اردو کا المیہ:قلمکار بے روزگار، علمبردار مالا مال !
احساس نایاب
ایڈیٹر گوشہ خواتین و اطفال بصیرت آن لائن
شیموگہ۔۔۔
اردو کا المیہ صرف یہ نہیں کہ اس کی حالت خستہ ہے، اس کا دامن سکڑ رہا ہے، اس کے تعلیمی ادارے دم توڑ رہے ہیں اور اس کے قارئین کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے۔ اصل المیہ تو یہ ہے کہ اردو کے ساتھ جڑے ہوئے اہلِ قلم، اہلِ ادب اور اردو کی حقیقی خدمت کرنے والے خود اردو سے کہیں زیادہ خستہ حالی کا شکار ہیں۔
ایک طرف وہ لوگ ہیں جو اردو سے وابستہ سرکاری عہدوں اور ملازمتوں کے طفیل ہر ماہ ہزاروں، بلکہ لاکھوں کی تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔ بعض کے لیے تو اردو محض ایک ملازمت، ایک عہدہ اور ماہانہ آمدنی کا ذریعہ ہے، جہاں کام کی مقدار سے زیادہ تنخواہ کی پابندی دکھائی دیتی ہے۔ پنشن کی سہولت الگ۔ اور دوسری طرف وہ لوگ ہیں جنہوں نے اردو کو اپنا جنون، اپنی شناخت اور اپنی زندگی کا حصہ بنا رکھا ہے۔ جو کسی سرکاری سرپرستی، مالی منفعت یا عہدے کے بغیر برسوں سے اردو کی خدمت کررہے ہیں، مگر ان کی اس خدمت کا صلہ نہ کوئی مستقل آمدنی ہے، نہ کوئی مالی تحفظ اور نہ ہی کوئی مناسب سرپرستی۔
گویا اردو سے روزگار حاصل کرنے والوں کے لیے اردو ایک ذریعۂ معاش ہے اور اردو سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک عمر بھر کی بے لوث خدمت یا یوں کہہ لیجئیے کہ عمر بھر کا معاشی خسارہ !
ویسے تو اردو اکیڈمیاں اسی مقصد کے لیے قائم کی گئی تھیں کہ اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی ہو، نئے لکھنے والوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے، پرانے ادیبوں کی خدمات کا اعتراف ہو اور ان کی تخلیقات کو کتابی شکل دے کر محفوظ کیا جائے۔ ان اداروں کی بنیاد اردو کے فروغ، ادیبوں کی بقا اور زبان کی ترقی کے بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ رکھی گئی تھی، مگر افسوس کہ بیشتر اکیڈمیوں، بالخصوص کرناٹک اردو اکیڈمی کی کارکردگی دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اس ادارے کی اپنی مالی حالت بھی اہلِ قلم جیسی ہوگئی ہے۔
اس کی ساری خوش حالی اور رونق اکثر مشاعروں کے اسٹیج پر دکھائی دیتی ہے۔ وہاں انتظامات بھی ہوتے ہیں، رونق بھی، مہمان نوازی بھی اور داد و تحسین کے خوب صورت مناظر بھی، لیکن جیسے ہی کسی ادیب کی کتاب کی اشاعت، کسی نئے قلمکار کی سرپرستی یا کسی مستحق مصنف کی حوصلہ افزائی کا سوال اٹھتا ہے، اکیڈمی کی مالی تنگ دستی اچانک سر اٹھانے لگتی ہے۔
عجیب اتفاق ہے کہ مشاعروں کے لیے وسائل نکل آتے ہیں، مگر کتابوں کے لیے وسائل تلاش کرنے پڑتے ہیں۔
