مسلمانوں کے لئے نمونہ اور آئیڈیل صرف پیغمبر انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارک ہے : مفتی ہارون ندوی

جلگاؤں میں جمعیۃ کےجلسہ سیرت النبی ﷺ و نشہ مخالف مہم میں علماء کرام کا خطاب
جلگاؤں (سعیدپٹیل) آج ضرورت ہےکہ ہم نبی ﷺ کی سنتوں ،عادتوں اور طریقوں کو اپنی زندگی میں ایسے لائیں کہ دیکھنےوالے یہ کہنے پر مجبور ہوجاۓ کہ نبی ﷺ کا سچا عاشق جارہاہے۔کسی فلمی اداکار کا فین نہیں یہ اس کے پیغمبر کا فین ہے۔یہ عاشق رسول ہے۔ہمارا لباس ،ہمارا وضع قطع، ہمارا رہن سہن،نبی پاکﷺ کی بتائی ہوئی تعلیمات کے مطابق ہو ، اپنی جوانی کی حفاظت کریں اور ہر قسم کے نشہ سےدور رہیں.
زندگی اللّٰہ کی دی ہوئی بڑی قیمتی نعمت ،ہے۔نشہ سے اس کو تباہ و برباد مت کریں ، ان خیالات کا اظہار صدر جلسہ مفتی محمد ہارون ندوی نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔
اس موقع پر مفتی ہارون ندوی نے نبی پاک ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں نشے کےنقصانات بتاتے ہوۓ اصلاح پر زور دیا۔معاشرہ میں پھیل رہی برائیوں کو روکنے اور ان کے سدباب کرنے کےلیئے موصوف نے تیار رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سماج کو برائیوں سے پاک و صاف رکھیں۔برائیوں سے سماج کو دور رکھنے کی کوشش کریں۔برائی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا کسی خاص طبقہ یا کسی خاص شخص کا کام نہیں بلکہ یہ ہم سب کی اولین ذمہ داری اور دینی فریضہ ہے۔دودھ والا ، رکشا والا ، دکاندار غرض کہ ہر شخص کی ذمہ داری ہےکہ سماج کو اپنی مٹھی بھر طاقت سے گندگی اور ہر قسم کے نشہ سے دور رکھنے کی محنت کریں.
شہرقاضی عتیق الرحمٰن نے اپنی رہنمایانہ مختصر بات پیش کرتے ہوۓ ایک برائی کی اشاروں میں نشاندہی کرتے ہوۓتوجہ مبذول کرائی کے آج ہماری بیٹیاں ہمارے جوانوں سے محفوظ نہیں ہیں۔مولانا مفتی سلیق سلمان نے جھنجھوڑتے ہوۓ نوجوانوں سے اپیل کی کہ اپنے محبوب نبی ﷺ کے چہرہ انور سے پیار کرو ،سنت حبیب یعنی داڑھی سے اپنے چہروں کو سجاؤ ، ہمارے نبی ﷺ سے حسین چہرہ کسی کا نہیں۔ڈاکٹر عبدالکریم سالار نے جمعیۃ علماء کی بالخصوص جمعیۃ کے ضلع صدر مفتی محمد ہارون ندوی کی جانب سے چلائی جارہی نشہ مکتی،نشہ مخالفِ مہم کی تعریف کرتے ہوۓ کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سگریٹ ،گٹکا،پوڑیا وغیرہ کی لت سے دور رہے۔موصوف نے اس سے ہونے والے نقصان سے خبردار کیا۔
واضح رہے کہ شہر کے مضافاتی علاقہ مہرون کے اقصیٰ نگر کے قلب میں ہوۓ اس عظیم الشان جلسہ سیرت النبی ﷺ کا آغاز قاری وسیم کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔نعت پاک کا نذرانہ حافظ شفیق رحمانی نےپیش کیا۔اس روحانی و پر نور جلسہ میں کارپوریٹر نمائندہ حاجی یوسف شیخ ، ضیاء باغبان ، کارپوریٹر نمائندہ اکرم دیشمکھ ، سلیم انعامدار ، حسین ملتانی ، امین جناب ، شاکر ملتانی وغیرہ موجود تھے۔سید عرفان ، سید مجاھد ، سید جنید ، سمیرشیخ ، شعیب شیخ ،اظہر خان ، ریحان سید و نوجوانان علاقہ مہرون نے کڑی محنت کرکے جلسہ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔صابر مصطفٰی آبادی کی عمدہ نظامت رہی۔رقت آمیز دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
Comments are closed.