کانگریس صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ختم، نتائج بدھ کو آئیں گے

نئی دہلی(ایجنسی) کانگریس صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ختم ہوگئی۔ اب ووٹوں کی گنتی 19 تاریخ یعنی بدھ کو ہوگی۔ کانگریس صدر کے عہدے کے لیے آج دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر اور ملک بھر کے 65 سے زیادہ پولنگ مراکز پر ووٹنگ ہوئی۔ کانگریس کی 137 سالہ تاریخ میں چھٹی بار صدر کے عہدے کے لیے انتخابات ہو رہے ہیں۔ آج دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر اور ملک بھر میں 65 سے زیادہ مراکز پر ووٹنگ ہوئی۔
ووٹنگ کے دوران سونیا گاندھی نے نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا،’ میں اس دن کا کافی عرصے سے انتظار کر رہی تھی‘۔ ووٹنگ پیر کی صبح 10 بجے شروع ہوئی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر پی چدمبرم اور جے رام رمیش سمیت کئی لیڈروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔ چدمبرم سب سے پہلے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ووٹ ڈالنے والے تھے۔ ان کے بعد پارٹی جنرل سکریٹری رمیش، اجے ماکن اور کئی دوسرے لوگوں نے اپنا ووٹ ڈالا۔
راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے جے پور میں کانگریس کے ریاستی دفتر میں کانگریس صدر کے عہدے کے انتخاب میں اپنا ووٹ ڈالا۔ گاندھی خاندان سے قربت اور کئی سینئر لیڈروں کی حمایت کی وجہ سے کھرگے کو پارٹی صدر کے عہدہ کا مضبوط دعویدار سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم تھرور خود کو پارٹی میں تبدیلی کے لیے ایک مضبوط امیدوار کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
کانگریس صدر کے عہدے کے لیے آخری انتخاب 2000 میں ہوا تھا، جب جتیندر پرساد کو سونیا گاندھی کے ہاتھوں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سونیا، راہول اور پرینکا گاندھی واڈرا نے اس بار صدر کے عہدے کی دوڑ سے باہر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ 24 سال کے وقفے کے بعد گاندھی خاندان سے باہر کا کوئی فرد یہ ذمہ داری سنبھالے۔
Comments are closed.