خیر، اکیڈمی نے قلمکاروں کے پیٹ پالنے کا ٹھیکہ تو نہیں لیا، مگر کیا یہ بھی کسی پر احسان ہوگا کہ ان کی برسوں کی محنت کو کتابی صورت میں محفوظ کرنے میں مدد دی جائے ؟؟؟
کیا نئے اور پرانے قلمکاروں کی حوصلہ افزائی، ان کی تخلیقات کی اشاعت اور اردو ادب کے سرمایہ کو محفوظ کرنا اکیڈمی کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل نہیں ؟؟؟
سرکار کی جانب سے ہر سال اردو کے فروغ کے لیے بھاری فنڈ منظور کیے جاتے ہیں، مگر ایک عام قلمکار کے لیے یہ سوال آج بھی اپنی جگہ قائم ہے کہ آخر ان فنڈز کا کتنا حصہ حقیقی ادبی خدمت اور کتابوں کی اشاعت پر خرچ ہوتا ہے؟
ایک دو سال قبل بھی کرناٹک اردو اکیڈمی نے بعض قلمکاروں کی کتابوں کی اشاعت کی منظوری دی تھی، مگر منظوری سے اشاعت تک کا سفر اس قدر طویل ہوجاتا ہے کہ بعض قلمکار اپنی کتاب کو منظرِ عام پر دیکھنے کی آرزو لیے ہی دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں۔ ان کی زندگی میں کتاب شائع نہیں ہوپاتی، البتہ ان کے بعد ان کی تخلیقات، ان کے خواب اور ان کی ادھوری خواہشیں ضرور باقی رہ جاتی ہیں۔
کیا خوب نظام ہے! کتاب کی اشاعت کی منظوری زندہ قلمکار کو ملتی ہے اور کتاب کی اشاعت کا انتظار کبھی کبھی اس کے بعد آنے والی نسلوں کو کرنا پڑتا ہے۔
یہاں ایک بات کی وضاحت ضروری ہے کہ ایسا ہرگز نہیں کہ ہمارے پاس کتابیں شائع کروانے کی مالی استطاعت نہیں ہے۔
یہان بات صرف استطاعت کی نہیں، اصول اور ذمہ داری کی ہے۔ سوال یہ ہے کہ محنت بھی ہماری، وقت بھی ہمارا، قربانیاں بھی ہماری، راتوں کی نیندیں بھی ہماری اور خونِ جگر بھی ہمارا ہی جلے، پھر اپنی تخلیقات کو کتابی شکل دینے کے لیے رقم بھی ہم ہی اپنی جیب سے خرچ کریں، تو آخر اردو کے ادارے کس مرض کی دوا ہیں ؟؟؟
کیا یہ اردو اور اردو کے قلمکاروں کے ساتھ ایک بھدا مذاق نہیں ہے ؟؟؟
ایک طرف مشاعروں کے نام پر پیسہ پانی کی طرح بہایا جاتا ہے، مگر نہ جانے ان مشاعروں سے اردو ادب کو کتنا فائدہ پہنچ رہا ہے اور کتنے نئے قارئین پیدا ہورہے ہیں۔ ہر مشاعرے میں اکثر وہی اشعار، وہی کلام اور وہی رٹی رٹائی تخلیقات دہرائی جاتی ہیں جنہیں سامعین درجنوں مشاعروں میں پہلے بھی سن چکے ہوتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ پہلے سے سنے ہوئے اشعار کو ایک بار پھر سننے کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر اخراجات کا جواز کیا ہے ؟؟؟
اگر یہی وسائل نئے قلمکاروں کی حوصلہ افزائی، ان کی کتابوں کی اشاعت اور اردو کے علمی و ادبی سرمایہ کو محفوظ کرنے پر صرف کیے جائیں تو شاید اردو ادب کو زیادہ دیرپا فائدہ پہنچ سکے۔ آخر مشاعروں کی رونق چند گھنٹوں میں ختم ہوجاتی ہے، مگر ایک اچھی کتاب نسلوں تک زندہ رہتی ہے۔
بہرحال، یہ صورتِ حال صرف دوسروں کی نہیں، ہماری اپنی زندگی کا بھی ایک تلخ تجربہ ہے۔
