی طعن و تشنیع کر رہے ہو.

 

ہماری خبر تو لو ، ہمارے درد کو تو سمجھو! ہماری بے کسی پر ترس تو کھاؤ، ہم نازک اندام بچیوں پر رحم تو کھاؤ! اب تو مصلحت کو چھوڑ کر اقدام کرو! ان سے بات تو کرو! ان کو اپنی موجودگی کا احساس تو دلاؤ!

ہمیں پتہ ہے جب ہم رسوا ہو جائیں گے تب تم نام نہاد ہمدردی لیکر نمائش کرتے پھروگے ، جب ہمارا مستقبل برباد ہو جائے گا تب تمہارا مراقبہ مکمل ہوگا ، جب ہم ڈٹین کردئیے جائیں گے تب تمہاری نیند کھلے گی، جب ہم سے ہماری شناخت ہم سے چھین لی جائے گی تم تمہاری تسبیح مکمل ہوگی.

 

آپ کی یہ بے حسی ہمیں بھی لے ڈوبی گی اور آنے والی نسلوں کو بھی غلام بنادے گی مگر آپ کو کیا آپ سوتے رہیں!

Comments are closed.