صبح کی بات فہیم اختر ندوی کے ساتھ

صبح کی بات
فہیم اختر ندوی
السلام علیکم
موضوعات تو بہت ہیں، اور موضوعات کی اہمیت بھی ہے، اور موضوعات ختم بھی نہیں ہوں گے۔۔۔ یہ سب ہوتا رہا ہے، اور ہوتا رہے گا۔۔۔ لیکن کرنے کے کام اپنے منصوبے سے ہوتے ہیں، اور اپنی ترجیحات سے کئے جاتے ہیں۔۔ جب ہی وہ قدم بہ قدم آگے بڑھتے ہیں، اور بڑے نتائج لاتے ہیں۔۔۔
موضوعات ابھارے اور لائے بھی جاتے ہیں، بنائے اور بگاڑے بھی جاتے ہیں۔۔ تب بھی وہ اہم ہوتے ہیں۔۔ لیکن وہی راہ سے ہٹاتے اور کارکردگی کو الجھاتے ہیں، پھر اپنوں کو لڑاتے اور غیروں کو ہنساتے ہیں۔۔۔ پھر منصوبے چھوٹ اور ٹوٹ جاتے ہیں، اور قدم تھم اور نتیجے گم ہوجاتے ہیں۔۔۔
تو زندگی میں یہ رنگ بار بار ابھرتا رہے گا، اور اس موقع پر ہی حکمت اور فراست کا کردار ظاہر ہوگا۔۔۔ جی ہاں۔۔۔ نہ موضوعات ابھرنے بند ہوں گے، اور نہ سب کے جواب امن وسکون لائیں گے۔۔ اور یوں ملت زار ونزار رہے گی، کاموں اور منصوبوں سے دور بنے گی، اور مقابلہ کی دنیا میں لاچاری و مجبور طے پائے گی۔۔۔ ہاں۔۔۔ کام کے افراد تو محدود ہی ہوتے ہیں، اور مدت کار بھی محدود ہی ہوتی ہے۔۔ اسی میں ٹھوس کام اگلی نسل کی راہ ہموار، اور مستقبل شاندار بناتا ہے۔۔ یا ٹپکتے موضوعات میں الجھاؤ حال کو منتشر اور مستقبل کو پرخطر کرجاتا ہے۔۔۔
دانائی اپنے ایجنڈے بناتی ہے، اپنے موضوع ابھارتی ہے، اپنے میدان سجاتی ہے، اور کبھی خاموش اور کبھی پرجوش اپنے دائرہ میں لے آتی ہے، پھر اپنے کام دکھاتی اور اپنے نتیجے پاتی ہے۔۔۔
قرآن نے سوالات کے ٹھوس جواب دئے، اور مضبوط دلیلوں سے بودے استدلال بکھیردئے۔۔ نبی کریم ﷺ نے پر سوز اور پر زور جوابات دئے۔۔۔ لیکن دونوں میں منصوبے اپنے جاری اور کام اپنے باقی رہے، اور زبان کا اعلی معیار اپنی قدروں کا وقار دکھاتا رہا۔۔۔ تو قدم بہ قدم وہ بڑھتے رہے، کام اور اخلاق کامیابی لاتے رہے، اور بد نیت وبدعمل ٹوٹتے گئے۔۔۔ یہی تو جوش ہوش کے لباس میں تھا، حکمت ودانائی اقدام کے انداز میں تھی، اور موقع کی پہچان فراست کی شان بنی تھی۔۔۔
ملت کے بہتیرے مسائل فیصلہ کن مرحلہ میں ہیں، تاریخ لمحہ لمحہ کو صدیوں کی شکل دے رہی ہے، ماضی کا سرمایہ ملک کی نسل نو کا شعور بننے کےلئے بے تاب ہے۔۔۔ اور۔۔۔ موضوعات ابھر رہے ہیں، ابھرتے جائیں گے۔۔۔ رب کریم کی رحمتیں اور عنایتیں بھی ظاہر ہورہی ہیں۔۔۔ حکمت اور دانشمندی بڑے کام بنائے گی، بیداری اور ہوشمندی بڑے نتائج لائے گی۔۔
اللہ ہماری مدد فرمائے اور راہ دکھائے۔
خدا حافظ
25 اگست 2020
5 محرم 1442
Comments are closed.