ہم برسوں سے لکھ رہے ہیں۔ ملک کے مختلف اخبارات میں ہماری تحریریں شائع ہوتی رہی ہیں۔ ہر قلمکار کی طرح ہماری بھی برسوں پرانی خواہش تھی کہ ہماری تحریریں بھی کتابی صورت میں محفوظ ہوں، ہمارا بھی کوئی مجموعہ منظرِ عام پر آئے۔ یہ محض ایک خواہش نہیں تھی، اس کے پیچھے رات دن کی محنت، بے شمار جاگی ہوئی راتیں، قربان کیے ہوئے لمحات اور زندگی کا ایک بڑا حصہ شامل تھا۔
اردو کے نام پر ہم نے اپنا وقت بھی دیا، اپنی نیند بھی قربان کی اور اپنا سکون بھی۔ مگر اتنی طویل محنت کے باوجود اب تک بمشکل ایک کتاب منظرِ عام پر لاسکے، حالانکہ ہمارے پاس مواد اتنا ہے کہ ایک ساتھ درجنوں کتابیں تیار کی جاسکتی ہیں۔
یہاں مسئلہ کتاب چھپوانے کی استطاعت کا نہیں، بلکہ اس رویے کا ہے جہاں ایک قلمکار سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اردو کے نام کردے، اپنی تخلیقات خود تیار کرے، ان کی اشاعت کے اخراجات بھی خود برداشت کرے، مگر اس کی محنت کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کی ذمہ داری کسی پر عائد نہ ہو۔
یہ مسئلہ صرف ہمارا نہیں۔ ہمارے اردگرد ایسے بے شمار قلمکار موجود ہیں جن کی صلاحیتیں، قابلیتیں اور تخلیقی جوہر محض معاشی تنگ دستی اور سرپرستی کے فقدان کی نذر ہورہے ہیں۔ ان میں بعض ایسے ہیں کہ اگر انہیں یکسوئی اور سہولت میسر آجائے تو ایک ہی نشست میں پوری کتاب لکھ ڈالیں، مگر ان کی بدقسمتی دیکھیے کہ وہ اپنی تخلیق کو اپنے نام سے کتابی شکل دینے کی استطاعت تک نہیں رکھتے۔
جب ان کی تحریروں سے کوئی مستقل آمدنی نہیں، وہ اپنی تخلیقات کی اشاعت کے اخراجات آخر کہاں سے پورے کرے گا ؟
اگر گھر والوں کے سامنے کتاب کی اشاعت کی خواہش ظاہر کریں تو اکثر حوصلہ افزائی کے بجائے سوالات اور طنزیہ جملے استقبال کرتے ہیں۔
اتنی محنت کرکے کیا مل رہا ہے ؟
کتاب شائع بھی ہوگئی تو کون خریدے گا ؟
اور اگر مفت میں بھی بانٹ دو تو کون پڑھے گا ؟
یہ سوالات سننے میں معمولی ضرور ہیں، مگر ایک لکھنے والے کے لیے ان سے زیادہ تکلیف دہ شاید ہی کچھ ہو۔ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ وہ محض چند صفحات نہیں لکھ رہا، اپنی زندگی کے تجربات، مشاہدات، احساسات اور اپنے عہد کی تاریخ محفوظ کررہا ہے۔
اور پھر اس تمام محنت کے باوجود نہ کوئی مالی فائدہ، نہ کوئی مناسب پذیرائی، نہ حوصلہ افزائی۔ الٹا اپنی جیب سے پیسہ خرچ کرکے اپنی تخلیقات کو زندہ رکھنے کی کوشش۔
راتوں کو جاگنے کے لیے اضافی بجلی کا خرچ، موبائل ریچارج، انٹرنیٹ، کہیں آنے جانے کا کرایہ، رپورٹنگ کے اخراجات، ایڈیٹنگ کا خرچ، کسی پروگرام میں شرکت کرنی ہو تو آنے جانے کا الگ خرچ، ساتھ کسی کو لے جانا پڑ جائے تو اس کا خرچ بھی اپنی جیب سے۔
