نعمتوں کی کثرت پر یہ تکبر اور گھمنڈ کیوں؟
از: محمد شاہد ناصری حنفی
ادارہ دعوۃ السنہ ویلفیئر ٹرسٹ، کاندیولی، ممبئی
انسان کبھی محرومی میں زیادہ اچھا ہوتا ہے، لیکن خوش حالی آتے ہی اپنا اصل مزاج کھو بیٹھتا ہے۔ تنگ دستی میں لہجے کی نرمی، محتاجی میں احسان شناسی اور دوسروں کے تعاون کا اعتراف کرنے والا شخص، جب چند کامیابیاں حاصل کرلیتا ہے تو بسا اوقات سب کچھ بھول جاتا ہے۔ کل تک جن کے سامنے دستِ سوال دراز کرتا تھا، آج انہی سے نظریں چرانے لگتا ہے؛ جن کی عنایتوں کا محتاج تھا، اب ان کی موجودگی اسے گراں گزرنے لگتی ہے۔ چند پیسے ہاتھ میں کیا آئے، گویا شخصیت ہی بدل گئی!
مطالعۂ حدیث کے دوران ایک روایت پر نگاہ ٹھہر گئی۔ اس کے چند الفاظ نے دل میں ایسا اضطراب پیدا کیا کہ اپنی زندگی کے اوراق یکے بعد دیگرے نگاہوں کے سامنے آنے لگے؛ والدین کی شفقت، تعلیم و تربیت، اللہ تعالیٰ کی عطائیں، عزت و قبولیت، احباب کی محبت، علمی و قلمی صلاحیت اور بعض میدانوں میں ہم عصروں کے مقابلے میں حاصل ہونے والی امتیازی حیثیت۔ دل نے سوال کیا: کہیں یہ سب ہمارے لیے استدراج تو نہیں؟ کہیں ہم اللہ تعالیٰ کی عطاؤں کو اپنی ذہانت، زبان و بیان اور ہنرمندی کا نتیجہ سمجھ کر اپنے محسنِ حقیقی کو فراموش تو نہیں کر بیٹھے؟
حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
«إِذَا رَأَيْتَ اللَّهَ يُعْطِي الْعَبْدَ مِنَ الدُّنْيَا عَلَى مَعَاصِيهِ مَا يُحِبُّ، فَإِنَّمَا هُوَ اسْتِدْرَاجٌ»۔
پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت فرمائی:
﴿فَلَمَّا نَسُوا مَا ذُكِّرُوا بِهِ فَتَحْنَا عَلَيْهِمْ أَبْوَابَ كُلِّ شَيْءٍ حَتَّى إِذَا فَرِحُوا بِمَا أُوتُوا أَخَذْنَاهُمْ بَغْتَةً فَإِذَا هُمْ مُبْلِسُونَ﴾ (الأنعام: 44)
ترجمہ: جب تم دیکھو کہ اللہ تعالیٰ کسی بندے کو اس کی نافرمانیوں کے باوجود دنیا کی وہ چیزیں عطا فرما رہا ہے جو اسے پسند ہیں تو یہ درحقیقت استدراج ہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت فرمائی کہ جب انہوں نے ان نصیحتوں کو بھلا دیا جو انہیں کی گئی تھیں تو ہم نے ان پر ہر چیز کے دروازے کھول دیے، یہاں تک کہ جب وہ ان عطاؤں پر خوش ہوگئے تو ہم نے اچانک انہیں پکڑ لیا، پھر وہ مایوس ہوکر رہ گئے۔
(مسند احمد: 17311)
کتنی خطرناک کیفیت ہے کہ نعمتیں بڑھتی رہیں اور انسان اپنی غفلت سے بے خبر رہے؛ دنیا آباد ہوتی رہے، مگر دل اللہ تعالیٰ کے حقوق سے خالی ہوتا جائے؛ کامیابی قدم چومتی رہے، مگر شکر و انکسار رخصت ہوتے جائیں۔ آدمی یہ سمجھتا رہے کہ ترقی اس کی اپنی قابلیت کا پھل ہے، حالاں کہ وہ نہیں جانتا کہ یہ عطائیں اس کے لیے انعام ہیں یا آزمائش۔
ہم نے ایسے لوگوں کو بھی دیکھا ہے جن کے پاس کبھی اپنا سرمایہ نہیں تھا۔ انہوں نے قرض لے کر کاروبار شروع کیا اور دوسروں کے تعاون سے اپنے قدم جمائے۔ جب تک کاروبار میں ترقی نہیں ہوئی، ان کے لہجے میں مٹھاس، گفتگو میں نرمی اور چہرے پر مسکراہٹ رہی؛ لیکن کاروبار چل نکلا اور پیسہ ہاتھ آیا تو مزاج بدل گیا۔ جن سے قرض لیا تھا، جنہوں نے مشکل وقت میں اعتبار کرکے سہارا دیا تھا، انہی سے نظریں چرانے لگے؛ کہیں ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں تو کہیں ان کے احسانات کا اعتراف بھی گراں گزرنے لگا۔ کل کی محتاجی آج کی دولت کے سامنے بے معنی ہوگئی! سچ کہا ہے کسی نے کہ بکری گھاس پھوس کھا کر بھی دودھ دیتی ہے اور سانپ دودھ پی کر بھی ڈس لیتا ہے۔
