’’ہندوستانی کرنسی پرلکشمی اورگنیش جی کی تصویرچھاپی جائے‘‘دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال نے مرکزاوروزیراعظم سے کی اپیل

نئی دہلی(ایجنسی) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کرکے مرکزی حکومت سے اہم اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بنے اور ہندوستان ایک امیر ملک بن جائے، ہم سب چاہتے ہیں کہ ہر ہندوستانی، ہندوستان کا ہر خاندان ایک امیر خاندان بن جائے۔ اس کے لیے بہت سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ جو لوگ کاروبار کرتے ہیں وہ اپنے یہاں لکشمی اور گنیش جی کی مورتی رکھتے ہیں، ایسے میں میں مرکزی حکومت سے اپیل کرتا ہوں، وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ ہماری کرنسی پر گاندھی جی کی تصویر وہیں رہے لیکن اس کے ساتھ۔ کرنسی کے دوسری جانب لکشمی اور گنیش جی کی بھی تصویر لگائی جائے۔
حکومت اور مرکز سے اپیل کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگر ایک طرف گاندھی جی کی تصویر اور دوسری طرف لکشمی اور گنیش جی کی تصویر ہوگی تو پورے ملک کو ان کا آشیرواد ملے گا۔ لکشمی جی کو خوشحالی کی دیوی مانا جاتا ہے اور گنیش جی تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہیں، اس لیے ان دونوں کی تصویر ان پر لگانی چاہیے۔ ہم تمام نوٹوں کو تبدیل کرنے کی بات نہیں کر رہے ہیں، لیکن یہ ان نئے نوٹوں پر شروع کیا جا سکتا ہے جو پرنٹ ہو نے والے ہیں۔ آہستہ آہستہ نئے نوٹ گردش میں آئیں گے۔ انڈونیشیا ایک مسلم ملک ہے جہاں 85% سے زیادہ مسلمان اور 2% سے کم ہندو ہیں۔ لیکن انہوں نے اپنے نوٹ پر گنیش جی کی تصویر بھی چھاپی ہے، اس لیے میرے خیال میں یہ ایک بہت اہم قدم ہے جسے مرکزی حکومت کو اٹھانا چاہیے۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں بڑی تعداد میںا سکول کھولنے ہوں گے، ہسپتال بنانےہوں گے، سڑکیں اور انفراسٹرکچر بہت بڑے پیمانے پر تیار کرنےہوں گے، لیکن کوششیں اس وقت ثمر آور ہوتی ہیں جب دیوی دیوتاؤں کا آشیرواد ہو۔ ایک دن پہلے دیوالی تھی، دیوالی پر ہم سب نے شری گنیش اور شری لکشمی جی کی پوجا کی۔ ہم سب نے بھگوان سے امن اور خوشی کے لیے دعا کی اور اپنے خاندانوں کے لیےاور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ ہم سب دیکھ رہے ہیں کہ ہماری معیشت انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے میں دن بدن کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ اس سب کا خمیازہ عام آدمی کو اٹھانا پڑتا ہے۔ ایسا کیوں ہے کہ آزادی کو 75 سال گزر چکے ہیں لیکن ملک آج بھی ترقی پذیر ملک کی فہرست میں ہی شامل ہے اور غریب ملک سمجھا جاتا ہے۔
Comments are closed.