مختصر یہ کہ قلمکار کی زندگی میں اخراجات کی آمد تو مسلسل جاری رہتی ہے، مگر اس کی محنت کے عوض آمدنی کا خانہ عمر بھر خالی ہی رہتا ہے۔
کبھی کبھی گھر والے بھی طنزیہ کہہ دیتے ہیں کہ رات دن اتنی محنت کرتے ہو، راتیں جاگ جاگ کر آنکھوں کے نیچے بڑے بڑے حلقے پڑ گئے، چشمہ لگ گیا، صحت الگ متاثر ہورہی ہے، مگر اتنی محنت کے بعد کم از کم اتنی آمدنی تو ہونی چاہیے کہ موبائل کا ریچارج ہی ہوجائے۔
اب اس پر کیا جواب دیا جائے ؟؟؟
دل تو چاہتا ہے کہ کھڑے کھڑے بہت کچھ سنا دیا جائے، مگر جب سامنے والے کی بات میں حقیقت بھی شامل ہو تو جواب دینے کے لیے الفاظ کہاں سے لائیں ؟
بس جھوٹا مسکرا کر خاموش ہوجاتے ہیں، کیونکہ انہیں کیا بتائیں کہ بعض لوگ پیسہ کمانے کے لیے محنت کرتے ہیں اور بعض لوگ ایک زبان کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی جیب سے پیسہ خرچ کرتے ہیں۔
اور اس المیے کا ایک اور رخ اردو کے اسٹیج پر بھی نظر آتا ہے۔
اردو کے پروگرام ہوں، ادبی تقریبات ہوں یا مشاعرے، وہاں بھی اکثر اردو والوں کی اپنی اہمیت نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتی ہے۔ اپنے ہی اسٹیج پر اپنے ہی اہلِ زبان کو وہ مقام نہیں ملتا جس کے وہ مستحق ہیں۔ ایک طرف غیر اردو داں مالدار شخصیات اور سیاستدانوں پر محبت و عقیدت کے پھول نچھاور کیے جاتے ہیں، ان کے لیے تعریفی کلمات، القابات اور پذیرائی کے تمام دروازے کھول دیے جاتے ہیں، اور دوسری طرف دور رکھی ہوئی کرسیوں پر بیٹھے حقیقی اہلِ ادب، بزرگ ادیب اور اردو کے لیے عمر بھر محنت کرنے والے اردو زبان و ادب کے حقیقی خدمت گار یہ تماشا دیکھتے رہ جاتے ہیں۔
آخر یہ محبت ہے یا منافقت جس میں اپنی زبان کے لوگوں کو ہی نظرانداز کردیا جاتا ہے ؟؟؟
دنیا کی ہر برادری اپنے اہلِ علم، اپنے فنکاروں اور اپنی زبان کے خدمت گاروں کو اہمیت دیتی ہے، ان کی عزت و توقیر کو اپنی اجتماعی شناخت کا حصہ سمجھتی ہے، مگر ہمارے یہاں شاید اصول ہی الٹے ہیں۔ یہاں اردو کا نام لینے والے تو بہت ہیں، مگر اردو والوں کو عزت دینے کے وقت ہاتھ تنگ ہوجاتے ہیں۔
ان تمام حالات کو دیکھ کر کبھی کبھی تو بچوں کو اردو میڈیم اسکول میں داخل کروانے کا مشورہ دیتے ہوئے بھی دل ڈرتا ہے۔
ہم بچوں کو اردو پڑھنے، اپنی زبان سے محبت کرنے اور اس سے جڑے رہنے کی ترغیب تو دے دیں گے، مگر جب زندگی کے عملی میدان میں ہر طرف پیسے، عہدے، اثر و رسوخ اور معاشی حیثیت کو اہمیت دی جارہی ہو تو پھر زبان کی افادیت اور اس کے مستقبل کا دفاع کس بنیاد پر کریں ؟
