Baseerat Online News Portal

حضرت مولانا محمد قاسم صاحب مظفرپوری کیلئے دعاکیجیے

حضرت مولانا محمد قاسم صاحب مظفرپوری کیلئے دعاکیجیے ۔

 

فقیہ الامت حضرت مولانا قاضی مجاہدالاسلام قاسمی قدس سرہ کے بعد ہندوستان کی علمی وفقہی دنیا کی عظیم ترین شخصیت فقیہ العصر استاذالاساتذہ حضرت مولانا محمد قاسم صاحب مظفرپوری دامت برکاتہم تقریبا سال بھر کسی نہ کسی عارضے میں وقتا فوقتا مبتلاء ہوکر عنداللہ اپنے حسنات ودرجات میں جہاں اضافہ کرتے ہیں وہیں اپنے اہل خانہ اورشاگردوں ومحبین کو مضطرب بھی کرتے رہتے ہیں ۔

ابھی تقریبا ایک ماہ سے زائد عرصہ سے حضرت مولانا مدظلہ صاحب فراش ہیں اور ان کی علالت نے مزید شدت اختیارکرلیا ہے ۔ جس سے ہم جیسے دور افتادہ معتقدین غم والم کی تصویر بن کر بارگاہ ارحم الراحمین سے حضرت مولانا مدظلہ کی صحت وعافیت اوردرازئ عمر کے متمنی ہیں ۔

 

واقعہ یہ ہے کہ اس علم وتفقہ اورتقوی اوراعمال صالحہ نیز تمسک بالسنہ کے انحطاط وقحط کے زمانہ میں حضرت مولانا محمد قاسم صاحب مدظلہ العالی کی شخصیت منفرد ہے ۔

 

حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی قدس سرہ کے بعد کم ازکم ہندوستان میں ایسی عبقری شخصیت کی مثال مجھ کو تاہ کیلئے پیش کرنا مشکل ہے جس نے اپنے خانوادے کے اہل علم واہل دل اورہندوستان کے دیگر مشائخ کرام سے برابر ملاقاتیں کیں ہوں یا ان کی مجالس سے استفادہ کیاہو ۔

 

اللہ پاک نے حضرت مولانا قاسم صاحب کو جس رسوخ علم اور تفقہ فی الدین تقوی اور بے مثال سادگی اورحقیقی تواضع سے نوازا ہے وہ اب ہمارے اس عہد میں توبہرحال کمیاب ہے ۔ توکیا ایسی صورت میں اس عبقری شخصیت کا وجود ہم اسلامیان ہند کیلئے مغتنم نہیں ہے ۔

 

توآئیے اس وقت سے ہی ہم حتی الوسع حضرت مولانا کے نام سے کچھ صدقات نکال کر رب کریم کے حضور ہاتھوں کو دراز کریں اور آنسوؤں کانذرانہ پیش کرتے ہوئے ان کی صحت وعافیت اورسلامتی اورطول عمر کی بھیک مانگیں اوراپنے ربا سے عرض کریں کہ اے ربا اس بلائے ناگہانی اور شدید مصائب کے دور میں تونے بہت سارے اپنے خاصان علماء امت کو اپنے وصل کا جام پلانے کیلئے اس دارفانی سے بلا لیا ہے جس کی وجہ سے ہم امت کے کمزوروں کے درمیان علمی خلاء پیدا ہورہا ہے ۔

اے بارالہا ۔ اب کچھ توقف فرمائیے اور آپ کے جوخاصان دنیا میں رہ رہے ہیں ان کی عمر میں اس امت مظلوم کی خاطر برکت دے دیجیے تاکہ امت ان سے مزید کچھ استفادہ کرلے ۔

اے رب کریم انہی خاصان میں مولانا محمدقاسم بھی ہیں آپ ان کی زندگی میں برکت دیجیے اور ان کو شفائے کاملہ عاجلہ دائمہ مستمرہ نصیب فرمادیجیے ۔

الملتمس ۔ محمدشاہد ناصری حنفی

مدیر ادارہ دعوت السنہ ممبئ مہاراشٹرا ۔ و ماہنامہ مکہ میگزین ممبئ ۔

Comments are closed.