چند سکوں نے انسان کو اپنے محسنوں سے بیگانہ کردیا! جس دولت کے حصول میں دوسروں کا تعاون، دعائیں اور اعتماد شامل تھے، اسی کو اپنی ذہانت اور محنت کا کارنامہ سمجھ بیٹھا۔ حالاں کہ مال کی اصل آزمائش اسے حاصل کرنے میں نہیں، بلکہ اسے حاصل کرنے کے بعد اپنے اندر کی انسانیت کو سلامت رکھنے میں ہے۔
اسی موقع پر شبینہ ادیب کانپوری کا یہ شعر یاد آتا ہے:
جو خاندانی رئیس ہیں وہ مزاج رکھتے ہیں نرم اپنا تمہارا لہجہ بتا رہا ہے تمہاری دولت نئی نئی ہے
یہی صورت علمی دنیا میں بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ بعض نئے فارغینِ مدارس ابھی علمی پختگی، وسیع مطالعے اور اساتذہ کی صحبت سے فیض یابی کے ابتدائی مرحلے ہی میں ہوتے ہیں کہ دو چار کتابیں پڑھنے، چند مضامین لکھنے یا تقریریں کرنے کے بعد اپنے آپ کو عالم و فاضل اور مفتی منوانے کی جلدی میں پڑ جاتے ہیں۔ علم کی منزلیں طے کرنے سے زیادہ انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے کی فکر ہوتی ہے؛ وہ چاہتے ہیں کہ راتوں رات ان کا نام ہو اور علمی دنیا میں دھوم مچ جائے۔ پذیرائی ملتے ہی ان کے مزاج بدلنے لگتے ہیں؛ اساتذہ کی عظمت، محسنین کا احسان اور معاصرین کا علمی مقام نظروں سے اوجھل ہوجاتا ہے۔ جن بزرگوں کی انگلی پکڑ کر چلنا سیکھا تھا، انہی کے سامنے برتری جتانے لگتے ہیں؛ جن سے ابھی بہت کچھ سیکھنا باقی ہے، انہی کے ساتھ کج ادائی کا رویہ اختیار کرتے ہیں۔ علم کی چند منزلیں طے کرتے ہی انہیں یہ گمان ہونے لگتا ہے کہ اب کسی سے استفادے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
یہ ابتدائی کامیابی کو آخری کمال سمجھ لینے کی ذہنیت ہے۔ علم انسان کو جتنا بلند کرے، اسے اتنا ہی متواضع ہونا چاہیے؛ لیکن چند علمی شعاعیں ملتے ہی اگر آدمی اپنی ذات کے گرد طواف کرنے لگے تو یہ علمی ترقی نہیں، اخلاقی زوال ہے۔ علم کی برکت یہ ہے کہ انسان اپنے عیوب پہچانے، نہ یہ کہ دوسروں کے عیوب گنوانے لگے۔
اسی کیفیت کو کسی شاعر نے بڑے اچھے انداز سے اس طرح بیان کیا ہے:
ذرا سا قدرت نے کیا نوازا کہ آ کے بیٹھے ہو پہلی صف میں ابھی سے اڑنے لگے ہوا میں، ابھی تو شہرت نئی نئی ہے
بات صرف مال و دولت یا علمی شہرت کی نہیں؛ علم و ہنر، جمال و کمال، عزت و شہرت اور منصب و اقتدار، یہ سب اللہ تعالیٰ کی عطائیں ہیں۔ ان کی قدر کرنا، ان کا شکر ادا کرنا اور ان سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے؛ لیکن ساتھ ہی اپنے نفس سے ڈرتے رہنا بھی لازم ہے کہ کہیں یہ نعمتیں ہمارے اندر تکبر پیدا نہ کردیں اور ہم انہی پر اترانے اور دوسروں کو حقیر سمجھنے نہ لگیں۔ یہ عطائیں کسی کے پاس ہمیشہ نہیں رہتیں؛ کل ہمارے پاس نہیں تھیں، آج ہیں۔ ہمارے والدین اور دادا کے پاس بھی شاید وہ مال و دولت اور آسائشیں نہ تھیں جو آج ہمیں میسر ہیں۔