ہمارے سامنے ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جہاں اردو کی ایک کتاب کی رسمِ اجرا کسی ایسے شخص کے ہاتھوں کروانا باعثِ افتخار سمجھا جاتا ہے جس کا اردو کے الف سے بھی کوئی تعلق نہیں۔ محض دولت، سیاسی اثر و رسوخ یا سماجی حیثیت کی بنیاد پر اسے اردو کا پاسبان اور محافظ قرار دے دیا جاتا ہے، جبکہ حقیقی اہلِ قلم اور اہلِ ادب کو وہ مقام نہیں دیا جاتا جس کے وہ مستحق ہیں۔
یہاں تک کہ بعض اوقات پیسے کے بل پر دوسروں سے کتابیں لکھوا کر اپنے نام سے شائع کروانے والے بھی سینکڑوں کتابوں کے صاحبِ کتاب بن جاتے ہیں، سیاستدانوں کے ہاتھوں ان کی شاندار رسمِ اجرا ہوتی ہے، تصویریں چھپتی ہیں، تعریفی مضامین لکھے جاتے ہیں اور ادبی خدمات کے قصیدے پڑھے جاتے ہیں۔
دوسری طرف وہ قلمکار جو اپنی تحریروں کے ایک ایک لفظ کے لیے راتیں جاگتے ہیں، خون جلاکر برسوں اپنے تجربات اور احساسات کو کاغذ پر اتارتے ہیں، وہ اپنی ایک کتاب کی اشاعت کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوتے ہیں۔
گویا اب صاحبِ کتاب ہونے کے لیے صاحبِ قلم ہونا ضروری نہیں، صاحبِ جیب ہونا کافی ہے۔
ایسے ماحول میں کبھی کبھی یہ خیال بھی آتا ہے کہ بچوں کو اردو پڑھانے کے بعد کہیں وہ کل کو کسی غیر اردو داں کے لیے لکھنے والے نہ بن جائیں، کہیں ان کی صلاحیتیں بھی کسی اور کے نام کی زینت نہ بن جائیں، کہیں وہ اپنی زبان کے لیے عمر بھر محنت کرنے کے باوجود بندھوا مزدور کی طرح دوسروں کے لیے لکھتے ہی نہ رہ جائیں۔
شاید یہی وجہ ہے کہ اردو کے بہت سے علمبردار اپنے بچوں کو انگریزی تعلیم دلوانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں، جبکہ عوامی جلسوں اور ادبی اسٹیجوں پر اردو کا پرچم بلند کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔
اردو کی محبت کے دعوے اپنی جگہ، مگر اپنے بچوں کے مستقبل کا معاملہ آئے تو ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ یہ تضاد بھی آخر کس سے چھپا ہوا ہے؟
اور پھر سوال یہ بھی ہے کہ جب اردو دان اپنے اپنے شہروں اور علاقوں میں ایک عدد معیاری اردو لائبریری قائم کرنے کی استطاعت یا اجتماعی جذبہ نہیں رکھتے تو صرف تقریروں، مشاعروں اور سالانہ تقریبات سے اردو کا مستقبل کیسے روشن ہوگا ؟؟؟
جب دنیا میں اسلام کے نام لیوا آئے اور اذان کی صدا بلند ہوئی تو اس صدا کی حرمت، عبادت اور بقا کے لیے مساجد تعمیر کی گئیں۔ مگر اردو کے نام لیوا برسوں سے اردو کی محبت کے قصیدے تو پڑھ رہے ہیں، اس کی عظمت کے گیت تو گا رہے ہیں، لیکن اسی زبان کی کتابوں، علم و ادب اور نئی نسل کے لیے ایک معیاری لائبریری قائم کرنے کی اجتماعی کوشش بھی اکثر دکھائی نہیں دیتی۔
یہ کیسی محبت ہے جس میں محبت کے دعوے تو آسمان تک پہنچتے ہیں، مگر عملی اقدامات زمین پر بھی نظر نہیں آتے ؟
یہ تو وہی بات ہوئی کہ میاں صاحب سجدوں کی بات بھی کرتے ہیں اور زمین بھی چھین لیتے ہیں!
