ٹیپوایکسپریس ٹرین کودوبارہ بحال کرنے،اور اوڈیار ایکسپریس کے نام سے نئی ٹرین شروع کرنے کامطالبہ

کے پی سی سی مینارٹی ڈپارٹمنٹ کے نائب چیرمین عبدالمنان سیٹھ کا صدرجمہوریہ کو مکتو ب
بیدر:22؍اکتوبر(محمدامین نواز؍بی این ایس)
صدرجمہوریہ ہند عزت مآب شریمتی دروپدی مرمو کے نام کے پی سی سی مینارٹی ڈپارٹمنٹ کے نائب چیرمین عبدالمنان سیٹھ نے ایک مکتوب لکھ کر مطالبہ کیاہے کہ میسور اور بنگلور کے درمیان حضرت ٹیپوسلطان شہیدؒ کے نام سے چلائی جارہی’’ ٹیپوایکسپریس‘‘ ٹرین کانام بدل کر’’ اوڈیارایکسپریس ‘‘کردیاگیاہے، اس کو اسی نام سے بحال کرنے اورایک اور ٹرین اوڈیار ایکسپریس کے نام سے شروع کرنے کی گذارش کی ہے۔جناب عبدالمنان سیٹھ نے اپنے مکتوب میں لکھاہے کہ ٹیپوایکسپریس کو اوڈیار ایکسپریس نام دے کر بی جے پی نے غیرضروری طورپر اوڈیار حکومت اور ٹیپوسلطان ؒکے درمیان تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ دونوں ہی اتحاد اور ملک کی ترقی پر یقین کرنے والے بادشاہ تھے۔ ٹیپوسلطان نے نہ صرف انگریزوں کے خلاف لڑائی کی بلکہ وہ آزادی ، مساوات ، فرد کی عزت ، اور آئین پر بھروسہ رکھتے تھے۔ وہ ہندوستانی تاریخ سے مٹائے نہیں جاسکتے۔ وہ ہندوستانی تاریخ کے آخری بادشاہ تھے جنہوں نے معاہدے میں اپنی بنیاد پرشرائط طئے کیں۔صدرجمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو سے موصوف نے التماس کیاہے کہ ہم اوڈیار حکومت کی عزت کرتے ہیں اور ان کی سوسائٹی کے لئے کئے گئے بے پناہ کام کوسراہتے ہیں۔ ہم مخالفت کرتے ہیں تاریخ کو استعمال کرنے کے ، اور فرقہ پرستوں کے اس کام کے مخالف ہیں جس میں وہ ایک کمیونٹی کو دوسری کمیونٹی کی مخالفت پرابھارتے ہیں۔ لہٰذا ہماری گزارش ہے کہ ٹیپوایکسپریس کانام دوبارہ بحال کیاجائے ۔ اور اوڈیا رایکسپریس ٹرین کے نام سے کوئی دوسری ٹرین میسور اور بنگلور کے درمیان چلائی جائے۔

Comments are closed.