اگر ہم شکر گزار رہیں، اپنے مزاج سے غرور دور رکھیں، عاجزی و تواضع اختیار کریں اور اپنی انکساری کو بھی نمائش نہ بنائیں تو ممکن ہے کہ یہ نعمتیں ہمارے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنیں؛ لیکن اگر ہم ان نعمتوں کے نشے میں محسنوں کو بھول جائیں، دوسروں کو نیچا دکھانے لگیں اور احسان فراموشی کو اپنا مزاج بنا لیں تو یہی نعمتیں ہمارے لیے وبال بن سکتی ہیں۔
اصل سوال یہ نہیں کہ ہمارے پاس کتنا مال ہے، کتنی شہرت ہے یا کتنے لوگ ہماری بات مانتے ہیں؛ اصل سوال یہ ہے کہ ان سب کے باوجود ہم کتنے بدل گئے ہیں۔ کیا ہم پہلے سے زیادہ شکر گزار اور متواضع ہوئے ہیں؟ کیا ہمارے محسن آج بھی ہمارے لیے محترم ہیں؟ کیا ہم اپنے سے کم حیثیت رکھنے والوں کے ساتھ وہی نرمی برتتے ہیں جو کبھی ہم اپنے لیے دوسروں سے چاہتے تھے؟
حضرت سلیمان علیہ السلام نے عظیم سلطنت اور بے مثال نعمتوں کے باوجود اپنی کامیابی کو اپنی قوت کا نتیجہ نہیں سمجھا، بلکہ فرمایا:
﴿هَٰذَا مِنْ فَضْلِ رَبِّي لِيَبْلُوَنِي أَأَشْكُرُ أَمْ أَكْفُرُ﴾ (النمل: 40)
یہ میرے رب کا فضل ہے تاکہ وہ مجھے آزمائے کہ میں شکر کرتا ہوں یا ناشکری۔
یہی سوچ نعمت کو غرور نہیں بننے دیتی۔ لیکن یہاں ایک بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ کسی شخص کو خوش حالی کے ساتھ معصیت یا کبر و غرور میں مبتلا دیکھ کر اس کے بارے میں استدراج کا فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں۔ ہمیں تو اپنی خوش حالی میں معصیت سے بچنا چاہیے اور اپنے نفس کی سرکشی پر قابو رکھنا چاہیے۔
ہمیں اپنے ماضی کو یاد رکھنا چاہیے، ان لوگوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے مشکل دنوں میں ہمارا ہاتھ تھاما، ان اساتذہ کو جنہوں نے ہمیں علم دیا، ان محسنوں کو جنہوں نے ہم پر اعتبار کیا اور ان رشتے داروں کو جنہوں نے بے سروسامانی کے عالم میں ہمارا ساتھ دیا۔ اگر آج کی آسودگی نے ان سب کی یاد دھندلا دی ہے تو مسئلہ صرف دولت کا نہیں، دل کی کیفیت کا بھی ہے۔
کہیں ایسا نہ ہو کہ دنیا میں ہمارے قدم آگے بڑھتے رہیں اور اللہ کے حضور ہماری پیش قدمی رک جائے؛ ہمارے نام کی شہرت بڑھتی رہے اور اعمال کا وزن گھٹتا جائے۔ نعمتوں کا بڑھنا خوشی کی بات ہے، مگر ان کے ساتھ شکر، انکسار اور خوفِ خدا کا بڑھنا اس سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔ انسان کی اصل بڑائی اس میں نہیں کہ وہ دوسروں سے کتنا آگے نکل گیا، بلکہ اس میں ہے کہ بلندیوں تک پہنچ کر بھی اپنے قدموں کی خاک، اپنے ماضی کی محرومیوں اور ان ہاتھوں کو نہ بھولے جنہوں نے کبھی اسے سہارا دیا تھا۔ جس دل میں نعمتوں کے باوجود اپنے رب کے سامنے جھکنے اور اپنے محسنوں کے سامنے قدر شناسی کا جذبہ باقی ہے، وہی دل حقیقی خوش حالی سے آشنا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی عطاؤں پر اترانے کے بجائے ان کے سامنے جھکنے، اپنے محسنین کو یاد رکھنے اور ہر نعمت کو اپنی آزمائش سمجھ کر اس کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
────────
خیر کی بات دوسروں تک پہنچائیں، اجرِ آخرت کمائیں۔
Comments are closed.