خیر، ہم اہلِ ادب اور اہلِ اردو اردو کے ساتھ لاکھ جفائیں کریں، اس کے خدمت گاروں کو نظرانداز کریں، ان کی محنت کا اعتراف نہ کریں، ان کی تخلیقات کو الماریوں اور فائلوں میں دفن کردیں، مگر اردو اپنی خوشبو بکھیرتی رہے گی۔ زبانیں کسی ادارے، کسی عہدے یا کسی شخصیت کی محتاج نہیں ہوتیں، انہیں زندہ رکھنے والے وہ بے نام لوگ ہوتے ہیں جو اپنی محرومیوں کے باوجود ان کے چراغ جلائے رکھتے ہیں۔
اور شاید ہماری کہانی بھی انہی چراغوں میں سے ایک کی کہانی ہے۔
ہمارے پاس لکھنے کے لیے آج بھی بہت کچھ ہے۔ موضوعات کی کمی نہیں، خیالات کی قلت نہیں، احساسات کا قحط نہیں۔ ہمارے پاس اتنا مواد موجود ہے کہ مزید کم از کم چھ کتابیں مرتب کی جاسکتی ہیں۔ کئی ایسی تحریریں ہیں جو برسوں سے اشاعت کی منتظر ہیں، کئی موضوعات ہیں جن پر الگ الگ کتابیں لکھی جاسکتی ہیں۔ مگر مسلہ پھر وہی، لکھنے کی استطاعت ہے، مگر چھپوانے کی نہیں۔
مگر سوال یہ ہے کہ جب ایک قلمکار اپنی تمام تر صلاحیتیں اردو کے نام کردے تو کیا اس کی تخلیقات کی اشاعت اور حوصلہ افزائی بھی اسی کی ذاتی ذمہ داری رہ جائے گی ؟
ایک قلمکار کے لئے اس سے بڑا المیہ کیا ہوگا ؟
اس کے پاس سینکڑوں کتابیں لکھنے جتنا مواد ہو، وہ برسوں اپنی صلاحیتوں کو نکھارتا رہے، اپنے وقت اور خونِ جگر سے اردو ادب کا سرمایہ تیار کرے مگر اپنی ایک کتاب شائع کروانے کے لئے بھی اسے اپنی جیب، اپنے حالات اور اپنی مجبوریوں سے جنگ لڑنی پڑے ؟؟؟
اور اردو اداروں کی ترجیحات میں اس کی تخلیقات کے لیے مناسب جگہ تک نہ ہو۔
ایک قلمکار کو کسی سے مفت کی شہرت نہیں چاہیے، نہ ہی اسے کسی عہدے کی طلب ہے، نہ وہ کسی بڑے نام کے ہاتھوں رسمِ اجرا کی آرزو کرتا ہے۔ اُس کی بس اتنی سی خواہش ہوتی ہے کہ اسے اس کی محنت کا صلہ اس کے جیتے جی ملے، اس کے قلم کی محنت کو محنت سمجھا جائے، تخلیق کو اس کا حق دیا جائے اور اردو کی خدمت کرنے والوں کو کم از کم اتنی عزت ضرور ملے کہ انہیں اپنی ہی زبان کے نام پر شرمندہ نہ ہونا پڑے۔
یہاں پر ایک بار پھر ہم اپنی بات دہراتے ہیں کہ اردو کا سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ اس کے پڑھنے والے کم ہوگئے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ اس کے لیے لکھنے والے اپنی زندگی کی قیمت ادا کررہے ہیں اور اردو کے نام پر قائم ادارے، اسٹیج اور انجمنیں اکثر ان کی خاموش قربانیوں سے جان بوجھ کر بے خبر بنے ہیں۔
اردو زندہ ہے، ان شاءاللہ اردو ہمیشہ زندہ رہے گی، مگر سوال یہ ہے کہ اردو کے نام پر جینے والے قلمکار آخر کب تک اپنی محنت، صلاحیت اور خونِ جگر کی قیمت خود ہی ادا کرتے رہیں گے ؟؟؟
اور آخر کب تک وہ ناقدری، محرومی و بےاعتنائی کے سائے میں زندہ رہیں گے ؟؟؟
Comments are closed.